بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے صارفین پریشان

رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے عام صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی کٹوتی کا عمل جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ بجلی کی جانب سے عوام کو گرمی کے موسم میں شدید پریشان کیا جارہا ہے تاہم بجلی کے ماہانہ بل مسلسل ارسال کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ نہ تو ملازمین بجلی کے خستہ حال نظام کو معیاری بنانے میں کوئی دلچسپی ظاہر کررہے ہیں اور نہ ہی بجلی کی معقول سپلائی فراہم کرنے کی جانب دھیان دیاجارہا ہے ۔صارفین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ سب ڈویژن کے دیہات میں بجلی کی سپلائی کو مسلسل بنیادوں پر فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