بارہمولہ میں 2ملی ٹینٹ ساتھی گرفتار

 فیاض بخاری

بارہمولہ// سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں جمعرات کو لشکر طیبہ کے2 ملی ٹینٹ ساتھیوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے، 29آر آر کیساتھ فرستہار کریری واری پورہ کراسنگ پر ایک موبائل وہیکل چیک پوائنٹ لگا یا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ دو مشتبہ افراد جو کراسنگ کی طرف آرہے تھے ، نے سیکورٹی اہلکاروں کو دیکھا تو فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں حکمت سے پکڑ لیا گیا۔دونوں کی تلاشی کے دوران دو چینی پستول، دو میگزین اور پستول کے 15 رانڈ برآمد ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ انہیں فوری طور پر حراست میں لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت سہیل گلزار ساکن فرستہار کریری اور وسیم احمد پاٹا ساکن ہدی پورہ رفیع آباد کے طور پر کی گئی ہے، دونوں لشکر کے ساتھی تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف آرمس ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