اہم خبریں

سرنکوٹ میں پی ایچ ای ملازمین کا احتجاج
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ میںمحکمہ پی ایچ ایک کے عارضی ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر پُر امن احتجاج شروع کر دیا ہے ۔یومیہ اجرت والے ان ملازمین نے جموں و کشمیر یو ٹی انتظامیہ کے خلاف پرامن احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان عارضی ملازمین کے مطالبات کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ملازمین نے کہا کہ وہ دن رات کام کر رہے ہیں لیکن حکومت ان کی مانگوں و پریشانیوں کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کررہی ہے ۔ملازمین سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں کو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے تاکہ ان کی گھریلو پریشانیاں حل ہو سکیں ۔

 

راجوری ڈائٹ میں 4روزہ تربیتی پروگرام شروع
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ڈسٹرکٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ یا (DIET) راجوری میں 4روزہ صلاحیت سازی کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائٹ راجوری کی پرنسپل حمیدہ بیگم نے اپنے افتتاحی خطاب میں اساتذہ کے اندر صلاحیت سازی اور اس کے دور رس نتائج نتائج حاصل کرنے کیلئے عمر کے مناسب طریقوں کے ساتھ ساتھ تدریسی مواد کے استعمال پر زور دیا۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد بچوں کی ابتدائی سرگرمیوں اور کھیل پر مبنی درس گاہوں کا استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی ڈومینز کو متضاد بنانا ہے۔ اس ورکشاپ میں ضلع کے پندرہ تعلیمی زونز سے ستر کے قریب اساتذہ نے حصہ لیا۔ صلاحیت سازی کے اس پروگرام میں بتایا گیا کہ یہ تربیتی پروگرام اساتذہ کو ابتدائی بچپن کی تعلیم کیلئے ٹیچنگ لرننگ میٹریل (TLM) کو استعمال کرنے اور تیار کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ اس تربیتی پروگرام کو ایچ او ڈی راجیش کمار اور ڈائٹ کی لیکچرر تبسم مرزا نے ترتیب دیا۔ پروگرام میں تکنیکی معاونت نیشنل آئی سی ٹی ایوارڈ یافتہ سنیئر استاد محمد ایاز رینہ جبکہ لاجسٹک سپورٹ سینئر لیکچرر محمد سرور کی جانب سے فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈائٹ راجوری کے جن سینئر اساتذہ نے اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی ان میں ایچ او ڈی تنویر احمد میر، ایچ او ڈی سریش کمار، سینئر لیکچرر انوار السعادت، لیکچرر نسیم بھٹی اور لیکچرر محمد ریاض وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔

 

۔16سالہ لڑکی کی مبینہ خود کشی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ کے گونتھل گائوں میں ایک دوشیزہ نے مبینہ طورپر خود کشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ لڑکی کو تشویش ناک حالت میں سرنکوٹ سب ڈسٹر کٹ ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو بچانے کی پور ی کوشش کی تاہم اس میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے ۔محکمہ صحت کے مطابق انہوں نے جدید طریقہ سے لڑکی کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی تاہم وہ اس کو بچانے میں ناکام رہے ۔لڑکی کی شناخت ارم کوثر دختر شکور احمد سکنہ گونتھل کے طورپر ہوئی ہے ۔بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ ڈاکٹر طارق احمد نے بتایا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اس کو اہل خانہ کے حوالے کر دیاگیا ہے دوسری جانب پولیس نے اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔

 

آدھار کارڈ بنانے میں بہتر کارکردگی  | منڈی کی رخسانہ بیگم ایوارڈ سے سرفراز
عشرت حسین بٹ
منڈی// آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ تحصیل منڈی کے تحت آدھار کارڈ بنانے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی آنگن واڑی ورکر منڈی خاص رخسانہ بیگم کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے ۔موصوفہ پر یوم آزادی کی تقریب کے دوران ایوراڈ سے سرفراز کیاگیا ۔واضح رہے کہ رخسانہ بیگم جنہوں نے گزشتہ چار برس میں تحصیل منڈی کے دور دراز علاقوں میں جا کرپانچ سال تک کی عمر کے بچوں کے چار ہزار اے زائد آدھار کارڈ بنائے جس پر انہیں ان کی بہتر خدمات پر تحصیل انتظامیہ کی جانب سے منڈی میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب کے دوران ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقعہ پر رخسانہ بیگم کومحکمہ کے آفسران آنگن واڑی ورکران اور آنگن واڑی ہیلپران نے بھی مبارک باد پیش کی ہے۔

 

 

