بائیڈن مہنگائی سےپریشان | چینی ہم منصب سے رابطے کا فیصلہ

یو این آئی

نیویارک //امریکی صدرجوبائیڈن نے ملک میں مہنگائی کم کر نے کے لیے چینی مصنوعات پر عائد ٹیرف ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے,ا جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی چین کے صدر سے بات کریں گے۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ کو 40 سال کی تاریخی مہنگائی کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدرچینی مصنوعات پر عائد 25فیصد اضافی ٹیکس ختم کرنے پر غور کررہے ہیں جو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عائد کیا تھا تاہم اگر ٹیرف کی تجدید نا کی گئی تویہ جولائی میں ختم ہوجائیگا۔ادھربرطانیہ میں مہنگائی میں 9.1 فیصد اضافے کے ساتھ 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کو مہنگائی کے عفریت کا سامنا ہے اور بینک آف انگلینڈ نے بھی خبردار کیا کہ اس سے بھی بدتر صورتحال ابھی آنا باقی ہے کیونکہ تمام G7 ممالک میں برطانیہ میں افراط زر کی شرح سب سے زیادہ ہے۔