اہم خبریں

ڈگری کالج کلہوتراں کے زیر اہتمام ‘ہر گھر ترنگا’ مہم
ڈوڈہ//ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈگری کالج کلہوتران کے پرنسپل ڈاکٹر جاوید اقبال زرگرکی سربراہی میں کالج کے طلباء میں حب الوطنی کے جذبات اور قومی پرچم کے بارے میں آگاہی کو بڑھانے کے لیے تقریبات کا ایک سلسلہ منعقد کیا۔ مہم کے ایک حصے کے طور پر، پی ٹی آئی ونے منہاس کی رہنمائی میں جی ڈی سی کلہوتران نے کالج کے طلباء￿ اور فیکلٹی ممبران میں قومی پرچم تقسیم کیا۔ پرنسپل ڈاکٹر جاوید اقبال زرگر نے طلباء کو بتایا کہ قومی پرچم کی حرمت کو کیسے برقرار رکھا جائے۔ ہر گھر ترنگا’ آزادی کا امرت مہوتسو کے زیراہتمام ایک مہم ہے تاکہ لوگوں کو ترنگا گھر لانے اور ہندوستان کی آزادی کے 75ویں سال کے موقع پر لہرانے کی ترغیب دی جائے۔ یہ ریلی طلباء کو ترنگا کی اہمیت کے بارے میں بیدار کرنے اور ہر گھر ترنگا مہم کے پیغام کو گاؤں اور برادریوں تک پہنچانے کے لیے بھی نکالی گئی ۔

کشتواڑ سے گلاب گڑھ تک ترنگا بائیک ریلی کا انعقاد
عاصف بٹ
کشتواڑ// آزادی کے امرت مہو اتسو کے سلسلے میںکشتواڑ کی سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ سے گلاب گڑھ پاڈر تک ترنگا بائیک ریلی کا انعقاد کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار شرما نے کشتواڑ کے کلید چوک سے ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔بائیک سواروں نے ہر گھر ترنگا کے حکومتی اقدام کے بارے میں بیداری پھیلائی اور راستے میں مقامی لوگوں کی جانب سے ان کا زبردست خیر مقدم کیا گیا۔ 52 بٹالین سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، کشتواڑ پولیس اور کشتواڑ ضلع کے نوجوانوں کے کل 100 رضاکار بائیک کے شوقینوں نے حصہ لیا۔ اسکی قیادت راجیش دھکروال، ڈی آئی جی سی آر پی ایف ،52 بٹالین سی آر پی ایف کے سینئر کمانڈنٹ پرم شیوم نے کی۔ ریلی کا اختتام گلاب گڑھ اسٹیڈیم میں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہوا۔

 

سکھنائی کی عوام دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم
سڑک ،پانی ،مواصلاتی نظام و دیگر سہولیات میسر،دریا پر جلد پل تعمیر کرنے کا مطالبہ
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ واڑون کے دوردراز گائوں سکھنائی کی عوام دورجدیدمیں بھی بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ علاقہ کی عوام نے بتایا کہ آج بھی علاقہ میں سڑک، پانی، مواصلاتی نظام و دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہی نہیں ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ علاقہ موسم سرما میں چھ ماہ تک منقطع ہوکر رہ جاتا ہے جبکہ علاقہ میں دس فٹ سے زاید برف جمع رہتی ہے جس سے لوگ گھروں کے اندر محصورہوکر رہ جاتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ گمرئی سے سڑک کافی خستہ حال ہے اورانہیں راشن و دیگر سامان گھوڑوں پر لانا پڑتاہے جبکہ متعدد مرتبہ گھوڑے دریا میں پانی کے تیزبہائو میںبہہ جاتے ہیںاور اسطرح کے واقعات مسلسل رونما ہوتے ہیںجبکہ حاملہ خواتین ودیگر مریضوں کو بھی وقت پر علاج میسر نہیں ہوتا ہے۔ان کاکہناتھا کہ اگر انتظامیہ نے آج تک دریا پر پل تعمیرکیا ہوتا توانہیں مشکلات پیش نہ آتیں۔لوگوںنے کہا کہ علاقہ میں طبی نظام کا بھی فقدان ہے، جہاں ڈاکٹر بھی دستیاب نہیں وہیں ادویات کا بھی فقدان ہے ،آج تک انتظامیہ کا کوئی بھی افسر علاقے میں نہیں آیا جو عوام کی پریشانیوں کا ازالہ کرتا۔لوگوںنے بتایاکہ سیاسی جماعتوں کے لوگ بھی صرف اپنے ووٹوں کی خاطر ہی علاقے میں آتے ہیں جسکے بعد دوبارہ کبھی لوٹ کر نہیں آتے۔انہوںنے کہا کہ جہاں دیگر سبھی علاقہ جات میں مواصلاتی نظام شروع کیا گیاتاہم سکھنائی ایسا علاقہ ہے جہاں آج بھی لوگوں کو خیرو عافیت دریافت کرنے کیلئے خطوط کاسہارا لینا پڑتاہے۔اگرچہ علاقے کیلئے سڑک کی تعمیر کیلئے نشاندہی کی گئی تھی لیکن نامعلوم وجوہات پر اسے بھی بند کردیاگیا جس کے بعد سے ابھی تک لوگ انتظار کررہے ہیں لیکن سڑک تعمیر نہیںہورہی ہے۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور دریا پر پل تعمیر کیاجاناچاہئے تاکہ علاقہ کی عوام کی مشکلات میں کمی آسکے ۔

