بائیڈن نے اسلحہ پر پابندی عائد کرنے پر زور دیا

واشنگٹن// امریکی صدر جو بائیڈن نے اسلحہ پر پابندی لگانے کے اپنے مطالبے کو دہرایا ہے ۔مسٹر بائیڈن نے جمعرات کو میساچوسٹس کے نانٹوکیٹ کے دورے کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ “میں حملوں میں استعمال ہونے والے اسلحہ سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے دوبارہ کوشش کرنے جا رہا ہوں۔”امریکی صدر کا یہ تبصرہ صرف چند روز قبل امریکہ میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے دو واقعات کے بعد سامنے آیا ہے ۔ ہفتے کے آخر میں کولوراڈو اسپرنگس کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے دوران ایک بندوق بردار نے اے آر 15 رائفل سے فائرنگ کی تھی جس میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوئے ۔ بائیڈن نے کہا، “میں ان فائرنگ کے واقعہ سے تھک گیا ہوں۔ ہمارے پاس ہتھیاروں کے استعمال کے لیے بہت سخت قوانین ہونے چاہئیں۔تاہم امریکی کانگریس میں حملہ آور اسلحہ پر پابندی کا امکان مستقبل قریب میں تقریباً ناممکن ہے ۔گن وائلنس آرکائیو کے مطابق اس سال اب تک امریکہ میں 600 سے زیادہ بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات ہو چکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ سال ملک میں 690 اجتماعی فائرنگ کے افسوسناک واقعات پیش آئے ۔ اس کے علاوہ 2020 میں فائرنگ کے 610 اور 2019 میں 417 واقعات پیش آئے ۔ (یواین آئی)