ایمس پر سائبر حملے کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا گیا

نئی دہلی// آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پر انتہائی مہلک سائبر حملے کا معاملہ آج پارلیمنٹ میں اٹھایا گیا اور حکومت سے ملک کے تمام اہم اداروں کی سائبر سیکورٹی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران بہوجن سماج پارٹی کے رتیش پانڈے نے اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ایمس کے سرورز پر ایک مہلک سائبر حملہ ہوا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ اس کے آس پاس، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے سرور پر 6 ہزار بار سائبر نقب زنی کی کوشش ہوئی۔ یہ سرورز ابھی معمول پر آنا باقی ہیں۔ پانڈے نے کہا کہ ماضی میں بھی پاور گرڈ پر سائبر حملے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی اثاثوں پر سائبر حملہ ملکی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کواس کے بارے میں ملک کو وضاحت دینی چاہیے اور قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے حملوں اورنقب زنی کو روکنے کے لئے بلا تاخیر تمام ضروری اقدامات اٹھانے چاہیے ۔(یواین آئی)