اہم خبریں

بی ڈی سی منجا کوٹ کی ترنگا مہم | کئی پنچایتوں میں قومی پرچم تقسیم کئے گئے
راجوری //منجا کوٹ تحصیل کی متعدد پنچایتوں میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین شمشاد بیگم کی قیادت میں ترنگا مہم چلائی گئی جس کے دوران عام لوگوں میں قومی پرچم تقسیم کئے گئے ۔اس دوران موصوفہ کے ہمراہ کئی پنچایتی اراکین و عام معززین بھی موجود تھے ۔غور طلب ہے کہ بی ڈی سی منجا کوٹ کی قیادت میں بھاجپا کی مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ ترنگا مہم میں سماج کے ہرایک طبقہ کو شامل کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا جارہا ہے ۔گزشتہ روز تحصیل کے پسماندہ دیہات بالخصوص گھمبیر مغلاں ،کوٹلی ،گلہوتی اور دھیر ی ارلیوٹ علاقہ کی کئی پنچایتوں میں گھروں اور تعلیمی اداروں میں جا کر جہاں اس ترنگا مہم کے سلسلہ میں عام لوگوں و سکولی بچوں کو بیدار کیا گیا وہائیں لوگوں میں قومی پرچم بھی تقسیم کئے گئے ۔بی ڈی سی نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملک کی 75ویں یوم آزادی کے جشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جبکہ انہوں نے عوام الناس میں قومی پرچم کی اہمیت احترام کو بھی اجاگر کیا۔

 

 

آزادی کا امرت مہا اتسو | مینڈھر میں ترنگا ریلی و نکڑ ناٹک کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //آزادی کے امرت مہا اتسو کی مناسبت سے جموں وکشمیر آئی آر پی کی جانب سے مینڈھ میں ترنگا ریلی اور ایک نکڑ ناٹک کا اہتمام کیا گیا ۔مینڈھر میں منعقد ہ ریلی میں 200 سے زائد شرکاء کی شرکت تھی جن میں سینٹ فرانسس سکول کے بچوں کیساتھ ساتھ دیگر مقامی سکولوں نے بچے بھی موجود تھے ۔تقریب کے دوران طلباء کی جانب سے ہر گھر ترنگا کی آن بان شان‘کے موضوع پر ایک نکڑ ناٹک بھی پیش کیا گیا۔ ڈگری کالج مینڈھر میں تقریب کے دوران قومی پرچم اور پمفلٹ تقسیم کرنے کے لیے ایک اسٹال بھی لگایا گیا۔ مذکورہ تقریبات میں فلیگ کوڈ آف انڈیا اور دیگر قانونی دفعات کے بارے میں بھی عام لوگوں میں بیداری پیدا کی گئی۔اس پروگرام کا مقصد عوام الناس میں قومی پرچم کی اہمیت کے بارے میں بیداری لانے کے ساتھ ساتھ عوام میں حب الوطنی کے جذبات کو بیدار کرنا اور قومی پرچم کے احترام کو اجاگر کرنا تھا۔

راجوری میں ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل سٹاف کا احتجاج
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کے سٹاف ممبران نے ایک ڈاکٹر اور کچھ پیرامیڈیکل ملازمین کے خلاف کارروائی کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا۔ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے بینر تلے مظاہرین نے یہ احتجاجی مظاہرہ کیا اور جمعہ کی صبح ہسپتال کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح ہسپتال کے میڈیسن وارڈ میں داخل ایک مریض کی موت ہوگئی جس کے بعد اٹینڈنٹ اور ضلع انتظامیہ راجوری نے ایک ڈاکٹر اور دو پیرا میڈیکل اسٹاف کو معطل کرنے کیلئے کارروائی شروع کی۔انہوں نے سینئر ڈاکٹر کی معطلی کا حکم واپس لینے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی دھرنا گھنٹوں جاری رہا جس کے باعث مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات متاثر ہوئیں۔گھنٹوں احتجاج کے بعد ضلع انتظامیہ نے نیا حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہسپتال کے انتظامی افسر اور لاء آفیسر نے رابطہ قائم کیا ہے جس کی بنیاد پر معطل ڈاکٹر کو بحال کر کے تعیناتی کی جگہ پر ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔

