اہم خبریں

 

پوٹھہ ۔بیلہ رابطہ پل نا قابل استعمال ،متعدد دیہات متاثر
لوگوں کیلئے دریا عبور کرنا مشکل ،محکمہ تعمیرات عامہ پر غفلت برتنے کا الزام
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کی پنچایت لوہر پوٹھہ کے وارڈ نمبر چھ بیلہ میں بنایا گیا رابطہ پل عوام کیلئے نا قابل استعمال ہو گیا ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے پل کی مرمت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں میں ہوئی تباہ کن بارش کے دوران مذکورہ پل کا بچا ہوا حصہ پانی کی نظر ہو گیا جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 2014میں آئے سیلاب کی وجہ سے پل تباہ ہو گیا تھا تاہم اس کے بعد عوامی مانگ اور مشکلات کے باوجود کئی برسوں تک پل کی مرمت کیلئے کوئی کام شروع نہیں کیا گیا تاہم کچھ عرصہ قبل پل کی تعمیر کیلئے عملی بنیادوں پر کام شروع ہوا تھا لیکن گزشتہ دنوں میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے باقی بچی ہوئی کسر بھی نکل گئی ہے اور اب درجنوں دیہات کا راستہ لگ بھگ بند ہو گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ اب لوگ دریا عبور کرنے کیلئے پیدل چلنے پر مجبور ہیں جس کے دوران سکولی بچوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں ،بزرگوں ،مریضوں و ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔پوٹھہ پنچایت کے مکینوں نے بتایا کہ پل تباہ ہونے کی وجہ سے کلر کٹل ،پوٹھہ کیساتھ ساتھ دیگر درجنوں دیہات کی عوام کو پیدل دریا عبور کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر و ترقی کے نام پر لاکھوں روپے آتے ہیں لیکن ان کوزمینی سطح پر کہاں استعمال کیا جاتا ہے اس کے بارے میں عام لوگوں کو معلوم نہیں ہے تاہم غریبوں کیساتھ ستم ظریفی یہ ہے کہ 8برسوں میں ایک رابطہ پل کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ خود آکر مذکورہ جگہ اور پل کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ محکمہ کو پل کی مرمت کیلئے ہدایت جاری کریں ۔

 

منجاکوٹ میں ہر گھر ترنگا ریلی نکالی گئی
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں مقامی انتظامیہ و سکول منتظمین کے آپسی اشتراک سے ایک ترنگا ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین اور سابقہ وزیر شبیر احمد خان کی قیادت میں منجا کوٹ ہائر سکینڈری سکول میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تحصیلدار منجا کوٹ ،پولیس آفیسران و دیگر آفیسران کیساتھ ساتھ مختلف سکولوں کے ہیڈ ماسڑاور پنچایتی اراکین نے شرکت کی ۔اس دوران یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین نے ہر گھر ترنگا ریلی کو جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا ۔اس ریلی میں مختلف سرکاری سکولوں کیساتھ ساتھ انٹر نیشنل سکول منجا کوٹ ،خان ایجوکیشن منجا کوٹ اور ایل کے پبلک سکول منجا کوٹ سمیت کئی دیگر نجی سکولوں کے سینکڑوں کی تعداد میں طلباء نے شرکت کی ۔

 

کٹار مل میں عوامی دربار کا انعقاد
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل کے کٹار مل گائوں میں ایک عوامی دربار لگایا گیا ۔ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان کی قیادت میں لگا ئے گئے عوامی دربار میں ایس ڈی پی او منجا کوٹ ،بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر منجا کوٹ کیساتھ ساتھ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے جونیئر انجینئر و دیگر محکموں کے متعلقہ آفیسران و ملازمین بھی موجود تھے ۔بلاک پنجگرائین کے کٹارمل گائوں کے مکینوں بالخصوص پنچایتی اراکین نے عام لوگوں کو درپیش مشکلات و ان کی مانگوں کے سلسلہ میں موصوف کو تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔اس دوران انہوں نے پانی کی عدم دستیابی ،بجلی کی خستہ حالی اور سڑکوں کے سلسلہ میں اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے مانگ کی کہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ دن کی دقتیں کم ہو سکیں ۔شبیر احمد خان نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائینگے ۔

