ایجبسٹن ٹیسٹ روٹ ۔ بیئرسٹو کی سنچری سے انگلینڈ نے رقم کی تاریخ

 

نئی دہلی //جو روٹ اور جونی بیئرسٹو کی شاندار سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی بین اسٹوکس کی قیادت میں میزبان ٹیم ٹیسٹ سیریز 2-2 سے ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ انگلینڈ نے چوتھی اننگز میں ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنائے۔ انگلینڈ کو پانچویں دن جیت کے لیے 119 رنز درکار تھے۔ انگلینڈ نے روٹ اور بیئرسٹو کی دھماکہ خیز اننگز کی وجہ سے لنچ سے پہلے ہی کھیل ختم کردیا ۔

 

چوتھی اننگز میں جو روٹ نے ناٹ آوٹ 142 اور جونی بیرسٹو نے ناٹ آوٹ 114 رنز بنائے ۔ ہندوستانی ٹیم نے 15 سال بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا سنہرا موقع گنوا دیا۔ اس سے پہلے سال 2007 میں راہل دراوڑ کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1-0 سے جیتی تھی۔

 

روہت شرما اور کے ایل راہل کی غیر موجودگی میں یہ مانا جا رہا تھا کہ ٹیم انڈیا کم از کم ٹیسٹ ڈرا کر لے گی، لیکن انگلینڈ کے جارحانہ کھیل کے سامنے ٹیم انڈیا کی ایک نہیں چلی ۔ انگلینڈ کی ٹیم نے 145 سال کی تاریخ میں 5ویں مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں 300 یا اس سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف اپنی ٹیسٹ تاریخ کا سب سے بڑا رنز کا تعاقب کیا۔

 

اس سے قبل 2019 میں انہوں نے لیڈز میں آسٹریلیا کے خلاف میچ 359 رنز بنا کر میچ جیتا تھا ۔ نگلینڈ کے جونی بیئرسٹو نے ٹیسٹ کیریئر کی 12ویں سنچری بنائی ۔ ایجبسٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی بیئرسٹو نے ٹیم کیلئے 106 رنز بنائے تھے ۔ بیئرسٹو انگلینڈ کے صرف تیسرے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے ہندوستان کے خلاف دونوں اننگز میں سنچریاں بنائی ہیں ۔ بتادیں کہ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 416 رنز اور دوسری اننگز میں 245 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 284 رنز اور دوسری اننگز میں 378 رنز بنائے ۔