برطانیہ سے آزادی کا ریفرنڈم،اسکاٹ لینڈنے شیڈول جاری کردیا

 

ایڈنبرا //اسکاٹ لینڈ نے برطانیہ سے آزادی کے ریفرنڈم کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔سکاٹش وزیر اعظم نکولا اسٹرجن برطانیہ سے علیحدگی کے حوالے سے پارلیمان میں ایک نئے ریفرنڈم کے لیے اپنا روڈ میپ پیش کرنے جا رہی ہیں۔سکاٹش نیشنل پارٹی (ایس این پی) کی سربراہ 2023 میں ایک ریفرنڈم کروانا چاہتی ہیں جس میں ملک کے تقریباً 5.5 ملین باشندے برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے یا برطانیہ کے ساتھ رہنے کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔ اسٹرجن بریگزٹ کے بعد سکاٹ لینڈ کو ایک آزاد ملک کے طور پر یورپی یونین میں واپس لانا چاہتی ہیں۔ادھربرطانیہ نے بدھ کو جاپان کے فوکوشیما علاقے میں 2011 کے جوہری حادثے کے بعد خطے سے درآمدات پر عائد پابندی ہٹانے کا اعلان کیا۔برطانیہ اور جاپان کے وزرائے اعظم نے جی-7 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کو فوکوشیما کے علاقے سے درآمدات پر سے پابندیاں اٹھانے کے بارے میں آگاہ کیا۔مسٹر جانسن نے کہاکہ “دنیا کی دو سب سے بڑی جمہوریتیں آمریت اور عالمی پسماندگی کے خطرے کے خلاف اقدار میں متحد ہیں، لیکن ساتھ ہی ٹیکنالوجی، سلامتی اور تجارت کے حوالے سے بہتر کام کرنا چاہتی ہیں۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ برطانیہ کے اسٹورز فوکوشیما میں بنی اشیاء خرید سکتے ہیں۔فوکوشیما سے درآمد کی منظوری برطانیہ کی فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی سے گرین سگنل ملنے کے بعد دی گئی ہے ۔ اس پابندی سے 23 اشیائے خوردونوش متاثر ہوئیں۔