بالائی علاقہ جات میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشیں ۔33 کے وی لائن میں خرابی ، بھلیسہ و ٹھاٹھری کے درجنوں دیہات گھپ اندھیرے میں

File Image/ Fresh snow on kashmir's mountains

 عاصف بٹ+اشتیاق ملک

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقہ جات میں برفباری و میدانی علاقہ جات میں بارشوں سے عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی بعد دوپہر بالائی علاقہ جات میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر گئے تک جاری تھا ۔واڑون ، مڑواہ، دچھن ، مرگن ، سنتھن ، چنگام چھاترو ، پاڈر کے اوپری علاقہ جات میں کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی جسکے سبب ان علاقہ جات میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئیں۔ بارشوں کے سبب درجہ حرارت میں نمایاںکمی درج کی گئی۔ادھرڈوڈہ ضلع کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ خطہ میں جمعرات کو دن بھر موسم ابر آلود رہا اور بعد دوپہر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں تازہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک جاری رہی۔ بارشوں کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں بجلی کے 33 کے وی کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے سب ڈویژن گندوہ و ٹھاٹھری کے درجنوں دیہات پچھلے چوبیس گھنٹوں سے گھپ اندھیرے میں ہیں۔محکمہ بجلی کے اے ای ای نے کہا کہ سوئی گواڑی کے نزدیک 33 کے وی ترسیلی نظام کو بدھ کی شام خرابی آگئی جس کی وجہ سے درجنوں دیہات میں بجلی متاثر ہوئی ہے۔