انڈین ریزرو پولیس کی ترنگا ریلی
راجوری//حب الوطنی کو فروغ دینے اور اتحاد کا پیغام دینے کیلئے انڈیا ریزرو پولیس کی دوسری بٹالین نے جمعہ کو راجوری میں ترنگا ریلی نکالی۔اس ریلی کی قیادت کمانڈنٹ آئی آر پی سیکنڈ بٹالین رندیپ کمار نے ڈپٹی کمانڈنٹ خالد امین کے ہمراہ کی جبکہ اسے آئی آر پی کے فتح پور ہیڈ کوارٹر سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا اور یہ درہالی پل، گجر منڈی، پنجہ چوک، سلانی پل، پرانے بس سٹینڈ سے ہوتی ہوئی پولیس لائن میں اختتام پذیر ہوئی۔ کمانڈنٹ آئی آر پی سیکنڈ بٹالین رندیپ کمار نے کہا کہ ہر گھر ترنگا قومی احساس اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی ایک مہم ہے جس کے لئے انڈیا ریزرو پولیس کی دوسری بٹالین نے اس ریلی کا انعقاد کیا اور بٹالین کے مختلف رینک کے ہلکاروں و آفیسران نے جوش و خروش کے ساتھ ریلی میں حصہ لیا۔انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرائیں۔ٹریفک پولیس نے راجوری میں بھی اسی طرح کی ترنگا ریلی نکالی جس کی قیادت ڈپٹی ایس پی ٹریفک آفتاب شاہ نے کی۔راجوری قصبہ میں نکالی گئی ریلی میں ضلع کے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔

 

چھڑی یاترا بڈھا امرناتھ منڈی سے واپس دشنامی اکھاڑ پونچھ پہنچی
عشرت حسین بٹ
منڈی// جمعہ کو بڈھا امرناتھ مندر منڈی سے چھڑی یاترا سوامی وشو آتما انند سرو سوتی مہراج کی سربراہی میں دشنامی اکھاڑا پونچھ پہنچائی گئی چھڑی یاترا رکشا بندھن سے تین دن قبل دشنامی اکھاڑا پونچھ سے سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں کو ساتھ لے کر بڈھا امرناتھ مندر منڈی لائی گئی تھی جہاں جموں و کشمیر سے آئے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے رکشا بندھن کے دن پہنچ کر اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کئے تھے اور جمعہ کو بڈھا امرناتھ مندر منڈی سے سرکاری اعزاز کے ساتھ چھڑی کو روانہ کیا گیا بعد ازاں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ کی سربراہی میں ضلع آفسران اور عام لوگوں نے چھڑی یاترا کا دشنامی اکھاڑا پونچھ میں استقبال کیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس برس ملک کے مختلف حصوں اور جموں کشمیر کے متعدد اضلاع سے آئے ہوئے 90ہزار سے زائدیاتریوں نے بڈھا امرناتھ منڈی پہنچ کر اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کئے اگر چہ کوڈ انیس کی وجہ سے گزشتہ دو برس یاتر نہ ہو سکی تھی مگر اس برس بڈھا امر ناتھ مندر منڈی میں کافی تعداد میں لوگوں نے درشن کئے ۔

سرنکوٹ میں طلباء و انتظامیہ کی ریلیاں
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن میںانتظامیہ کیساتھ ساتھ مختلف جگہوں پر سکولی بچوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں ۔سرنکوٹ قصبہ میں نکالی گئی ریلی میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ کیساتھ ساتھ ایس ڈی پی او،تحصیلدار ،نائب تحصیلدار ،میو نسپل کمیٹی کے چیئر مین اور کمیٹی کے کونسلروں کیساتھ ساتھ دیگران نے بھی ترنگاریلی میں شرکت کی ۔ اسی طرح گرل ہائرسکینڈری سکول سرنکوٹ، بوائز ہائرسکینڈری سکول سرنکوٹ ،گورنمنٹ ہائی سکول سنئی ،مڈل اسکول پوٹھہ کے علاوہ کئی اسکولوں میں ترنگا ریلیاںنکالی گئیں ۔

