بانہال کے جنگلات میں ہولناک آگ پر قابو پالیاگیا

محمد تسکین

بانہال// بانہال کے نزدیک محکمہ جنگلات رینج بانہال کے کمپارٹمنٹ نمبر 42 کراوہ میں جمعرات کی رات سے لگی آگ پر محکمہ جنگلات کے ملازمین اور مقامی لوگوں کی مدد سے قابوپالیاگیا۔ زمین پر سوکھی گھاس پھوس اور جھاڑیوں میں لگی اس آگ کی وجہ سے کئی درختوں کو کم قلیل نقصان بھی پہنچا ہے تاہم آگ کی بیشتر بھڑکتی ہوئی لپٹوں کو جمعہ کی شام تک محکمہ جنگلات رینج بانہال کے ملازمین اور مقامی لوگوں نے قابو کیا۔رینج آفیسر بانہال سجاد احمد ،جو جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے جمعہ کی صبح سے بچائو کاروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے، نے بتایا کہ کراوہ کے جنگلات کمپارٹمنٹ نمبر 42 میں پچانوے فیصد آگ پر قابو پایا گیا ہے اور جمعہ رات دیر تک اسے مکمل طور بجھانے کی کاروائی انجام دینے کی اْمید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراوہ کے مقامی لوگوں اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کی ٹیموں نے پھیلتی آگ کے باہر مٹی ڈال کر ایک حفاظتی حصار قائم کیا اور ڈنڈوں کی مدد سے پھیلتی آگ کو آگے بڑھنے سے روکنے کی بھی کاروائی کی اور دن بھر سخت دھویں اور آگ کی تپش میں کی گئی محنت رنگ لائی اور جمعہ شام تک 95 فیصدی آگ پر قابو پایا گیا ہے اور آگ کو مکمل طور قابو کرنے کی کاروائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ گراؤنڈ فائر تھا اور اس میں جنگلات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے تاہم ان جنگلات میں لوگ آتے جاتے ہیں اور کراوہ جنگلات کے ٹاپ پر مائیکرو ویو مواصلاتی ٹاور کے علاوہ بی ایس این ایل سمیت تقریباً تمام ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں کے ٹاور بھی نصب ہیں اور غالب امکان ہے کہ راہ چلتے لوگوں کی لاپرواہی کی وجہ سے آگ لگی ہو۔