بانہال۔ منگت رابطہ سڑک قریب ایک مہینے سے منقطع مقامی لوگوں کا احتجاج،محکمہ پر برف صاف کرنے کا کام فوٹو سیشن تک ہی محدود رکھنے کا الزام

محمد تسکین
بانہال // پہاڑی ضلع رام بن کی سب ڈویژن بانہال میں بانہال۔ منگت رابطہ سڑک برفباری کی وجہ سے پچھلے قریب ایک مہینے سے منقطع ہے جس کی وجہ سے منگت ، کڈجی ، ٹینکہ ، ارم ڈھکہ اور سراچی کے ایک درجن کے قریں دیہات کو مشکلات کا سامناہے۔ سڑک رابطے کے منقطع ہونے کی وجہ سے منگت کی عوام کو درپیش مشکلات کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کیلئے مقامی لوگوں نے ہفتے کو منگت میں احتجاجی مظاہرے کئے جس کی صدارت مقامی سماجی کارکن ریاض گل کر رہے تھے۔ احتجاجی مظاہرے پر آمادہ لوگ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔ منگت کے لوگوں کا کہنا ہے کہ بانہال۔ منگت رابطہ سڑک سے برف نہ اٹھانے کی وجہ سے یہ اہمیت کی حامل بانہال۔ منگت رابطہ سڑک پچھلے قریب ایک مہینے سے ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند ہے اور منگت ، کڑجی اور سراچی کے ایک درجن کے قریب دیہات کے لوگ محصور ہو کر ر ہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں راشن ، ادویات اور خرد ونوش کے سامان کی کمی پیدا ہوگئی ہے اور مریض اور مجبور لوگ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ انتظامیہ سڑک سے برف صاف کرنے کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے لیکن بانہال۔ منگت رابطہ سڑک سے برف صاف کرنے کا کام محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ملازمین فوٹو سیشن تک ہی محدود رکھے ہوئے ہیں اور برف صاف کرنے میں محکمہ کے ملازمین من مرضی سے کام کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں زمینی سطح پر سڑک مسلسل بند پڑی ہوئی ہے۔احتجاجی مظاہرین نے مزید بتایا کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر منگت میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی شدید قلت کی وجہ سے مقامی مریضوں کا مشکلات کا سامنا ہے اور کئی بیماروں کو چارپائیوں پر اٹھاکر لینا اور لانا ان کا مقدر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگت کے ہسپتال میں عملے کی کمی کی وجہ سے ماہانہ ویکسین کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے اور ہر مہینے کی 17 تاریخ کو بچوں کو لگائی جانے والی ویکسین ملازمین نہ ہونے کی وجہ سے جنوری میں بھی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنچایت منگت کے گاؤں کڑجی میں ایک ہیلتھ اینڈ ویلنیس سب سینٹر پچھلے ایک مہینے سے بند پڑا ہے۔ منگت کے مقامی لوگوں اور مقامی سماجی کارکن ریاض گل نے سب ڈویژنل انتظامیہ بانہال اور ضلع انتظامیہ رام بن خصوصاً ڈپٹی کمشنر رامبن مسرت الاسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ بانہال۔منگت رابطہ سڑک کو جلد از جلد بحال کرنے اور پی ایم جی ایس وائی کے انجینئروں کو اپنے فرض کے تئیں ذمہ دار بنانے کیلئے ضروری احکامات جاری کریں تاکہ سراچی سے منگت تک اس سڑک سے جڑے ہزاروں لوگوں کو راحت نصیب ہوسکے۔