پونچھ میں اپنی پارٹی کارکنوں کا اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر اپنی پارٹی کے ضلع صدر و سابقہ ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جہاں پارٹی کے سینئر لیڈران نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ تمام لیڈران نے بااتفاق رائے کیپٹن محمد یونس کو ضلع نائب صدر ایکس سروس مین سیل اپنی پارٹی نامزد کیا وہی چوہدری احسان الہی کو ایس ٹی سیل ضلع جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ نامزد کیاگیا۔ اس موقعہ پر سینئر لیڈر اپنی پارٹی الحاج بشیر خاکی و جنرل سکریٹری ضلع پونچھ سردار سرجن سنگھ، منظور دایہ و دیگر لیڈران موجود تھے جنہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے جموں کشمیر اپنی پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ضلع صدر اپنی پارٹی شاہ محمد تانترے نے کہا کے کیپٹن یونس ہر دلعزیز شخص ہیں جنہوں نے ہمیشہ اس کارواں کو خون سے سینچا۔ انہوں نے کہا چوہدری احسان الہی ایک درد دل رکھنے والے نوجوان ہے جو ہمیشہ سے جوانوں کے حقوق کے لئے بات کرتے ہیں اور یہی وجہ ہیکہ آج پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے ان دونوں حضرات کو پارٹی کی جانب سے ذمہ داری سونپی گئی۔ تانترے نے کہا اسوقت جموں کشمیر کی واحد ایک جماعت ہیوہ اپنی پارٹی ہے جو ہر ذات برادری کو ایک ساتھ لے کر چل رہی ہے اور اسی لئے آچ ایس ٹی سیل کی ضلع کمیٹی کو مضبوط کرنے کے لئے یہ اقدام کیا گیا تاکہ ہر جگہ ایس ٹی برادری کے حقوق کے لئے بات کی جاے تانترے نے کہا ہم کیپٹن محمد یونس و چوہدری احسان الہی کو مبارکباد پیش۔

 

چائلڈ لائن پونچھ کے اراکین کو نوزا گیا
حسین محتشم
پونچھ//یوم آزادی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ پونچھ کی جانب سے بہت سے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو بہتر کارکردگی کے لئے تعریفی اسناد اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس دورس بچوکے حقوق اور ان کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیم چائلڈ لائن پونچھ کو بھی تعریفی سند اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔ چائنا اینچ کے کوآرڈی نیٹر سبزار احمد نے انتظامیہ سے تعریفی سند اور ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم مستقبل میں بھی بچوں کے حقوق کے لئے جدو جہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا انتظامیہ کی طرف سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے جس کے لئے وہ ضلع ترقیاتی کمشنر اور ان کی پوری انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 

کھیلوں کے فروغ کیلئے بہترین کوششیں | پرویز آفریدی ایوارڈ سے سرفراز
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کھیلوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے والے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ (DYSS) کے فزیکل ٹیچر پرویز احمد ملک جو اس وقت جی ایم ایس سہڑی خواجہ میں رہبر کھیل کے طور پر کام کر رہے ہیں، کو سب ڈویژنل مجسٹریٹ (SDM) سرنکوٹ نے نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل ہونے پر ایوارڈ سے نوازا۔یہ ایوارڈ انہیں سرنکوٹ میں75ویں یوم آزادی پر منعقدہ تقریب کے دوران ایس ڈی ایم سرنکوٹ نعیم النساء بھٹی نے دیا اور پرویز آفریدی کی کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے قابل ستائش خدمات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پرجوش کرکٹر ہیں اور سرحدی ضلع پونچھ میں لیجنڈ کرکٹر راہول ڈریوڈ کے نام سے ایک سماجی تنظیم احساس فاؤنڈیشن اور کرکٹ اکیڈمی چلاتے ہیں۔ وہ بغیر کسی فیس کے تربیت اور کوچنگ فراہم کرتے ہیں جبکہ وہ خود کو دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی شامل رکھتے ہیں ۔

 

دور افتادہ علاقوں میں گاڑیوں کا وقت مقرر کرنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے اساتذہ نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ہاڑی مرہوٹ اور موہڑہ بچھائی میں دور دراز کے راستوں پر گاڑیوں کے اوقات کا تعین کرئے جہاں اساتذہ کو اپنی بائیو میٹرک حاضری کے لئے صبح 9 بجے سے پہلے اپنے اسکولوں میں پہنچنا پڑتا ہے، چونکہ ڈرائیوروں کے پاس اپنی گاڑیوں کے ٹائمنگ کا کوئی مقررہ شیڈول نہیں ہے اس لئے ملازمین کو اکثر اپنی پوسٹنگ کی جگہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا چند روز قبل ایک ڈرائیور نے اساتذہ کے ساتھ انتہائی نازیبا زبان استعمال کی اور اسے ڈیوٹی پر جانے سے روک دیا۔انہوں نے اس ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور متعلقہ انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ مذکورہ روٹ پر گاڑیوں کے اوقات کا تعین کرے تاکہ اساتذہ وقت پر اپنے سکولوں میں پہنچ سکیں اور اپنی تفویض کردہ ڈیوٹی آسانی کے ساتھ ادا کر سکیں۔

 

متعدد دیہات میں مشتبہ نقل و حرکت | راجوری و پونچھ کے کئی علاقوں میں تلاشی مہم شروع
سمت بھارگو
راجوری//سیکورٹی فورسز نے راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات پر تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے ۔عہدیداروں نے کہا کہ متعدد اطلاعات ہیں کہ راجوری ضلع کے مختلف علاقوں میں کچھ مشتبہ نقل و حرکت جاری ہے جو ممکنہ طور پر عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت سے منسلک ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان تمام معلومات کوسیکورٹی خدشات کے طور پر لیا گیا ہے جس پر فوج اور پولیس کی ٹیموں کے ساتھ مل کر تلاشی شروع کر دی گئی ہے۔عہدیداروں نے کہا کہ ان معلومات کی وجہ سے علاقوں میں حساسیت اور غلبہ کو یقینی بنانے اور موجودہ سیکورٹی ہائی الرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تلاشی لی جارہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فورسز کی ٹیمیں ان مشتبہ مقامات پر علاقے میں گشت اور تلاشی کا عمل شروع کئے ہوئے ہیں ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری محمد اسلم نے پیر کو میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پورے ضلع میں سیکورٹی کو چوکس رکھا گیا ہے اور فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