 

ریچھ کے حملے میں 2افراد شدید زخمی
عشرت حسین بٹ
منڈی//پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ اڑائی میں دوافرد ریچھ کے حملے میں شدید طور پر زخمی ہوگئے ہیںجن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال بھرتی کروایا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ بدھ کو آڑائی علاقہ میں دو افراد ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی لوگوں کی مدد سے علاج و معالجہ کے لئے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جن کی شناخت محمد اسلم اور خادم حسین سکنہ موڑھ بچھائی حال موہری ڈھوک کے طورپر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق دونوں افراد اپنی ڈھوک موری میں معمول کے مطابق کام کاج میں مصروف تھے کہ اچانک ایک ریچھ نے ان پر حملہ کر دیا جس میں وہ دونوں شدید زخمی ہو گئے ۔اس دوران قریب موجود مکینوں نے دنوں کو ریچھ سے بچا کر منڈی ہسپتال منتقل کر دیا ۔مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے جنگلی جانوروں کو بھگانے کیلئے نہ تو کوئی عملی قدم اٹھایا جارہا ہے اور نہ ہی لوگوں کو کوئی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

 

دبڑ میں پانی کی سپلائی بند ،لوگ پریشان
رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ گائوں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ جل شکتی کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تین ماہ سے محکمہ کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں چار سو سے زائد کنبوں کی سپلائی بند ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین سے لے کر آفیسران تک رجوع کیاگیا لیکن ابھی تک محکمہ کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین اور آفیسران غریب عوام کو ہراساں کرنے میں مصروف ہیں تاہم مقامی اور ضلع انتظامیہ راجوری بھی کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سپلائی کو بحال کروایا جائے ۔دوسری جانب محکمہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ سپلا ئی ٹینک میں دریا کا گندہ پانی جانے کی وجہ سے سپلائی بند پڑی ہوئی ہے تاہم اس کو بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔

 

نوشہرہ پل ۔کلونت چوک رابطہ سڑک خراب
رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ سب ڈویژن میں رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہوتی جارہی ہیں تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے ان رابطہ سڑکوں کی بحالی اور مرمت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نوشہرہ پل سے کلو نت چوک نوشہرہ آنے والی انتہائی اہم اور مین سڑک گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حالی کا شکار ہوتی جارہی ہے لیکن متعلقہ حکام بالخصوص تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک آہستہ آہستہ کھڈوں میں تبدیل ہورہی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو بھی مشکلات در پیش ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے اکثر حصوں سے تار کول اکھڑ گئی ہے لیکن مقامی انتظامیہ متعلقہ محکمہ کو اس سلسلہ میں کوئی بھی نوٹس جاری نہیں کررہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی مرمت کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔

 

پبلک آئوٹ ریچ کے تحت کوٹ دھڑا میں بلاک دیوس کا اہتمام
فلاحی اسکیموں کا فائدہ ہر مستحق تک پہنچنے کی کوششیںجاری :ڈی ڈی سی
راجوری//عوامی شکایات لوگوں کی دہلیز پر خود نوٹس لینے کیلئے راجوری کے ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس کنڈل نے ہفتہ وار بلاک دیوس کے ایک حصے کے طور پرکوٹ دھڑا علاقہ میں عوامی رابطہ کیمپ کا انعقاد کیا۔مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ پنچایت کے نمائندوں نے ڈی ڈی سی کو اپنے علاقوں کے کئی مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سڑکوں کے نئے منصوبوں، اسکولوں کی اپ گریڈیشن، صحت کی بہتر خدمات، سرکاری اداروں میں عملے کی کمی اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کامطالبہ کیا۔تقریب کے دوران مختلف محکموں کے افسران نے عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے اور انہیں ضلع میں نافذ کی جانے والی متعدد اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ڈی ڈی سی نے اس موقع پر پیش کئے گئے تمام مسائل اور مطالبات کو صبر سے سنا اور یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی خدشات کو مرحلہ وار طریقے سے دور کیا جائے گا۔عوام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ عام لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے اور شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے اپنے علاقوں کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے عوام الناس سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فعال تعاون کی اپیل بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ تمام اسکیموں کے فوائد ضلع کے آخری مستفیدین تک پہنچنے کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے افسران کو مشنری جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے لوگ سرکاری اسکیموں سے محروم نہ رہیں۔ انہوں نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی فیلڈ مشینری کو تیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کی مشکلات کو جلد از جلد حل کیا جائے۔

