اہم خبریں

محرم الحرام کی مناسبت سے جامع مسجد مینڈھر میں پروگرام
جاوید اقبال
مینڈھر // محرم الحرام کی مناسبت سے مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر جامع مسجد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں پر امام حسین کی تعلیمات اور شہاد ت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔امام جامع مسجد مولانا محمد سلطان نقشبندی کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران ختمات شریف کا اہتمام بھی کیاگیا تھا جس کے دوران ایک جلوس بھی نکالا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔جلوس قصبہ مینڈھر کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے واپس جامع مسجد میں اختتام پذیر ہوا تاہم اس دوران خصوصی دعائیہ مجلس کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے دوران ملک اور جموں وکشمیر کی سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔اس کے بعد لنگر بھی تقسیم کیا گیا ۔

 

امام حسین نے حق اور باطل میں فرق بتایا :مفتی بشارت
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں یوم عاشور کے موقع پر مرکزی جامع مسجد سرنکوٹ میں عزادران کی جانب سے ختمات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس دوران جلوس کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جوکہ جامع مسجد سے نکل کر اقبال نگر سرنکوٹ تک جاتا ہے ۔اس موقع پر مولانا مفتی سید بشارت حسین رضوی مہتمم دارلعوم رضویہ سلطانیہ مرکزی جامع مسجد سرنکوٹ،امام و حطیب مرکزی جامع مسجد سرنکوٹ عبد المصطفے، امام و حطیب جامع مسجد غوثیہ عبدالمجید قادری امام وخطیب جامع مسجد اکبری اقبال حافظ عبدالرزاق خان امام وخطیب مولانا اخلاق حسین قادری جامع مسجد مولا علی ٹنڈ سیداں سنئی ،یوتھ لیڈر طارق اشرف ڈی ڈی سی ممبر سرنکوٹ شاہنواز چوہدری کے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے یوم عاشور کے موقعہ پر نکالے گئے جلوس میں شرکت کی ۔جلوس کے دوران مقررین نے امام حسین کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین نے حق اور باطل میں فرق کر دیکھایا جبکہ انہوں نے دین کو بچانے کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی ۔مقررین نے کہاکہ امام حسین نے باطل کے سامنے سر نہیں جھوکنے دیا بلکہ جھوٹ کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت حاصل کی ۔ مولانا بشارت حسین رضوی نے کہا کہ آج کی تاریخ میں لوگ اہلبیت سے منہ موڑ کر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ کربلا میں خود گئے تھے۔ مگر ایسا نہیں بلکہ کوفہ سے کئی خطوط انہیں بھیجے گئے تھے لیکن کوفہ والوں امام عالی مقام کے ساتھ دھوکا کیا جس کی سزاان کو قیامت تک ملے گی ۔ انھوں نے کہا کہ جو اہلبیت سے بغض رکھتا ہے وہ القران کا منکر ہے اور جس نے اہلبیت کو اذیت پہنچائی اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اذیت پہنچائی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اذیت پہنچائی اس نے اللہ کو آذیت دی۔ انھون نے کہا کہ آج لوگ الگ الگ فرقوں میں تقسیم ہیں کوئی اہلبیت کی محبت میں اتنا آگئے نکل گیا کہ وہ اصحابہ اکرام ادب بھول گیا اور کوئی اصحابہ کی محبت مں اتنا مگن ہو گیا کہ وہ اہلبیت کی محبت سے تاریک ہو گیا دونوں گمراہ ہیں۔مولا نا موصوف نے کہاکہ مسلمانوں کو چائے کہ وہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور سیرت حسین علیہ السلام کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

 

