برمنگھم میں دھماکہ،5ہلاک

لندن//برطانیہ کے شہر برمنگھم میں دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے اور ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ دیگر قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔ ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ برمنگھم پولیس نے اتوار کو دیر گئے سوشل میڈیا پر کہا ‘‘ڈیول وچ روڈ، کنگ اسٹینڈنگ، برمنگھم میں ایک گھر میں ہونے والے دھماکے میں کئی ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے ۔ ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جبکہ کچھ دیگر مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس کے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ ‘‘فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر موجود ہے اور امدادی کام میں مصروف ہے ۔ فائر سروس کے عملے کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے ایک شخص کو بچا لیا گیا اور شدید زخمیوں کو ویسٹ مڈلینڈز کی ایمبولینس کے ذریعے کوئین الزبتھ ہسپتال لے جایا گیا۔ معمولی زخمی ہونے والے دیگر چار افراد کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔ہنگامی خدمات فراہم کرنے والوں کا خیال ہے کہ واقعے کی وجہ گیس کا دھماکہ تھا۔ ایک مکان مکمل طور پر تباہ ہوا ہے اور اس کے علاوہ تین مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ ویسٹ مڈلینڈز ایمبولینس سروس کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے سے گھروں کے باہر کھڑی کاروں کو بھی نقصان پہنچا۔ فائر انویسٹی گیشن ٹیمیں اور دیگر ادارے مسلسل دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