بانہال میں ناکہ توڑ کر فرارگاڑی | 55کلوفکی کے ساتھ ضبط، ، کھٹوعہ کاڈرائیور چکمہ دے گیا

محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے گنڈ عدلکوٹ کے علاقے میں پولیس نے منشیات کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک لاوارث کار سے پوست ہائے خشخاش یا فکی کے تین تھیلے برآمدکئے۔ اس ڈرامائی کاروائی میں اگنیز کار کا ڈرائیور فرار ہوا اور پولیس اسے تلاش کر رہی ہے۔ بانہال پولیس نے بتایا کہ گاڑی زیر نمبر JK08M/7398 کو ریلوے چوک بانہال پر پولیس اور فوج کی جانب سے ایک ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا، لیکن ڈرائیور نے ایسا نہیں کیا اور ناکہ سے فرار ہو کر اپنی گاڑی گنڈ عدلکوٹ بانہال کے موڑ کے قریب مشکوک حالت میں کھڑی کر دی اور ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی کاروائیوں کے پیش نظر کار کو گنڈ سے ریلوے چوک لایا گیا ،جہاں فوج سے بم ڈسپوزل اور ڈاگ سکواڈ طلب کر کے گاڑی کی تلاشی لی گئی لیکن اس سے کسی بھی قسم کے بارودی مواد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ بعد میں پولیس نے اس کار کا ایک شیشہ توڑکر گاڑی سے 55 کلوگرام وزنی پوست ہائے خشخاش یا فکی جیسی شے تین تھیلوں سے برآمد کرکے ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی کا ڈرائیور کٹھوعہ کا رہنے والا ہے اور ابھی فرار ہے۔