سرنکوٹ میں سبیلوں کا اہتمام کیا گیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ میں یوم عاشورہ کے پیش نظر سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔جموں پونچھ شاہراہ پر سنئی کے مقام پر ایک سبیل لگائی گئی جہاں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو پانی اور شربت تقسیم کرنے کا بندوبست کیا گیا تھا ۔سماجی کارکن و سیول سوسائٹی رکن جاوید حسین ہمدانی نے بتایا کہ کہ ہر سال سبیل لگائی جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے دو سال تک کورونا وائرس کی وجہ سے سبیل کا اہتمام یوم عاشورہ پر نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے بتایا کہ دیگر درجنوں نوجوانوں کی مدد سے وہ مذکورہ دن پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو پانی اور شربت پلاتے ہیں تاہم امت میں اتحاد پیدا ہو سکے ۔ وہیں سرنکوٹ کے اقبال نگرمیں ایک عالی شان سبیل کا اہتمام کیاگیا تھا جس کو سمایل فار ہیلپ فائو نڈیشن کے بینرتلے ممبر احمد رضا خا ن کی قیادت میں لگایاگیا تھا ۔تنظیم کے منتظمین نے بتایا کہ اس دوران کئی نوجوانوں نے لوگوں کو پانی و شربت فراہم کیا ۔اس کے علاوہ بس سٹینڈ چیک پوسٹ مرکزی عید گاہ و دیگر علاقوں میں بھی سیبلوں کا اہتمام کیاگیا تھا جہاں پر جلوس کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی پانی فراہم کیاگیا ۔اس موقعہ پر منتظمین میں ماسٹر شجاعت کاظمی ،ایڈوکیٹ رومان منہاس، ماسٹر سجاد شاہ، پنچ شاہ فیصل روایت حسین شاہ احمد رضا توصیف اکرام سکندرحیات وسیم حسین شاہ عاصف بجاڑ کے علاوہ دیگرکئی لوگ شامل تھے۔

 

کانگریس نے جموں میں پد یاترا نکالی ،ریاستی درجہ کی بحالی کا مطالبہ
جموں// جموں و کشمیر کانگریس نے منگل کو بھور کیمپ سے ستواری چوک تک ’’آزادی کی گورو پدیاترا‘‘ نکالی جس کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے سابق ریاست کا ریاست کا درجہ بحال کرنے کے مطالبے کو دہرایا۔ پیدل مارچ کی قیادت کرنے والے بھلا نے کہا کہ ‘پد یاترا’ کا اہتمام ہندوستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا تاکہ شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا جا سکے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام عام کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پد یاترا 15 اگست کو اختتام پذیر ہوگی اور پارٹی ملک کے 75 ویں یوم آزادی کو منانے کے لیے ہر ضلع میں 75 کلومیٹر طویل مارچ کرے گی۔بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے بھلا نے اس پر جمہوریت کو پامال کرنے، آئین کی خلاف ورزی کرنے اور اداروں کا غلط استعمال کرنے کے علاوہ سماج کے سماجی تانے بانے کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔انہوںنے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ فوری بحال کرنے اور ایک مقبول حکومت کی راہ ہموار کرنے کے لیے اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی پارٹی کے مطالبے کو دہرایا۔بھلا نے کہا کہ کانگریس قیادت نے تحریک آزادی میں بہت بڑا حصہ ڈالا ہے اور 60 سال تک آئینی حکمرانی فراہم کی ہے۔ان کا کہناتھا”یہ تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ ملک میں ہر طرح کی ترقی 2014 کے بعد ہی ہوئی، جب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے اقتدار سنبھالا… یہ درست نہیں ہے جیسا کہ سابق وزرائے اعظم جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے بنیاد رکھی تھی اور انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔سابق وزیر نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملک میں کچھ طاقتیں تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

 

