اہم خبریں

قومی شاہراہ بند رہنے سے جموں میں درماندہ مسافر پریشان
خطہ چناب میں سبزیوں، پھلوں و دیگر اشیاء کی قلت ، قیمتوں میں اضافہ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ جموں قومی شاہراہ مسلسل چار روز سے ٹریفک کی آمدورفت معطل رہنے سے جہاں ڈوڈہ ضلع میں سبزیوں ،پھلوں و دیگر اشیاء￿ کی قلت پائی جاتی ہے وہیں کئی مسافر جموں میں درماندہ پڑے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جموں ڈوڈہ قومی شاہراہ پر سمرولی کے نزدیک حالیہ بارشوں کے دوران بھاری پسی گر آنے سے جہاں عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے وہیں تازہ پھلوں، سبزیوں و دیگر اشیاء￿ کی بھی کمی ہوئی ہے۔ ادھر جموں میں پھنسے کئی درماندہ مسافروں نے کہا کہ جہاں حکومت کی جانب سے ان حالات میں پھنسے لوگوں کے لئے کوئی معقول انتظامات نہیں کئے گئے ہیں وہیں نجی ہوٹل عوام کی مجبوری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں دو دو ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ظفراللہ ملک نامی ایک مسافر نے جموں سے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے جار روز سے یہاں پھنسے ہیں اور جموں بس اسٹینڈ و اس کے آس پاس موجود ہوٹل مالکان کھانے پینے کی قیمتوں ناجائز منافع خوری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی قومی شاہراہ بند رہتی ہے تو مسافروں کے لئے کوئی انتظامات نہیں کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہ ناجائز منافع خوری پر روک لگانے و درماندہ مسافروں کے لئے جموں میں معقول انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

ڈی سی کٹھوعہ نے تعمیراتی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا
منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی
کٹھوعہ//ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راہول پانڈے نے پی ایم جی ایس وائی پی ڈبلیو ڈی اور جموں و کشمیر پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن کے ذریعہ چلائے جارہے پروجیکٹوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈی سی دفتر میں منعقد میٹنگ کے دوران ڈی سی نے مختلف سکیموں کے تحت کئے گئے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ زیر التواء سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔پی ایم جی ایس وائی سیکٹر کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے، ڈی سی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں شروع کیے جانے والے تمام سڑکوں کے پروجیکٹوں کے لیے جنگل کی منظوری پر عمل کریں۔ڈی سی نے کام شروع کرنے سے پہلے منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا تاکہ بعد میں پراجیکٹ پر عمل درآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچا جا سکے۔ڈی سی نے ایگزیکٹیو انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی رفتار کو تیز کریں۔ انہوں نے مقررہ وقت میں زیادہ سے زیادہ ٹارگٹ کاموں کو حاصل کرنے کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی زور دیا۔ڈی سی نے متعلقہ افسر پر زور دیا کہ وہ عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں کو یوٹیلیٹی شفٹنگ کے لیے رقم جاری کرے اور تمام نشاندہی شدہ کاموں کی جلد ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔زیر التواء کاموں کے حوالے سے ڈی سی نے متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹھیکیدار کی ذمہ داری کا تعین کریں اور غیر ضروری تاخیر پر شوکاز نوٹس جاری کریں۔ڈی سی نے افسران پر زور دیا کہ وہ مختلف سکیموں کے تحت تمام کاموں کو شفاف اور مقررہ وقت میں انجام دیں۔

محکمہ جنگلات ڈوڈہ نے 131 واں یوم تاسیس منایا
ڈوڈہ// فاریسٹ ڈویژن ڈوڈہ نے جمعہ کو یہاں فاریسٹ کمپلیکس چناب سرکل پر ایک تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کا 131 واں یوم تاسیس منایا۔ملازمین نے درخت لگائے اور محکمہ کی اہمیت، کردار اور ذمہ داریوں پر بات کی۔ اسی دوران بتایا گیا کہ محکمہ کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کا پائیدار انتظام، قبائلی آبادی سمیت جنگلات پر منحصر کمیونٹیز کی حقیقی ضروریات کو پورا کرنا، ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنے کے لیے جنگلاتی پیداوار کا پائیدار استعمال، موسمیاتی تبدیلیوں میں کمی اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔

