بانہال میں انتظامات اور تیاریاں آخری مراحل میں | یاتریوں کیلئے ضلع رام بن میں 33 لنگر قائم

محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع بانہال کے لامبر گراؤنڈ میں شری امرناتھ یاتریوں کی سہولیات کیلئے جنگی بنیادوں پر تیاریاں اور انتظامات آخری مراحل سے گذ رہے ہیں اور امرناتھ یاترا کیلئے مختلف مذہبی اور سماجی جماعتوں کی طرف سے بانہال کے لامبر گراؤنڈ میں بیس سے زائد لنگر لگائے گئے ہیں۔ جبکہ ناشری ٹنل اور بانہال فورلین ٹنل کے درمیان 33 لنگر لگائے گئے ہیں جہاں امرناتھ یاتریوں کیلئے تمام تر سہولیات میسر رکھی گئی ہیں۔سرکار کی طرف سے بانہال کا لامبر گراؤنڈ یاترا ٹرانزٹ کیمپ کے طور منتخب کیا گیا یے اور محکمہ تعمیرات عامہ سب ڈویژن بانہال کی طرف سے یہاں گیارہ شیڈ ، ایک سو سے زائد واش روم اور ٹوائلٹ یونٹس کے علاؤہ دیگر سہولیات کیلئے تمام ڈھانچہ کھڑا کیا گیا ہے اور نوے فیصدی تعمیراتی کام کو مکمل کیا گیا ہے۔ جبکہ بقایا کام کل شام تک مکمل کئے جانے کی امید ہے۔30 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے بانہال میں قائم لنگروں پر کھانے پینے کی تمام سہولیات میسر ہوں گیں جبکہ سرکاری سطح پر طبی اور پینے کے پانی اور بجلی کی سہولیات کا خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ یاترا ٹرانزٹ کیمپ کے علاؤہ ضلع رام بن سے گزرنے والی جموں سرینگر شاہراہ پر سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں اور فورسز کی بھاری نفری کو بانہال۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے ارپار تعینات کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی بانہال وید سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بیشتر کام مکمل کیا گیا ہے اور اب بچا کام بدھ کی شام تک مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا لامبر گراؤنڈ میں امرناتھ یاترا کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور جمعرات کی صبح یہاں پہنچنے والے یاترا کے پہلے قافلے کو خوش آمدید کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا پارکنگ کی وسیع جگہ موجود یے جبکہ فورسز اور یاتریوں کیلئے بارہ شڈ اور ایک سو پچا کے قریب بیت الخلاء اور واش روم تیار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کا کیمپ لکھنپور اور جواہر ٹنل کے درمیان یاترا کا آخری پڑاو ہوگا اور یہاں سے یاترا کو کشمیر صوبہ کی انتظامیہ کو سونپ دی جائیگی۔ شیو شکتی امرناتھ سیوا منڈل اتم نگر دہلی کے لنگر سے وابستہ سندیپ عرف دیپو اور راجیش کمار نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانہال میں بائیس لنگر لگائے جارہے ہیں اور تمام لنگر یاتریوں کی خدمت کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور مقامی ملازمین نے انہیں بھرپور تعاون دیا یے اور بجکی پانی اور سڑک وغیرہ کے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