’ باغ گلِ لالہ‘میں رنگوں کی بہار | 10دنوں میں 1.35لاکھ سیاحوںکی آمد

بلال فرقانی
سرینگر//یہاں ایشیا ء کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن پوری طرح سے کھل رہا ہے اور 10 دن پہلے کھلنے کے بعد سے تقریباً 1.35 لاکھ سیاح اس کی دلکش خوبصورتی کا مشاہدہ کرنے کے لیے آئے ہیں۔52.5 ہیکٹر پر مشتمل اندرا گاندھی ٹیولپ گارڈن گرمائی دارالحکومت میں مختلف رنگوں کے 16 لاکھ ٹیولپ بلب اور 68 اقسام کے کھلتے ہوئے رنگین منظر پیش کرتا ہے۔ٹیولپ گارڈن کے انچارج انعام الرحمان نے بتایا کہ اب تک آنے والوں میں زیادہ تر سیاح ہیں۔رحمان نے کہا”تقریباً 1.35 لاکھ سیلانی باغ کا دورہ کر چکے ہیں۔ زیادہ تناسب، تقریباً 70 فیصد، یونین ٹیریٹری سے باہر کے تھے وہ زیادہ پرجوش ہیں،” ۔پچھلے سال، باغ میں 3.60 لاکھ سیاحوں نے سیر کی تھی۔رحمان نے کہا کہ باغ کی دیکھ بھال کرنے والا محکمہ فلوریکلچر اس سال بھی بہت اچھی امید رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 16 لاکھ ٹیولپس کے علاوہ، باغ میں موسم بہار کے دیگر پھول ہیں، جیسے کہ ہائیسنتھس، ڈیفوڈلز، مسکاری اور سائکلمینز دیکھنے والوں کو مسحور کرنے کے لیے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔رحمان نے کہا، “اس سال ٹیولپس کی چار نئی اقسام شامل کی گئی ہیں، جس سے کل اقسام کی تعداد 68 ہو گئی ہے۔”انہوں نے کہا کہ مرکزی فاؤنٹین چینل کو اس سال اونچی چھتوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ یہاں بلند و بالا فوارے اور آبشاریں ہیں، جنہوں نے باغ کی خوبصورتی میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا”ہم نے شام کے لیے آرائشی لائٹس لگائی ہیں۔ بہت سے سیاح دیر شام تک باغ میں ٹھہرتے ہیں،‘‘۔