مڈل سکول پیاکل کے تین اساتذہ غیر حاضر
تنخواہوں پر روک، وجہ بتاو نوٹس جاری
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کی تحصیل بونجواہ کے علاقہ پیاکل میں سکول سے تین اساتذہ غیر حاضر پائے جانے پر انکی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مذل سکول پیاکل میں تعینات تین اساتذہ کو مقامی لوگوں نے جمعرات کو غیرحاضر پایا اور اسکی اطلاع زیڈ ای او درابشالہ کو دی۔ زیڈای او درابشالہ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق پیاکل کے مقامی لوگوں نے انھیں فون پر اطلاع دی کی تین اساتذہ اپنی ڈیوٹی سے غیرحاضر رہتے ہیں جبکہ وہ 23 تاریخ کو بھی غیر حاضر تھے، جسکے بعد سکول ارائیول کی کاپی وہاٹس ایپ پر لائی گئی جس کے بعد ان ملازمین سجاد حسین ٹیچر گریڈ دوم، سوہیل الرحمان ٹیچر گریڈ دوم اور محمد عارف ٹیچر گریڈ دوم کی حاضری پائی گئی جس پر انکے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے تینوں ملازمین کے نام وجہ بتاو نوٹس جاری کردیاگیا ہے اور انھیں دوروز کے اندر وضاحت پیش کرنے کو کہا گیاہے، جبکہ رواں ماہ کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

اے ڈی سی کشتواڑ نے فٹ برج کا افتتاح کیا
کشتواڑ//ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ شام لال نے ایس ڈی ایم چھاترو اندرجیت پریہار، بی ڈی او مغل میدان تسلیم جاوید وانی، سرپنچ سگدی اے غلام محمد اور دیگر پی آر آئی ممبران کی موجودگی میں سگدی اے کے لوگوں کے نام ایک فٹ برج وقف کیا۔یہ پل بیک ٹو ولیج سومکے تحت بنایا گیا ہے جو 25 میٹر لمبا ہے اور یہ تقریباً 4000 کی آبادی کو رابطہ فراہم کرنے کے علاوہ سینکڑوں لائیو سٹاک کے لیے رابطے کا اہم ذریعہ بنے گا جنہیں بصورت دیگر طویل راستے اور دشوار گزار علاقوں سے گزرنا پڑتا تھا۔اے ڈی ڈی سی کشتواڑ نے سگدی اے کی گرام پنچایت کی تعریف کی اور اس قسم کے اثاثوں کو منصوبہ بندی میں رکھنے پر مبارکباد پیش کی جس کا اثر بہت زیادہ ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بی ڈی او مغل میدان اور ان کے فیلڈ عہدیداروں کی گرام پنچایت کی صحیح رہنمائی کرنے اور کوالٹی اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی بھی تعریف کی۔ مقامی باشندوں نے بھی دیہی ترقی کے محکمے مغل میدان کو یہ عظیم اثاثہ فراہم کرنے اور اسے مختصر وقت میں مکمل کرنے پر سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

 

بانہال میں ٹینکر ڈرائیوروں کا احتجاجی مظاہرہ
محمد تسکین
بانہال// بانہال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں ٹینکر ڈرائیور نے بانہال میں ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ احتجاجی مظاہروں پر آمادہ ٹینکر ڈرائیوروں کا کہنا کہ ادہمپور اور رام بن کے علاقوں میں پسیوں اور پتھروں کے گر انے کی وجہ سے شاہراہ کے بند ہونے کی صورت میں بانہال کے ٹینکر ڈرائیوروں کو کشمیر ٹریفک حکام قاضی گنڈ سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دیتے ہیں اور بانہال میں اپنے گھروں سے محض دس کلومیٹر دور قاضی گنڈ میں انہیں کئی کئی روز تک یوں ہی روکے رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کئی بار ٹریفک اور ضلع حکام کی نوٹس میں لایا گیا ہے لیکن ان کے اس مسئلے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار روز سے بانہال سب ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ٹینکر ڈرائیور اپنے شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائیسنس دکھا دکھا کر تنگ آئے ہیں مگر اس کے باوجود بھی انہیں بانہال تک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور ائی جی ٹریفک سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

