برطانیہ میں پایا گیا پولیو وائرس ،22 ممالک میں موجود ہونے کا انکشاف

 

لندن //برطانیہ میں گزشتہ چار دہائیوں میں پہلی بار لندن میں سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کا پتا چلنے کے بعد شک کیا جا رہا ہے کہ شاید اس وائرس کے انگلینڈ پہنچنے کا ذریعہ پاکستان ہے۔ اسلام آباد میں صحت کے حکام کا دعویٰ ہے کہ برطانیہ میں پایا گیا ’ویکسین سے نکلنے والا وائرس‘ 22 ممالک میں موجود ہے جبکہ مقامی طور پر پائی جانے والی قسم وائلڈ پولیو وائرس (ڈبلیو پی وی) ہے۔برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے کہا کہ یہ وائرس ممکنہ طور پر کسی ملک سے درآمد ہوا ہے اور ایجنسی نے والدین سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو اس بیماری کے خلاف مکمل حفاظتی ٹیکے لگوائے جائیں۔

برطانوی دارالحکومت لندن میں لوگوں کے درمیان پولیو وائرس کے پھیلاکے شواہد دریافت ہونے پر قومی سطح پر ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔ نکاسی آب میں پولیو وائرس کا انکشاف ہونے کے بعد ویکسینیشن پر زوردیدیا گیا ہے۔ یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (یو کے ایس ایچ اے) نے بتایا کہ فروری میں نکاسی آب کی معمول کی نگرانی کے دوران مشرقی اور شمالی لندن میں ویکسین میں پائے جانے والے کمزور مگر زندہ پولیو وائرس کو دریافت کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے جمع کیے جانے والے نمونوں میں یہ وائرس موجود پایا گیا ہے۔