ایس ڈی ایچ بیروہ میں دنیا کا سب سے لمبا دانت نکالاگیا لمبائی میں37.5ایم ایم ، عالمی ریکارڈسے لمبائی میں 3ایم ایم زیادہ

پرویز احمد

سرینگر //سب ضلع اسپتال بیروہ میں ڈاکٹروں نے ایک 60سالہ شہری کا 37.5ایم ایم لمبا دانت نکالا ہے جو ممکنہ طور پر دنیا کا سب سے لمبا دانت ہے۔ بلاک میڈیکل آفیسر بیروہ ڈاکٹر جاوید احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’سب ضلع اسپتال بیروہ میں نذیر احمد نامی شہری نے دانتوں میں سوجن اور انفیکشن کی شکایت تھی اور ڈاکٹروں نے لگاتار 7دنوں تک ادویات سے علاج کیا لیکن مریض کو کوئی بھی راحت نہیںملی‘‘۔ڈاکٹر جاوید نے بتایا ’’ ایکسرے اور دیگر ضروری تشخیصی ٹیسٹوں کے بعد ڈاکٹروں نے انفیکشن کے باوجود جراحی سے دانت نکالنے کا فیصلہ کیا ‘‘۔ڈاکٹر جاوید نے بتایا ’’ جراحی کیلئے 6رکنی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ڈاکٹر امتیاز بانڈے، ڈاکٹر طاہر اور ڈاکٹر روف کے علاوہ نیم طبی عملہ کے 3 افراد شامل تھے‘‘۔ ڈاکٹر جاوید نے مزیدبتایا ’’ دانت نکالنے کیلئے 2گھنٹے لگے اور دانت نکالتے وقت ڈاکٹروں کو محسوس ہوا کہ اس دانت کی لمبائی غیر معمولی ہے اور اس کو محفوظ کرلیاجائے‘‘ ۔

 

ڈاکٹر جاوید نے بتایا ’’ سوموار کو اس دانت کو شعبہ فیزیکس (physics) میںبھیجا گیا جہاں یہ معلوم ہوا کہ دانت کی لمبائی37.2ایم ایم نہیں بلکہ 37.5ایم ایم ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے‘‘۔ ڈاکٹر جاوید نے بتایا ’’ اس سے قبل یورپ میں سال 2017میں ایک ڈاکٹر نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک مریض سے 37.5ایم ایم دانت نکالا ہے لیکن گینز بک آف ورلڈ ریکاڈ میں ابتک صرف 37.2ایم ایم کا عالمی ریکارڈ درج ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ میں نے ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ دانت کو محفوظ کرکے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے کیلئے ضروری لوازمات پوری کریں جن میں ضروری فیس کی ادائیگی اور دانت کی تصاویر وغیر شامل ہیں‘‘۔ڈاکٹر جاوید نے بتایا ’’ اصل سائز گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ س کے ناپ تول کے بعد ہی یہ معلوم ہوگا لیکن بظاہر لگتا ہے کہ یہ عالمی ریکارڈ ہے اور گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ عالمی ریکارڈ ہوگا‘‘۔ ڈاکٹر جاوید نے بتایا کہ مریض کو دو دنوں تک اسپتال میں زیر نگرانی رکھنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ہے۔