ایک اَوّر میں 7چھکے مہاراشٹر کے گائیکواڑ پہلے بلے باز بنے

احمد آباد//یو این آئی// مہاراشٹر کے سلامی بلے باز رتوراج گائیکواڑ نے پیر کو یہاں نریندر مودی اسٹیڈیم بی گراؤنڈ میں وجے ہزارے ٹرافی کے کوارٹر فائنل میچ کے دوران ایک ہی اوور میں سات چھکے لگاکر تاریخ رقم کردی ۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ رتوراج گائیکواڑ نے یہ کارنامہ میچ کے 49ویں اوور میں انجام دیا۔ اپنے سات شاندار چھکوں کی مدد سے گایکواڑ نے اس میچ میں ڈبل سنچری بنائی۔اترپردیش کے خلاف مہاراشٹر کے سلامی بلے باز گائیکواڑ نے میچ کے 49ویں اوور میں چھکوں کی بارش کردی۔اس اوور کی پانچویں گیند نو بال ہونے کی وجہ سے شیوا کو کل سات گیندیں کرنی پڑیں۔ گایکواڑ نے اوور میں تمام گیندوں پر چھکے لگا کر مجموعی طور پر 43 رنز جوڑے ۔ان 7 چھکوں کی مدد سے انہوں نے یوپی کے خلاف ڈبل سنچری بھی بنائی۔ انہوں نے اس میچ میں 159 گیندوں پر 220 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے 10 چوکے اور 16 چھکے لگائے ۔گائیکواڑ نے یوپی کے خلاف لگاتار سات چھکے لگا کر بڑے عالمی ریکارڈ کی برابری کی ہے ۔ اس اوور میں انہوں نے 43 رنز بنائے ۔ یوپی کے خلاف اپنی اننگز میں انہوں نے لسٹ اے کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے کی برابری کی ہے ۔ گائیکواڑ سے پہلے بریٹ ہیمپٹن اور جو کارٹر نے سال 2018 میں ایک اوور میں 43 رنز بنائے تھے ۔