ہر گھر ترنگامہم ،فتح پور راجوری میں تقریب کا انعقاد
راجوری//ہر گھر ترنگا مہم میں بچوں اور عام لوگوں کی شرکت کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور ملک میں اتحاد کا پیغام دینے کیلئے راجوری میں انڈیا ریزرو پولیس کی دوسری بٹالین نے گولڈن انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن ہائر سیکنڈری اسکول فتح پور، راجوری میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔’’ترنگا ایک پرائیڈ‘‘کے عنوان سے منعقدہ پروگرام کمانڈنٹ آئی آر پی سیکنڈ بٹالین رندیپ کمار کی نگرانی میں منعقد کیا گیا جبکہ اس دوران ڈپٹی کمانڈنٹ خالد امین ،فورس کے دیگر عہدیداران، اسکول انتظامیہ کے نمائندوں، مقامی لوگ ،طلباء کے والدین اور اسکولوں کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو عمران رشید کٹاریہ اور ڈی ڈی سی ممبر راجوری سائیں عبدالرشید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمانڈنٹ آئی آرپی سیکنڈ بٹالین، خالد امین نے کہا کہ ترنگا نہ صرف قومی پرچم ہے بلکہ ایک پابند طاقت ہے جو پورے ملک کو متحد رکھتا ہے۔انہوں نے فلیگ کوڈ پر مزید گفتگو کی اور شرکاء سے کہا کہ وہ قومی پرچم کی عزت کا خیال رکھیں اور فلیگ کوڈ کی خلاف ورزی نہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے دیگر تمام پہلوؤں سے قومی پرچم کو سرفہرست رکھیں۔

اجوری میں سی آر پی ایف اہلکار وں کی ریلی
راجوری//ہم آہنگی اور حب الوطنی کے پیغام کے ساتھ سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے بدھ کو راجوری قصبے میں ترنگا ریلی نکالی۔ریلی کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا جس میں سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے حصہ لیا جو گجر منڈی، بس اسٹینڈ، سلانی پل سے ہوتی ہوئی پولیس لائنز میں پہنچ کراختتام پذیر ہوئی۔بعد ازاں پولیس پبلک اسکول راجوری کے طلباء کے ساتھ ایک بات چیت کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں اسکول کے طلباء نے حصہ لیا اور ہاتھوں میں ترنگا تھامے رکھا۔طلباء کو ہر گھر ترنگا ابھیان کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور مہم کے سفیر بننے اور اپنے والدین سے اپنے گھر کے اوپر قومی پرچم لہرانے کی اپیل کی۔

 

لنگر ہائی سکول میں پینٹنگ مقابلے کا اہتمام
راجوری//ہر گھر ترنگا مہم کو جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں تک پہنچانے کے لئے کلال راشٹریہ رائفلز نے گورنمنٹ ہائی اسکول لنگر میں پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا۔یوم آزادی کے عنوان سے منعقدہ اس مصوری مقابلے کا اصل مقصد طلباء کو مذکورہ مہم کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا تاکہ اس مہم میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایا جاسکے ۔تقریب کی صدارت کلال راشٹریہ رائفل کے عہدیداروں نے کی جبکہ اسکول کا عملہ، طلباء کے والدین اور اسکول کے طلباء و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کے دوران واک تھرو ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا اور آخر میں مقابلہ جیتنے والوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔بچوں نے تقریب میں شرکت پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔

 

راجوری سڑک حادثات میں 5زخمی
راجوری//راجوری ضلع میں بدھ کو پیش آئے دو سڑک حادثات میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق لام تھلکا روڈ پر قلعہ درہال کے مقام پر دو کاروں کے درمیان تصادم ہوا جس میں دو افراد زخمی ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے جن میں ایک کار ڈرائیور شامل ہے جس کا نام عثمان حسین ولد محمد اسحاق سکنہ اندروٹھ راجوری ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو علاقے کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا ہے۔عہدیداروں نے مزید کہا کہ دوسرا حادثہ کالا کوٹ میں آئی ٹی آئی کالج کے قریب اس وقت پیش آیا جب دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔حکام نے بتایا کہ اس حادثے میں سوہن لال، رتن سنگھ اور محمد لیاقت زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