بھدرواہ میں بھی کانگریس کا حکومت مخالف احتجاج
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں حکومت مخالف ریلی نکالی گئی جس میں مرکزی سرکار کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ضلع صدر شیخ مجیب علی کی قیادت میں مظاہرین نے کہا کہ موجودہ سرکار عوام کو بنیادی سہولیات بہم پہنچانے میں ناکام رہی ہے۔ضلع صدر شیخ مجیب علی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے نوٹ بندی، جی ایس ٹی و مہنگائی کو فروغ دے کر عام آدمی کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا بے کاری و بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے اور حکومت فرقہ پرستی و نفرت کی سیاست کو بڑھاوا دے کر سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کی خاطر کئی قربانیاں دیں ہیں لیکن بدقسمتی سے آج کی سرکار پارٹی قیادت کے خلاف مختلف ہتھکنڈے اپنا کر ہراساں کر رہی ہے جو کہ جمہوریت کے خلاف ہے۔ انہوں نے جمہوریت کی بالادستی کے لئے نفرت کی سیاست کو ختم کر کے ایک خوشگوار و صاف ستھرا معاشرہ تشکیل دینے پر زور دیتے ہوئے لوگوں سے آپسی بھائی چارہ کو مضبوطی کے ساتھ قائم و دائم رکھنے کی اپیل کی۔

 

 

ریاسی کٹرہ روڈ پر سڑک حادثہ،بی ایم او زخمی
زاہد بشیر
مہور//ضلع ریاسی کے کٹرہ مہور روڈ پر بی ایم او مہور اُس وقت زخمی ہوئے جب کالا موڑ کے نزدیک گاڑی ڈرائیو رکے قابو سے باہر ہو گئی اور نیچے دس میٹر جا گری ۔ تفصیلات کے مطابق محمد اشرف کولی ولد فضل الدین کولہ ساکنہ چکلاس تھرو حال جموں عمر55سال جو جموں سے مہور کی جانب آرہا تھا کہ اچانک کالا موڑ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے بلیروزیرنمبر JK02۔CM8309باہر ہو گئی اور نیچے دس میٹر جا گری جس وجہ سے بی ایم او شدید زخمی ہوا جبکہ ڈرائیور کو اس حادثہ میں کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ بی ایم او کو فوری طور پر ضلع ہسپتال ریاسی علاج و معالجہ کے لئے منتقل کیا گیا ۔

 

رام بن میں کنٹینر ڈرائیور کی مشکوک حالت میں موت
نواز رونیال
رام بن // جموں سرینگر قومی شاہراہِ پر ہمسایہ ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرائیور کی مشکوک حالت میں موت واقع ہوگئی ہے۔پولیس اطلاعات کے مطابق ایک کنٹینر زیر نمبرPB08DG 3165 جموں سے سرینگر کی جانب نلکے لوڈ کر لے جارہا تھا کہ گزشتہ دیر رات ڈرائیور درشن ولد دیال سنگھ ساکنہ امرتسر پنجاب نے اپنی گاڑی پیڑہ کے مقام پر کھڑی کر کے بی آر کھجوریہ ڈھابہ میں کھانا کھانے گیا تھا کہ ڈھابہ کی چھت سے گر کر شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فوراً زخمی ڈرائیور کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ چندرکوٹ پولیس تھانہ نے قانونی لوازمات پورے کرنے بعد لاش وارثین کے حوالے کر دی اور 174 سی آر پی سی کے تحت کاروئی شروع کر دی ہے۔

 

 

ڈوڈہ ضلع میں 2 حادثات،کمسن بچے سمیت 10 افراد زخمی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک کمسن بچے سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ساڑھے بارہ بجے کے قریب کشتواڑ سے جموں جارہی ایک سینٹرو گاڑی زیر نمبرJK17A-0723عسر کے نزدیک حادثہ کا شکار ہوئی جس میں سوار میاں بیوی زخمی ہوئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد الخیر فاؤنڈیشن کے رضاکار و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو پی ایچ سی عسر میں بھرتی کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی علاج کے بعد انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا۔ان کی شناخت سہرشہ (24)ولد سریندر گپتا و مسکان (22)ولد سہرشہ ساکنہ کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر منگل کی شام بھدرواہ چمبہ سڑک پر مشدیو نالہ کے نزدیک پدری سے بھدرواہ کی طرف آرہے ایک ایکو گاڑی زیر نمبرJK06A-8973حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں کمسن بچے سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پولیس و مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بھدرواہ منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی علاج کے بعد ایک کمسن بچے کو جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا گیا جبکہ دیگر سات افراد بھدرواہ میں ہی زیر علاج ہیں۔ان کی شناخت نیہا دیوی(18)دختر سیوا رام، نکیتہ دیوی (17)دختر سیوا رام، ردھا ٹھاکر (16)دختر سیوا رام،سکھمہ دیوی (25)زوجہ روی کٹوچ، سنہ دیوی (25)دختر مہندر سنگھ،روی کٹوچ(30)ولد مہندر سنگھ و رنجنہ دیوی (26)دختر مہندر سنگھ ساکنہ برشالہ ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔اے ڈی سی بھدرواہ چوہدری دلمیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثہ میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں بھدرواہ ہسپتال میں بھرتی کیا ہے جہاں پر ان کی حالت مستحکم ہے۔

