ایمز اونتی پورہ کا تقریباً 20 فیصد کام مکمل مسعودی کو دورے کے دوران متعلقہ حکام نے آگاہ کیا

 

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے ممبر پارلیمنٹ جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے جمعرات کو اونتی پورہ میں زیر تعمیر ایمز اور متعلقہ میڈیکل نرسنگ کالج کا معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ظفر احمد شال بھی تھے۔دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ پروجیکٹ منیجر اور دیگر ایگزیکٹو افسران سے بات چیت کی جنہوں نے انہیں جاری تعمیراتی کام کی رفتار کے بارے میں آگاہ کیا۔مسعودی کو بتایا گیا کہ 1600 کروڑ کے پروجیکٹ کے مالی اور فزیکل اہداف کا تقریباً 20 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور بقیہ کام 2025 کے وسط تک مکمل ہو جائے گا۔مسعودی کو بتایا گیا کہ میڈیکل سہولت میں 750 بستروں کی گنجائش ہوگی اور اس سے منسلک میڈیکل اور نرسنگ کالجوں میں بالترتیب 100 اور 60 نشستوں کی گنجائش ہوگی۔رکن اسمبلی کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس سہولت میں 806 سیٹوں والا آڈیٹوریم بھی بنایا جائے گا۔

 

پروجیکٹ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے مسعودی نے کہا کہ یہ پورے جنوبی کشمیر کے علاقے میں عوام کی صحت کی دیکھ بال کی سب سے بڑی سہولت ہوگی۔انہوں نے متعلقہ پروجیکٹ مینیجرز اور ایگزیکٹو افسران سے کہا کہ وہ پروجیکٹ کے کام کی رفتار کو کم کرنے والی رکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور ان کو دور کریں۔رکن پارلیمان نے متعلقہ حکام سے یہ بھی کہا کہ وہ ایمز میڈیکل کالج کی پہلے اور دوسرے سال کی نان کلینکل کلاسیں قریب میں واقع اسلامک یونیوسٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس میں شروع کریں۔