نوعمر دریامیں ڈوب گیا
راجوری//راجوری کے راج نگر بدھل علاقے کا ایک نوجوان لڑکا بدھل کے گھبر علاقے میں ندی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔مرنے والے کی شناخت عمر فاروق (18) ولد محمد فاروق سکنہ موڑہ گھبر بدھل کے بطور ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ لڑکا ندی کے قریب موجود تھا جب وہ اس میں گر کر ڈوب گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ مقامی تھانے میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔

 

غیر قانونی کان کنی کے خلاف بھرپور مہم
پونچھ میں کئی گاڑیاں ضبط، جرمانہ عائد کیا گیا
حسین محتشم
پونچھ// دریائے سرن اور بیتار نالہ میں غیر قانونی کان کنی کی شکایات کے بعد ریونیو اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم جس میں نائب تحصیلدار معروف خان، نائب تحصیلدار اختر عباس نے مختلف غیر قانونی کان کنی کے مقامات پر چھاپہ مارے۔ یہ ساری مشق ڈپٹی کمشنر پونچھ اندر جیت(کے اے ایس)ہدایت پر تحصیلدار حویلی انجم خٹک، اے آر ٹی او پونچھ بشارت محمود اور ایس ایچ او حویلی رنجیت سنگھ راؤ کی نگرانی میں ہوئی۔زیادہ تر مقامات پر ندی کے کنارے سے مواد اکٹھا کرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور اپنی ٹرالیوں اور ٹپروں کو پیچھے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ایسی 17 گاڑیوں کے ٹائروں سے ہوا نکالی گئی اور ایف آئی آر کے اندراج کے لئے تفصیلات جمع کی گئی۔ اس لعنت کو روکنے کیلئے غیر قانونی کان کنی کی سہولت کے لئے بنائے گئے 3 ریمپ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 4 گاڑیاں ضبط کی گئی۔ کان کنی میں ملوث اوزار اسپیڈ، درانتی وغیرہ بھی ضبط کئے گئے اور چند ڈرائیوروں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ انتظامیہ کے اس اقدام کا مقصد غیر قانونی کان کنی ایسے کاموں سے لوگوں کو باز رہیں۔افسراں نے لوگوں کو ایسے اقدام سے باز رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کارروائی کے دوران دیگوار، شہر خاص، کھنیتر اور جھلاس سیکٹر میں چھاپے مارے گئے۔ افسران نے مزید کہا کہ کان کنی کی غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے متعدد جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور وہ مائننگ مافیا کو ماحول کو مزید خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ امید ہے کہ ایسی غیر قانونی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

 

شہید اورنگزیب کے گھر پر ترنگا لہرایا گیا
بھا جپا کے ریاستی صدر نے خراج عقیدت پیش کیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ اور ہند فوج کے باہمی اشتراک سے سیلانی مینڈھر میں آزادی کا امرت مہااتسو کے موقع پر ہر گھر ترنگا مہم کے تحت ملک کیلئے قربان ہونے والے اورنگزیب کے گھر پر ترنگا لہرایا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی قربانی کو یاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر بھاجپا کے جموں کشمیریونٹ کے صدر رویندر رینہ، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت،ایس ڈی ایم جہانگیر خان،ایڈیشنل ایس پی محمد مشیم،ایس ڈی پی او مینڈھر شیزان بھٹ، بھاجپاضلع صدرانجینئرمحمد رفیق چشتی،کمانڈنگ آفیسر گوورو کمار کے علاوہ دیگر افسران، پارٹی کارکنان اور اورنگزیب کے والد محمد حنیف انکے گھر پر ترنگا لہرایا اور انکی قربانی کو یاد کیا۔ اس موقعہ پر ایک پروگرام بھی منعقد ہوا جس میں ضلع صدر انجینئرمحمد رفیق چشتی، رویندر رینہ اور دیگران نے عوام سے اورنگزیب کی قربانی کے متعلق خطاب کیا اور انکی قربانی کو یاد کیا۔ پروگرام کے بعدضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت نے اس پروگرام کو منعقد کرنے کے لئے انتظامیہ کے تمام افسران اور فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتظامیہ کے لئے فخر کی بات ہے کہ انہیں یہاں ترنگا لہرانے کا موقع ملا ہے اور آزادی کے امرت مہااتسو کے موقعہ پر ایسے ویرجوانوں کی قربانیوں کو ایک اہم خصوصیت اور رتبہ دیا گیا ہے جس کے تحت ایسے بہادر ویرجوانوں کے گھروں تک پہنچ کر انکے گھر ترنگا لہرانا اور انکے لواحقین کے ساتھ اظہاری ہمدردی کرنا بھی اس مہم کا ایک حصہ ہے۔