نوجوانوں کو مطالعہ کی طرف راغب کرنے کی کوشش
بانہال میں لائبریری اور ریڈنگ کیفے کا قیام
بانہال // بانہال قصبہ میں بیت الحکمہ یا علم کا گھر کے نام سے ایک لائبریری اور ریڈنگ کیفے کا افتتاح پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بانہال عبدلرشید گیری کے ہاتھوں کیا گیا ۔ اس موقع پر بانہال کے سماجی کارکن ، صحافی ، طلبہ اور نوجوان موجود تھے۔ بیت الحکمہ لائبریری کا بنیادی مقصد بانہال کے نوجوانوں میں پڑھنے کے رحجان کو فروغ دینا ہے تاکہ انہیں بھی قومی اور ریاستی سطح کے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔اس لائبریری کو شروع کرنے والے نوجوان صہیب اقبال گیری نے بتایا کہ بانہال میں اپنی نوعیت کے اس پہلے اقدام سے نوجوانوں کی توانائیوں کو تخریبی، سماجی اور منفی سرگرمیوں کے بجائے مطالعے اور پڑھنے کی طرف راغب کرنا ہے اور اس کیلئے انہوں نے اپنے چند قریبی ساتھیوں کے ساتھ ہمراہ بانہال میں ایک لائبریری کھولنے کا فیصلہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری کو ہر قسم کی اہم کتابوں اور انٹرنیٹ سمیت دیگر سہولیات سے مزین کیا گیا ہے اور یہاں انے والے نوجوانوں کیلئے پرسکون فضا میں پڑھنے کا موقع میسر رکھا گیا ہے۔ بیت الحکمہ کے لائبریری کے کھولنے کے اس اقدام کا علاقے کے طلباء، والدین اور ماہر تعلیم نے خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس لائبریری سے جڑ کر اپنے خوابوں کی تعبیر کر پائینگے۔

کھڑی میں 2 غیر مجاز میڈیکل سٹور سربمہر
رام بن// ڈرگ کنٹرول آفیسر (ڈی سی او) رام بن امتیاز احمد نے جمعہ کو کھڑی کے دور افتادہ علاقے میں وسیع پیمانے پر معائنہ کیا۔ انہوں نے کھڑی اور ملحقہ علاقوں میں متعدد میڈیکل شاپس کا معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران ڈی سی او نے ڈرگز اینڈ کاسمیٹک رولز 1945 کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی پر 2 میڈیکل سٹورز کو موقع پر ہی سیل کر دیا۔طاقت اور پاکیزگی کا تعین کرنے کے لیے 02 ادویات کے فارمولیشنز کے قانونی نمونے بازار سے خاص طور پر دور دراز علاقوں سے اٹھائے گئے تھے۔ ان نمونوں کو ان کے معیار کے پیرامیٹرز کا پتہ لگانے کے لیے قانونی رائے مرتب کرنے کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھیجا جائے گا۔ مزید برآں، کیمسٹ برادری پر زور دیا گیا کہ وہ ڈرگس اینڈ کاسمیٹک ایکٹ کی دفعات اور اصولوں پر مکمل عمل کریں، ایسا نہ کرنے کی صورت میں محکمہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہوگا۔ ڈرگ انسپکٹر نے ایسے علاقوں کے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ایسے افراد/میڈیکل اسٹورز کی نشاندہی کرنے کے لیے محکمہ کے ساتھ تعاون کریں جو منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں اور نوجوانوں کو نشہ آور ادویات فروخت کرتے ہیں۔ اس نے غیر اخلاقی تجارتی طریقوں کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے مقامی لوگوں/لوگوں کے ساتھ فون نمبر/واٹس ایپ نمبر بھی شیئر کیا۔

ڈی سی ریاسی نے عوامی شکایات کے ازالے کا جائزہ لیا
ریاسی//ڈپٹی کمشنر ریاسی بابیلا رکوال نے جمعہ کو لائن محکمہ جات کے افسران کی ایک میٹنگ طلب کی تاکہ جے کے گرام پر موصول ہونے والی عوامی شکایات کے ازالے کا جائزہ لیا جا سکے۔ڈی سی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایل جی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق زیر التواء شکایات کو جلد نمٹانے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے محکموں سے کہا کہ وہ تمام زیر التواء شکایات کو ایک دن کے اندر حل کریں اور رپورٹ ان کے دفتر کو پیش کریں۔افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ جواب دیں اور موصول ہونے والی شکایات کو اسی دن پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔انہوں نے JKIGRAM کی شکایات کو دور کرنے کا محکمہ وار جائزہ لیا اور افسران سے رائے طلب کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زیادہ تر محکموں کے پاس ایک ہی التوا ہے جبکہ چند محکمے شکایات کے انبار لگا رہے ہیں۔ ڈی سی نے افسر کو تلف کرنے کا عمل تیز کرنے اور جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