اشتیاق بھٹی کیخلاف کیس درج کیا جائے:راجہ محمود
اْس کی زہر افشانی سے خطہ پیر پنجال میں فساد پھیلانے کا خطرہ
جاوید اقبال
مینڈھر//سیاسی کارکن اور یوتھ پہاڑی لیڈر راجہ محمود خان نے ضلع مجسٹریٹ پونچھ سے اپیل کی ہے کہ سابقہ پولیس افسر اشتیاق بھٹی کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے جنہوں نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اشتعال انگیز اور گمراہ کن بیان دیا ہے جس سے خطہ پیر پنجال کے اندر پہاڑی اور گجر طبقہ جات میں فسادات پھیلنے کا خطرہ لاحق ہے۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران راجہ محمود خان نے کہاکہ پہاڑی قبیلہ جوکہ لسانی، ثقافتی اور نسلی طور مخصوص شناخت رکھتا ہے اور سماجی، تعلیمی واقتصادی طور پسماندہ ہیں، آئین ِ ہند کے تحت جائز مطالبہ کر رہے ہیں۔ جموں وکشمیر کی ہرحکومت اور مرکز کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیشنوں نے اِس مطالبے کو جائز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاک پہاڑی قبیلے کا مطالبہ حکومت سے ہے اور وہی دینے یا نہ دینے کی مجاز ہے لیکن گجر طبقہ کے لوگ غیر ضروری غلط بیانی، گمراہ کن ، بے بنیاد اور من گھڑت بیانات اور دلائل دیکر اِس کی مخالفت کر رہے ہیں۔راجہ محمود نے جموں کشمیر پولیس سربراہ، آئی جی پی جموںسے اپیل کی ہے کہ سابقہ پولیس افسر اشتیاق بھٹی کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور پبلک سیفٹی ایکٹ لگاکر اِس کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جائے، یہ شخص فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اِس کے سوشل میڈیا پروفائل پر بھی دیکھیں کہ ہمیشہ اشتعال انگیز بیانات ہی دیتا ہے۔ اس موقع پر مینڈھر بار ایسو سی ایشن کے چند ممبران بھی اْن کے ساتھ موجود تھے۔

 

تھنہ منڈی کھبلاںمیں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کی پنچایت کھبلاں بی کی عوام نے محکمہ بجلی کے خلاف جم کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ پندراں روز سے بجلی کا ٹرانسفارمر جلا ہوا ہے علاقہ میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہو رہی ہے مگر محکمہ کے ملازمین کو ٹس سے مس نہیں۔ اس سلسلے میں مکینوں نے بجلی کا خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کیے جانے کے خلاف آج جم کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بتایا کہ ان کے علاقے میں پچھلے پندرہ روز سے بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہے اور متعدد مرتبہ متعلقہ محکمہ کو اس کی اطلاع دیے جانے کے باوجود اسے مرمت کیلئے بھی نہیں لے جایا گیا جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہیں عوام کا مزید کہنا تھا کہ علاقہ میں بجلی کے کھمبے بھی پورے گھروں میں نہیں ہیں اور بجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں پر لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ہر وقت خطرہ لاحق رہتا ہے۔ عوام نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرف خصوصی توجہ دیں اور متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کریں کے وہ خراب ٹرانسفارمر کی مرمت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔

 