 

کشتواڑ میں بجلی نجکاری بل کیخلاف ملازمین کا احتجاج
عاصف بٹ
کشتواڑ//متنازعہ بجلی ترمیمی بل 2022کی مخالفت میںپی ڈی ڈی ملازمین کی طرف سے کشتواڑ ضلع کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیرمیں ایک روزہ ہڑتال کی گئی ۔میڈیا سے بات کرتے ہوے ملازمین نے خدشہ ظاہر کیا کہ دیہی علاقوں یا اس سے کم ریونیو یونٹس کو پی ڈی ڈی کے تحت رکھا جائے گا اور شہری علاقوں کو چیری پکنگز کے طور پر پرائیویٹ پلیئرز کے حوالے کر دیا جائے گا جس سے SEBs/ Discoms کی مالی صحت مزید خراب ہو جائے گی۔ مظاہرین نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حکومت ملازمین کو درپیش مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ پی ڈی ڈی ملازمین کو حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس محکمے کے جے ای کو صرف 30 روپے ایف ٹی اے ادا کیا جاتا ہے جو کہ ناانصافی ہے۔ پی ڈی ڈی انجینئرز کو عرصہ دراز سے ریگولرائز نہیں کیا گیا۔ احتجاج کرنے والے ملازمین نے بتایا کہ 1990 کے بعد سے لائن مین کی سطح پر ڈپارٹمنٹ میں کوئی نئی بھرتی نہیں کی گئی۔ 2004 میں کشتواڑ پی ڈی ڈی میں 240 عملے کے ارکان تھے لیکن فی الحال ریٹائرمنٹ کی وجہ سے یہ تعداد کم ہو کر 140 رہ گئی ہے۔ ہڑتالی ملازمین نے اس طرح کی کوشش کو روکنے کے لیے کہا اور اپنے ملازمین کو دوسروں کے برابر تنخواہیں و دیگر سہولیات فراہم کرنے کو کہا۔

 

کٹھوعہ میں JCOکی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا
کٹھوعہ/جموں//فوج کے ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) جسے مغربی بنگال میں ایک ہاتھی نے روند ڈالا تھا، کی آخری رسومات منگل کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں واقع اس کے آبائی شہر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔دفاعی حکام نے بتایا کہ 25 گرینیڈیئرز کے صوبیدار رام سنگھ ڈیوٹی پر تھے جب ہاتھیوں کے ایک گروپ نے 6 اگست کو سلی گڑی میں ان کی چوکی پر حملہ کر دیا، جس سے ان کی موت ہو گئی۔انہوںنے بتایا کہ سپاہی کی لاش کو کٹھوعہ کے ناگری گاؤں میں اس کی رہائش گاہ پر لایا گیا، جہاں فوج، پولیس اور سول افسران نے اس کے تابوت پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بعد میں اس کی لاش کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد آتش کیا گیا۔ہزاروں دیہاتی، قومی پرچم اٹھائے ہوئے، ان کے آخری سفرشامل ہوئے اور افسر، فوج اور ملک کی تعریف میں نعرے لگائے۔ان کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ اصل میں ڈوڈہ ضلع کا رہنے والا، سنگھ ایک دہائی قبل کٹھوعہ ضلع کے درہالہ گاؤں میں شفٹ ہو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ستمبر 1995 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور حال ہی میں انہیں لیہہ سے مغربی بنگال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے قوم کی خدمت میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

