بارہویں جماعت کے سالانہ نتائج لٹل اینجلس سکول راجدھانی کی مہ پارہ سمیال کی نمایاں کارکردگی

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے بارہویں جماعت کے سالانہ امتحان کے نتائج میں تحصیل تھنہ منڈی کے طلباء و طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بارہویں جماعت کے ان نتائج میں لٹل اینجلس ہائیر سیکنڈری سکول راجدھانی میں زیر تعلیم مہ پارہ سمیال دختر ظفر جاوید سکنہ راجدھانی نے میڈیکل اسٹریم میں 479/500 (95.8 فیصد) نمبرات حاصل کر کے پورے زون میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تقریباً دو سال تک اسکول بند ہونے کے باوجود طلباء کی بہترین کاکردگی پر طلاب کی حوصلہ افزائی کے لئے سب ڈویژن تھنہ منڈی کی متعدد سیاسی اور سماجی شخصیات نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تمام طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے خطہ پیر پنچال کے نامور تعلیمی ادارے مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سرپرست خورشید بسمل نے کہا کہ ان کے اسکول کے بچوں نے بارہویں جماعت کے سالانہ امتحان میں 98 فیصد نتیجہ حاصل کیا ہے اور طلباء کے والدین کے تعاون سے تدریسی بھائی چارے اور محنت کی وجہ سے ہم ایک بار پھر کہاوت کو ثابت کرنے کے قابل ہو گئے ہیں ک۔انہوں نے کہا کہ مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے 44 بچے امتحان میں شامل ہوئے تھے جو 21نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 22کی فسٹ ڈویژن ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سب ڈویژن تھنہ منڈی کے ان تمام طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی قابلیت کا ثبوت دیا اور اپنے والدین کے ساتھ ساتھ اپنے اداروں کا نام بھی روشن کیا۔ وہیں تھنہ منڈی کی متعدد تعلیمی سیاسی اور سماجی شخصیات نے انہیں ان کی غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر بولتے ہوئے عوامی نمائندوں نے کہا کہ بچوں نے ہمیں یہ احساس دلایا کہ اگر آپ محنت کریں تو کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے بچوں کی مجموعی شخصیت کی نشوونما کے لئے اچھے کردار، حسن سلوک اور طرز عمل کو فروغ دینے کا مشورہ بھی دیا اور ان سب کے کامیاب اور روشن مستقبل کی خواہش بھی ظاہر کی۔