برسوں سے تعینات ملازمین پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کیجول لیبروں کا احتجاجی مظاہرہ

 

غلام نبی رینہ

کنگن//سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کام کررہے کیجول لیبروں نے ایس ڈی اے آفس کے سامنے اتھارٹی میں تعینات انجینئرنگ ونگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجی کیجول لیبروں کا کہنا تھا کہ سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کئی برسوں کچھ افسران جن میں انجینئرنگ ونگ اور درجہ چہارم کے ملازمین شامل ہیں، ایک ہی جگہ پر تعینات ہیںاور وہ اتھارٹی میں کام کررہے کیجول لیبروں کو طرح طرح سے تنگ کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اب ذہنی پریشانیوں کے شکار ہوگئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ حکومت کی طرف سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا کہ ایک ملازم کو صرف پانچ برس ایک جگہ رہنے کے بعد اس کا تبادلہ عمل میں لایا جائے مگر یہاں پر کچھ ایسے ملازم جن میں جے ای بھی شامل ہے ،کئی برسوں سے لیبروں کو ہر وقت تنگ طلب کرتے ہیں سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کیجول لیبر یونین کے پریزیڈنٹ مشتاق احمد لون نے بتایا کہ اگرچہ سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میںجے ای، اکاونٹس افسر اور درجہ چہارم کا ایک ملازم جس کو اتھارٹی میں بارہ برس ہوگئے ہیں اور وہ دوسرے محکمے کا ہے گذشتہ کئی برس سے ایک ہی جگہ پر تعینات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب تک یہ ملازمین اتھارٹی میں تعینات ہیں تب تک یہاں پر تعمیر ترقی کا کام بھی نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کا تبادلہ جلد عمل میں نہیں لایا گیا تو وہ دوبارہ احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جس کی ذمہ داری اتھارٹی پر عاید ہوگی۔ اس دوران چیف ایگزیکٹو افسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی الیاس احمد نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ معاملے کو جلد حل کیا جائے گا جس کے بعد ان کی یقین دہانی پر احتجاجی کیجول لیبروں نے اپنا احتجاج پرامن طور پر ختم کیا۔