بدھل قصبہ کو دیگر علاقوں سے جوڑنے والا پل گرنے کی دہلیز پر  | ملحقہ 5دیہات کی عوام کو مشکلات کا سامنا ،انتظامیہ سے توجہ کی اپیل

سید زاہد
بدھل //بدھل قصبہ کو ملحقہ متعدد دیہات سے جوڑنے والا رابطہ پل آہستہ آہستہ خستہ حال ہوتا جارہا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے اس کی مرمت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام اور مقامی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 20برس قبل تعمیر کیاگیا رابطہ پل آہستہ آہستہ بوسیدہ ہو تا جارہا ہے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ خستہ حال پل کبھی بھی گر کر تباہ ہوسکتا ہے تاہم اس کی اطلاع دینے کے بعد بھی متعلقہ حکام کی جانب سے اس کی مرمت کیلئے کو قدم نہیں اٹھایاگیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ گھبر دریاپر مذکورہ رابطہ پل کی مدد سے ملحقہ علاقہ کے 5سے زائد دیہات کی عوام کو آمد ورفت کی سہولیت میسر تھی جبکہ مذکورہ علاقوں سے وادی کشمیر و پیر پنچال پہاڑی علاقوں کی ڈھوکوں میں جانے والے خانہ بدوش طبقہ بھی اسی رابطہ پل کا استعمال کرتے ہیں ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ اس پل کی مدد سے مال مویشی اور عام لوگوں دریا عبور کرتے ہیں لیکن پل کے خستہ حال ہونے کے بعد ان کی دقتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ پل کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ کوئی بڑا حادثہ رونما نہ ہو ۔