محکمہ فوڈ سیفٹی نے دودھ کے نمومونوں کی جانچ کی
حسین محتشم
پونچھ//کمشنر فوڈ سیفٹی شکیل الرحمان اور ڈپٹی کمشنر فوڈ سیفٹی مدن منگوترا کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی طارق محمود اور انکی پوری ٹیم نے ایم ایف ٹی وی گاڑی کے ذریعہ پونچھ کے مختلف مقامات پر دودھ کی جانچ مہم کا آغاز کرتے ہوئے دودھ کی مقدار کی جانچ کے لئے نمونے لیکر موقعہ پر انکی مقدار کو چیک کیا۔اس دورس دیگر اشیاء ، جن میں مٹھائیاں اور دودھ سے بنی ہوئی کھانے پینے کی دیگر چیزیں ہیں ان کے نمونوں کی بھی جانچ کی گئی۔ تاجروں و دودھ فروخت کرنے والوں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ صاف شفاف اور اعلی مقدار کا دودھ فروخت کیا جائے اور صاف شفاف مٹھائیاں و دیگر کھانے پینے کی اشیاء عوام کو فروخت کی جائیں ورنہ انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جرمانہ بھی عاید کیا جائیگا۔محکمہ کی اس مہم کو لے کر مقامی عوام نے انکی ستائیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور مزید مستقبل میں اس مہم کو مسلسل جاری رکھنے کی بھی امید ظاہر کی ہے۔

جموں و کشمیر اور لداخ کے زرعی جغرافیہ پر سیمینار
حسین محتشم
پونچھ//شعبہ جغرافیہ جغرافیہ کرشن چندر گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے زیر اہتمام 10 اگست 2022 کو جموں، کشمیر اور لداخ کی زراعت پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شازیہ کوثر، قولین کور، اور شائستہ، شہباز، زہرہ خانم، رخسانہ کوثر، حفظہ گلزار، محمد سلیم سمیت 10 شرکاء نے شرکت کی۔ ، سمیہ پروین، صوبیہ خورشید اور شازیہ کوثر نے سیمینار کی نظامت کی۔جغرافیہ کے لیکچرر ڈاکٹر یوگراج سنگھ نے کہا کہ “اس طرح کی سرگرمیاں جیسے سیمینار اور مباحثے موثر تدریسی سیکھنے کے عمل کا ایک لازمی حصہ ہیں اور یہ طلباء کیلئے ہمیشہ اچھا ہوتا ہے کیونکہ اس سے شخصیت کی مجموعی نشوونما میں مدد ملتی ہے اور یہ سلسلہ اعتماد اور طلباء کی مواصلات کی مہارت کو بہتر بناتا ہے۔ سیمینار کو جغرافیہ کے شعبہ شری کرشن چندر گورنمنٹ ڈگری پونچھ کی تدریسی اور غیر تدریسی فیکلٹی بشمول جغرافیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مجاہد مغل اور پروفیسر خادم حسین، کوآرڈی نیٹر IQAC اور HOD جیوگرافی کی موجودگی سے میںہوا۔ پروفیسر خادم حسین نے سیمینار کے اختتام پر طلبہ سے ان کی پریزنٹیشنز کے حوالے سے بات چیت کی اور اس طرح کی تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد پر فیکلٹی اور طلباء کو سراہا۔