تھنہ منڈی کالج میں منشیات مخالف پروگرام وحلف بردای
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// آزادی کا امرت مہااتسو کے بینر تلے گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے این ایس ایس یونٹ کی جانب سے منشیات کے خلاف ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا جس میں تمام بچوں سے عہد لیا گیا کہ وہ نہ تو نشہ کریں گے اور نہ ہی نشہ کے کاروبار میں کسی بھی لحاظ سے شریک ہوں گے۔ اس موقع پر طلباء سے مزید کہا گیا کہ وہ اپنے حلقہ اختیار میں آنے والے تمام طلباء اور دیگر نوجوانوں سے یہ عہد لیں کہ وہ نشہ کرے گا نہ نشہ بیچے گا۔ اس موقع پر طلباء سے ہاتھ اٹھوا کر عہد لیا گیا کہ وہ خود بھی اس سے بچیں گے اور دوسروں کو بھی بچائیں گے۔ یہ تقریب پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد قاضی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں کالج کے تمام فیکلٹی ممبران کے ساتھ این ایس ایس کے رضاکاروں اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے ’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ کے تحت منشیات کے خلاف عہد لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نہیم النساء (آفیٹنگ پرنسپل) نے کہا کہ نشہ صرف ایک جسمانی تکلیف نہیں ہے بلکہ ایک نفسیاتی تکلیف بھی ہے لہٰذا منشیات کے استعمال سے مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے کثیر جہتی نقطہء نظر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ صحت مند طرز زندگی گزاریں، تناؤ سے پاک رہیں اور اپنی پڑھائی پر توجہ دیں اور کسی بھی پریشانی کی صورت میں والدین، اساتذہ اور دیگر سرپرستوں کی مدد لیں۔ اس اہم تقریب کا اہتمام این ایس ایس یونٹ کے پروگرام آفیسر پروفیسر محمد شوکت نے کیا۔

 

دیگوار میں مصوری مقابلے کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دیگوار تیڑواں کی طرف سے آزادی کے امرت مہااتسو کے موقع پر سرحدی دیہات کے بچوں کے لئے پینٹنگ مقابلے کا انعقادکیا گیا۔آزادی کا امرت مہااتسو کے موقع پر پینٹنگ کا مقابلہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، دیگوار تیڑوان میں بی ڈی آر ولز کے بچوں کیلئے منعقد ہوا۔ اس پینٹنگ مقابلے کا تھیم آزادی کا امرت مہااتسو، قومی یکجہتی اور قومی پرچم تھا جس میں کل 22 اسکولی بچوں نے کلاس پنجم سے دسویں تک حصہ لیا۔ پینٹنگ مقابلے میں 11 سکول ٹیچرز اور مالٹی مسجد کے مولوی عبدالرحمن نے شرکت کی۔مقابلے کے جج پینل بشمول مولوی عبدالرحمٰن اور اسکول کے دو اساتذہ نے کی۔ سرحدی گاؤں میں آزادی کا امرت مہااتسو کے موقع پر اس تقریب کا اہتمام کا مقصد نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کا اختتام پر جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔

 

پونچھ میں غیر قانونی کان کنی
ملوث گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کرنے کا عندیہ
حسین محتشم
پونچھ// اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ نے اپنے ایک بیان میں عام لوگوں کو اطلاع دی ہے کہ جو ٹریکٹر ، جے سی بی اور دوسری گاڑیاں جو غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی موٹر وہیکل ایکٹ کے سیکشن 53 کے تحت ان کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے گی اور جرم میں ملوث موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 54 کے تحت منسوخ کر دیا جائے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر انہوں نے ایک نوٹس جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بارہا لوگوں کو انتباہ بھی دیا گیا اور انہیں اس طرف متوجہ کیا گیا کہ وہ غیر قانونی کان کنی نہ کریں کیونکہ اس سے نہ صرف ندی نالوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوگئی ہیں لیکن اس کے باوجود ڈوگ اس میں سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اگر کوئی بھی شخص اس جرم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

ضلع جیل پونچھ میں ترنگا ریلی
حسین محتشم
پونچھ//اس وقت جب ملک میں جشن یوم آزادی کی تیاریاں زور و خروش پر ہیں۔سرحدی ضلع پونچھ میں بھی ترنگوں کی بہار آگئی ہے۔ پورے ضلع میں اس خاص موقع کے لئے تیاریاں ہورہی ہیں۔سپرنا ٹینڈنٹ ضلع جیل پونچھ رجنی سہگل نے جیل کے اندر ’’ہر گھر ترنگا‘‘ ریلی نکالی جس میں قیدیوں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی اورہندوستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترنگا اتسو ملک کے نظریات اور امنگوں کا جشن ہے۔اس ریلی کا آغاز حسب روایت قومی ترانہ بجا کر کیا گیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آزادی کا امرت مہااتسو کے زیراہتمام ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں لوگوں کی بھر پور شرکت دیکھنے کو مل رہی ہے۔