بانہال قاضی گنڈ ٹنل میںمقامی نوجوانوںکو نوکریاں فراہم نہ کرنے کاالزام پنچایت گنڈ ٹھٹھاڑ کے لوگوں کا احتجاج،95فیصدملازمتیں مقامی لوگوں کو دی گئیں:حکام

محمد تسکین
بانہال // بانہال ۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے رکھ رکھائو میں مقامی بیروزگاروں کو نوکریاں فراہم کرنے میں نظر انداز کرنے کے خلاف بانہال کے گنڈ ٹھٹھاڑ کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور کمپنی اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کئے۔ احتجاجی مظاہروں پر آمادہ بانہال کی پنچائت گنڈ ٹھٹھاڑ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹنل پروجیکٹ کیلئے اپنی زمینیں دی ہیں لیکن روزگار کے معاملے میں انہیں یکسر نظر انداز کیا گیا ہے اور دوسرے علاقوں سے لاکر لوگوں کو یہاں نوکریاں فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ٹنل کمپنی اثر و رسوخ اور قرابت داروں کونوکریاں فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے انتظامیہ اور کئی سرپنچوں کے قریبی لوگوں کو نوکریاں فراہم کرکے گنڈ پنچایت کے مقامی لوگوں کے حق پرشب خون مارا ہے۔ انہوں نے حکام سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ۔بانہال ۔قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے رکھ رکھائو کیلئے ذمہ دار آتھان اور اس کی ذیلی کمپنی کے ایک منیجر ایچ آر سجاد احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنل کے آس پاس کی پنچایتوں کے پچانوے فیصدلوگوں کو نوکریاں دی گئی ہیں اور احتجاج کرنے والے گنڈ پنچایت سے 36 افراد کو ٹنل میں نوکریاں دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی نے اس کی ایک فہرست ایس ڈی ایم بانہال کو روانہ کی ہے جس میں کمپنی میں نوکری پانے والے مقامی لوگوں کے نام درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمپنی ضلع رام بن کی واحد کمپنی ہے جس کے ایڈمنسٹریٹر منیجر سمیت پچانوے فیصد ملازمین مقامی ہیں۔