ڈمپر و آٹو کیرئیر کے درمیان ٹکر، 2 افراد شدید زخمی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ بھدرواہ شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں 2 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو بھدرواہ ڈوڈہ شاہراہ پر بھالہ کے نزدیک ڈمپر زیر نمبرJK02CW-4373 کی مخالف سمت سے آرہے آٹو کیرئیر زیر نمبرJK02CS-7028 کے درمیان ٹکر لگی جس کے نتیجے میں آٹو کیریئر میں سوار دو افراد زخمی ہوئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا جہاں پر ابتدائی علاج معالجہ کے بعد روی کمار (28)ولد رچھپال چند ساکنہ نانک جموں و سویتی کمار (25)ولد اندرو کمار ساکنہ اودھمپور کو شدید زخمی حالت میں جی ایم سی جموں کے لئے ریفر کیا۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

سنگلدان میں بجلی کی ترسیلی لائن کی زدمیں آکر خچر ہلاک
زاہد بشیر
گول// سنگلدان علاقہ حجام محلہ میں اس وقت ایک خچر ہلاک ہوا جب وہ راستے سے چل رہا تھا کہ اچانک بجلی کی ترسیلی لائن اُس پر گری اور موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راج گڑھ کا ایک مزدور شخص کو سنگلدان میں مزدوری کے لئے آیا ہوا تھا اور خچروں کے ذریعے سے یہاں لوگوں کا سامان ڈھویا کرتا تھا اور وہ یہاں سے خچر لے کر جا رہا تھا کہ اچانک بجلی کی ترسیلی لائن خچر کے اوپر گری اور موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا۔موقعہ پر موجود لوگوں نے بمشکل اپنی جان بچائی اور محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاج کیا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی ترسیلی لائنیں عارضی طور پر سر سبز درختوں اور عارضی بوسیدہ کھمبوں کے ساتھ بندھی ہوئی ہیں اور اس طرح کے حادثات ہوتے رہیں گے کیونکہ یہ لائنیں کسی بھی وقت گر سکتی ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ یہ لا پروائی محکمہ پی ڈی ڈی کی ہے جس وجہ سے ایک غریب کا خچر ہلاک ہو گیا ۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس غریب مزدور کر بھر پور معاوضہ دیا جائے تا کہ اس کے نقصان کی بھر پائی ہو سکے ۔

رام بن سانحہ پراعجاز احمد خان کا اظہار ِ افسوس
رام بن//اپنی پارٹی نائب صدر اور سابقہ کابینہ وزیر اعجاز احمد خان نے ضلع رام بن کے نیرہ علاقہ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آئے سیلابی ریلے میں ماں بیٹی کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ’’ ضلع رام بن کی پنچایت نیرہ میں بادل پھٹنے سے آئے سیلابی ریلے میں ماں بیٹی کے بہہ جانے کے بدقسمت آمیز واقعہ پر مجھے بے حد افسوس ہوا‘‘۔انہوں نے سوگواران کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے آفات سماوی کی وجہ سے ہوئے جانی نقصان کا فوری معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اِس کو آفت سماوی قرار دیکر بادل پھٹنے سے ہوئے متاثرہ کنبوں کو معاوضہ اور ایکس گریشیا ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ مذکورہ پنچایت ومضافاتی علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور سیلابی ریلے کی وجہ سے لوگوں کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگاکر متاثرین کو معقول معاوضہ دیاجائے۔

دھرمونڈ بٹوت میں فوج نے رکھشا بندھن کا تہوار منایا
نواز رونیال
رامبن // جموں وکشمیر کے ضلع رامبن میں فوج کی جانب سے ڈیلٹا فورس ہیڈکوارٹر بٹوت میںہر گھر ترنگا مہم کے موقع پرمڈل سکول دھرمونڈ میں سکولی بچوں اور گاؤں والوں کے ساتھ رکھشا بندھن کا تہوار منایا گیا۔ بھاری بارش کے باوجود پروگرام کی شروعات قومی جھنڈا لہرا کر اور قومی ترانہ گانے سے ہوا۔اس موقع پر آرمی افسران نے مقامی شہری میں قومی پرچم تقسیم کیے اور انہیں اپنے گھروں کے اوپر لہرانے کو کہا۔اس کے بعد گورنمنٹ مڈل سکول، دھرمنڈ کی طالبات اور گاؤں کی کچھ خواتین نے فوجیوں کو راکھیاں بھی باندھیں۔آخر میں آرمی کے زیر اہتمام ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ کے موضوع پر راکھی بنانے اور ڈرائنگ کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کرنے والے طلبہ و طالبات کوانعامات سے بھی نوازا گیا۔

محمدایوب نائیک PDP بلاک صدر کھڑی منتخب
بانہال// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ایک کنونشن رکھا گیا تھا جس میں بلاک باڈی تشکیل دینی تھی جس میں محمد ایوب نائیک کو بااتفاق رائے تیسری بار پی ڈی پی بلاک صدر کھڑی منتخب کیا گیا جبکہ محمدایوب نائیک پہلے ہی زونل صدر بانہال کے طور پر کام کر رہے ہیں۔غلام رسول لون کو سینئر نائب صدر،جمال الدین نائیک مہو، فاروق احمد سرپنچ شگن کو نائب صدر کا عہدہ دیا گیا، جنرل سیکرٹری محمد شریف نائیک کھڑی، پبلسٹی سیکرٹری محمد اقبال کاچرو اور دوسرے بھی عہد داران بنائے گئے۔