بادل پھٹنے سے کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال پلوں،پن چکیوں و فصلوں کو بھاری نقصان ،خاتون کو بچالیاگیا،عوام سے محتاط رہنے کی اپیل

عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی شبانہ بارشوں کے سبب ندی نالوں میں سیلابی صورتحال بدستور قائم رہی ۔ ضلع کے مختلف مقامات پر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ جسے ان علاقہ جات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق جہاں منگل و بدھ کی درمیانی رات موسلادھار بارشیں ہوئیںوہی بدھ کی دوپہر کو قریب ا یک گھنٹے تک دچھن علاقہ میں موسلادھار بارشیں ہوئیں جسکے سبب دچھن کے کیبر نالہ میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جسکے سبب نالے مٹی پتھر و لکڑی کے بڑے بڑے حصے نکل گئے اورنالے میں بنے لکڑی و لوہے کے کئی پل بہہ گئے جبکہ ایک گھاٹ بھی بہہ گیا۔مقامی لوگوں و پولیس نے گھاٹ میں پھنسی ایک مقامی خاتون لیلا دیوی زوجہ دیوج راج کو بچالیا۔دچھن کے ناتھ نالے میں بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے سبب سوید کی عوام میں خوف پھیلا ہوا ہے۔ بھاری بارشوں کے سبب علاقہ میں فصلوں و زرعی زمین کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ مقامی پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں سے دوررہیں۔پولیس نے بتایا کہ علاقہ میں ہڑیا ماتا یاترا کیلئے ہزاروں لوگ گئے ہیںتاہم وہ محفوظ مقامات پر ہیں۔ مڑواہ انشن سڑک پر پرانا پل کے قریب بھاری پسی گرآنے کے سبب سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکررہ گئی ہیں جسکے سبب مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس دوران سب ڈویژ ن پاڈر کے مسعو علاقے میں بدھ کو مسعو نالے میں دوبارہ مٹی پتھروں کا ریلا آیا جسکے سبب علاقے کی عوام میں خوف کا ماحول پایاجارہا ہے جبکہ اس سے قبل بھی پاڈر کے چسوتی ، کنڑیل و دیگر علاقہ جات میں بارشوں کے سبب بھاری پیمانے پر نقصان پہنچاہے۔انتظامیہ نے عوام سے دریا چناب و ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے۔