بارش کے باوجود پورے خطہ پیر پنچال میں ملک کے 75ویںیوم آزادی کا جشن تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا حسین محتشم+عشرت حسین بٹ +جاوید اقبال +بختیار کاظمی +پرویز خان +سمت بھارگو +عظمیٰ یاسمین +رمیش کیسر

پونچھ+راجوری// پورے ملک کی طرح خطہ پیر پنچال کے اکثر و بیشتر علاقوں میں ملک کا 75واں یوم آزادی جوش و خروش کیساتھ منایا گیا ۔دونوں سرحدی اضلاع کے سرکاری و نجی سکولوں کیساتھ ساتھ سرکاری اداروں و عام لوگوں کی جانب سے پروگرام منعقد کئے گئے جبکہ اس دوران فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے سیکورٹی کا سخت تریب بندوبست کیا گیا تھا ۔سرحدی ضلع پونچھ میں بھی چہترویں ’’ یوم آزادی ’’ کا جشن تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں منعقد کی گئی جہاں ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن تعظیم اختر نے قومی پرچم لہرایا اور اس کے بعد اپنے خطاب میں شہداے وطن کو یاد کرکے یہ پیغام دیا کہ آئندہ بھی اگر ملک کی حفاظت کے لئے ہمیں جان و مال کی کوئی قربانی دینا پڑی تو ہم اس سے گریز نہیں کریں گے۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے پونچھ کی ان شخصیات کو بھی یاد کیا جنہوں نے وطن عزیز کیلئے اپنی قربانیاں اور بڑے بڑے کارنامے انجام دئیے ہیں۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے پونچھ کی تحصیل منڈی کے گائوں آڑائی کی ایک خاتون مالی بی کا ذکر کیا۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب کے دوران سرحدی ضلع پونچھ میں انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں اور کئے گئے دیگر ترقیاتی کاموں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند سالوں میں پونچھ کی تعمیر و ترقی کے لئے کروڑوں روپیہ خرچ کیا گیا ہے۔اس دوران مارچ پاس کیا گیا جس میں پولیس،سی آر پی ایف، نیم فوجی دستوں، این ایس ایس کریڈرس کے دستوں، سرکاری اور غیر سرکاری سکولوں کے بچوں کے دستوں نے حصہ لیکر قدم سے قدم ملا کر گرم جوشی کا اظہار کیا۔جبکہ اسکولی بچوں کی جانب سے رنگارنگ کا مدنی پروگرام پیش کئے گئے۔پروگرام کے اختتام پر انعاماتی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ یوم آزادی کے دوران مختلف سرکاری دفاتر میں بھی تقریبات منعقد کی گئی خصوصی طور پر قلعہ پونچھ پر تقریب منعقد ہوئی جہاں پر اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالستار نے قومی پرچم لہرایا۔اس دوران بچوں کی جانب سے قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ضلع عدالت پونچھ میں بھی پرنسپل اینڈ ڈسٹرک جج نے قومی پرچم لہرایا جب کہ اس موقع پر بار ایسوسی ایشن کے تمام ممبران وکلاء￿ اور عدالت کا عملہ موجود رہا۔ضلعی جیل پونچھ میں بھی سپرنا ٹینڈنٹ جیل رجنی سہگل کی قیادت میں قومی پرچم لہرایا گیا اس موقع پر قیدی موجود رہے جب کہ معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔پرچم کشائی کے بعد قیدیوں نے ناچ گا کر یوم آزادی کا جشن منایا۔ پونچھ میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھی مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام پنچایتوں اور سکولوں میں قومی پرچم لہرائے گئے خصوصی طور پر اس دوران پنچایتی نمائندوں نے پرچم کشائی کی۔ضلع پونچھ کے تمام تحصیلوں کے صدر مقامات پر بڑے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے جہاں مہمانوں نے پرچم کشائی کی اور اسکولی بچوں کی طرف سے مارچ پاس اور رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کئے گئے۔ اس دوران ہر گھر ترنگا مہم کا بھرپور اثر دیکھنے کو ملا جگہ جگہ پلوں، عمارتوں اور گھروں پر ترنگے لہراتے نظر آئے۔ اسی طرح ضلع کی تحصیل منڈی میں بھی یوم آزادی کی تقریب تزق و احتشام کے ساتھ منعقد کی گئی۔ تحصیل کی سب سے بڑی تقریب تحصیل صدر مقام راجپورہ منڈی میں بی ایس ایف کے گراونڈ میں منعقد کی گئی جہاں پر بی ڈی سی چیئر مین شمیم احمد گنائی نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاس پر سلامی لی۔ اس موقعہ پر مختلف سرکاری و غیر سرکاری سکولوں کے طلبا و طالبات نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمیم گنائی نے کہا کہ آزادی کے 75سال جہاں ملک کا ہر باشندہ آزادی کے ساتھ اپنی زندگی گزار رہا ہے وہیں آزادی کا امرت مہا اتسو کے تحت حکومت کی جانب سے ہر گھر جھنڈا تقریب بھی منائی جا رہی ہے جس کے تحت ملک کا ہر شہری اپنے گھر پر جھنڈا لہرا کر ملک کی سالمیت کاْ پیغام دے رہا ہے۔تحصیل منڈی کے لورن ساوجیاں پلیرہ چھمبر بیدار بلنایء آڑایی اور سبھی دور دراز علاقوں سرکاری غیر سرکاری اداروں پر بھی پرچم کشایء کی گئی وہیں آزادی کا امرت مہا اتسو کے تحت ہر گھر جھنڈا ہر گھر ترنگا کے تحت تحصیل کی عوام نے بھی اپنے گھروں پر ترنگا لہرایا بوئز ہائر سکنڈری سکول منڈی میں سرپنچ منڈی نے قومی پرچم لہرایا۔مینڈھر سب ڈویژن ہیڈکوارٹر پر بی ڈی سی چیئر مین طاہرہ جبین نے ایس ڈی ایم مینڈھر ،ایس ڈی پی او ،گور نمنٹ ڈگری کالج کے پرنسپل اور تحصیلدر مینڈھر کی موجود گی میں قومی پرچم لہرا کر سلامی لی ۔منعقدہ تقریب میں بڑی تعداد میں سکولی بچوں اور معززین نے شرکت کی جبکہ تحصیل منکوٹ میں بی ڈی سی چیئر مین امان اللہ چوہدری اور بالا کوٹ میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین شمیم اختر نے قومی پرچم لہرایا ۔اس کے علاوہ سب ڈویژن کے اکثر نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں تقریبات کا اہتمام کیاگیا تھا ۔اسی طرح سب ڈویژن سرنکوٹ میں بھی تقریبات منعقد کی گئی تھی جہاں پر انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کی موجود گی میں منتخب نمائندوں نے قومی پرچم لہرایا ۔سرحدی ضلع راجوری کے ضلع ہیڈ کوارٹر کیساتھ ساتھ سب ڈویژن تھنہ منڈی ،منجا کوٹ ،کالا کوٹ ،کوٹرنکہ ،نوشہرہ اور سندر بنی میں تقریبات منعقد کی گئی تھی ۔ضلع ہیڈ کوارٹر راجوری میں سب سے بڑی تقریب کا اہتمام کیاگیا تھا جس میں ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی اور قومی جھنڈا لہرایا گیا ۔تھنہ منڈی میں خراب موسمی صورتحال کے بیچ گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی اور گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں 15 اگست کو 75واں یومِ آزادی بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ چیئر مین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر اور بی ڈی سی چئیر پرسن روزی ظفر میر نے رم جھم برستے ساون کے دوران نہایت ہی پْروقار انداز میں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہندو مسلم کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے اور اسے یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم تھنہ منڈی وکاس دھر بھگتی، تحصیلدار تھنہ منڈی سید ساحل علی شاہ، ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر ،ایس ڈی پی او تھنہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد ، بی ڈی او تھنہ منڈی سائلہ میر، ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت چوہدری ، پرنسپل ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی محمد صدیق گنائی، ڈاکٹر نعیم النساء پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی، انچارج زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر سلیم نوشاد رینہ، تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر شاہد ممتاز، میدیکل آفیسر تھنہ منڈی ڈاکٹر غلام احمد ، کے علاوہ معزز شہریوں، بلدیاتی اداروں کے عوامی نمائندوں ، پنچوں اور سرپنچوں کے علاوہ اخباری نمائندوں ، مسلح افواج ، جموں و کشمیر پولیس کے افسران اور سب ڈویڑن تھنہ منڈی کے دیگر افسران اور تمام اہلیان تھنہ منڈی نے گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی اور گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں 15 اگست 2022 کو اس شاندار اور پروقار تقریب کو مزید متحرک اور رنگین بنانے کیلئے شرکت کی۔ واضح رہے کہ امسال 76واں 15 اگست ایک خاص اہمیت کا حامل ہے اور اس لحاظ سے قوم نے اسے ’’آزادی کا امرت مہااْتسو‘‘ کے طور پر منایا۔ اس موقع پر فوج ، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دوسری جانب یوم آزادی کے موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں بھی بی ڈی سی ممبر روزی میر نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے مختلف قسم کے ثقافتی اور تمدنی پروگرام پیش کئے اور ملی نغمے بھی گائے۔ مارچ پاسٹ میں مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائیر سکینڈری سکول تھنہ منڈی کے بچوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں،جن میں لیٹل اینجلس ہائیر سکینڈری سکول راجدھانی، کیرالائٹ پبلک ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی، حور انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن تھنہ منڈی، آفتاب میموریل ہائیر سکینڈری سکول تھنہ منڈی، ہائی سکول شاہدرہ ہائی سکول عظمت آباد، مڈل سکول منیال، مڈل سکول کھنیال کوٹ، ہائی سکول منگوٹہ، ہائر سکینڈری اسکول ساج، ہائیر سکینڈری سکول پلانگڑھ، مڈل سکول چھڑنگ ، مڈل سکول ہسپلوٹ، اور ہائی سکول راجدھانی وغیرہ شامل ہیں، میں بھی جشن آزادی کے موقع پر ترنگا جھنڈا لہرایا گیا۔ اس کے علاوہ تمام پنچوں اور سرپنچوں نے اپنے اپنے علاقوں میں ترنگا جھنڈا لہرایا اور جشن آزادی کی تقریبات میں حصہ لیا۔ اس موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو اسناد و انعامات اور تمغوں سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ نے جشن آزادی کی تقریب کے کامیاب انعقاد پر تمام لوگوں، عوامی نمائندوں ، فوجی جوانوں، پولیس اہلکاروں ، طلباء ، اسکول انتظامیہ کے علاوہ انچارج کلچرل پروگرام اور سٹیج سیکرٹری محترمہ شگفتہ خورشید رینہ کا شکریہ ادا کیا۔آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے تحت گھمبیر مغلاں میں حنفیہ اشرفیہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام 75واںیوم آزادی بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ خراب موسمی صورتحال کے بیچ مدرسہ پر قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس موقع پر تمام طلباء نے سلامی دی اور قومی ترانہ پیش کیا۔ قرآن کریم کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا اس کے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ ملک کی آزادی کی 76ویں سالگرہ کے جشن میں طلباء نے اردو اور انگریزی میں تقریریں کیں جن میں ملک کی آزادی کیلئے علماء کرام کی قربانیوں اور انگریزوں کے خلاف اسلاف کے مجاہدانہ جذبات کی عکاسی کی گئی تھی نیز حب الوطنی پر مشتمل نظمیں اور ترانے بھی پیش کئے گئے۔ اس موقع پر چیرمین سوسائٹی الحاج گلزار حسین اشرفی نے مفصل اور مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ انگریز بغرض تجارت ہندوستان میں داخل ہوئے اور آہستہ آہستہ ہندوستان کی ریاستوں پر قبضہ کرنا شروع کیا۔ اس وقت کے علمائے کرام نے انگریزوں کا مقصد بھانپ لیا تھا اور اسی وقت سے جدوجہد میں مصروف ہوگئے تھے۔ چنانچہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے تحریک آزادی کا آغاز کیا اور آخری دم تک جدوجہد کرتے رہے۔ حاجی گلزار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری نسلیں اپنے اسلاف کی قربانیوں سے ناآشنا ہیں۔ وہیں پرہارون بیگ نے بھی طلبہ سے کہا کہ وہ محنت شاقہ سے پڑھیں اور اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کریں۔ آخر میں چیرمین سوسائٹی الحاج گلزار حسین اشرفی نے علماء کے علاوہ دیگر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس طرح پورے ملک میں بحالی امن و امان اور بالخصوص یو ٹی جموں و کشمیر کے لئے خصوصی دعا پر اس تقریب کا اختتام ہوا۔