بجلی بل 2003میں ترمیم قبو ل نہیں
عوام مخالف بل کے خلاف احتجاج کرنے کا انتباہ
حسین محتشم
پونچھ//حکومت کی طرف سے بجلی بل 2003 میں یکطرفہ ترمیم کے خلاف جہاں محکمہ کے سبھی ملازمین سراپا احتجاج ہیں، وہیں پونچھ کے معروف و مشہور سیاسی و سماجی کارکن و انصاف موؤمنٹ کے چیئر مین جاوید اقبال ریشی نے بھی اس بل کے خلاف ملازمین اور بجلی کے صارفین کے حق میں اپنی آواز بلند کر دی ہے۔ انہوں نے ایک پریس بیان جاری کر کے مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کیے اس ترمیم کی وجہ سے جہاں ملازمین کو نقصانات ہو رہے ہیں وہی بجلی کے صارفین کو تقریبا ڈھائی روپے فی یونٹ جو بجلی کا کرایہ ادا کرتے ہیں وہ ساڑھے سات روپے فی یونٹ سے زیادہ ہو جائے گا جو غریب صارفین کے لئے ادا کرنا ناممکن ہوگا۔ انہوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر حکومت نے عوام مخالف اس بل کو واپس نہیں لیا تو وہ بھی ملازمین کے حق میں صدائے احتجاج بلند کریں گے۔

 

بڈھا امر ناتھ یاترا 2022،چھڑی مبارک منڈی پہنچی
حسین محتشم
پونچھ//سیکورٹی کے سخت انتظامات میں پونچھ دشنامی اکھاڑے سے نکل کر چھڑی مبارک منڈی بڈھا امرناتھ پہنچ گئی جہاں پر دوجآ روہن اور بھومی پوجن کا اہتمام ہوا۔ مہنت دپیندرا گری کی نگرانی میں شیو اور شکتی کی پرتیک دونوں چھڑیاں پہلگام سے مارٹنڈ کے سوریہ مندر پہنچائی گئی اور وہاں پر مقدس اشنان کا اہتمام ہوا۔مذہبی طور پر آج سے رکشا بندھن تک بڈھا امرناتھ میں چھڑی رہے گی ۔اس دوران ہر روز خصوصی پوجا ارچنا ہوگی ہے، جو شراون پورنما کے روز مقدس گپھا میں آخری درشن کے ساتھ اختتام ہوگی۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بڈھا امرناتھ کی انتظامیہ کے اہم رکن نے کہا کہ آج سے ہی دھارمک روپ سے شری بڈھا امرناتھ جی یاترا کا باضابطہ آغاز ہوتا ہے، جبکہ شراون پورنماشی جو کہ رکشا بندھن کے دن ہے کہ روز بڈھا امرناتھ چٹانی با با میں پوجا کے ساتھ ہی یہ یاترا اختتام پذیر ہوگی۔چھڑی مبارک کے پہنچنے پر یاتریوں کی ایک خاصی تعداد نے روایتی طریقے سے چھڑی کا استقبال کیا۔ جبکہ عام انتظامات کے ساتھ ساتھ بڈھا امرناتھ یاترا میں مقامی لوگوں کے رول کی بھی سراہنا کی گئی۔ پونچھ میں جاری بڈھا امرناتھ یاترا نے ہمیشہ بھائی چارے اور امن کا پیغام بلند کیا ہے۔ جبکہ مقامی لوگوں نے ہمیشہ بڈھا امرناتھ یاترا کی خوش آمد کی ہے اور آج بھی حسب روایت یہاں کے لوگوں نے چھڑی کا استقبال کیا۔

 

سیکورٹی فورسز نے درہال میں تلاشی آپریشن شروع کیا
سمت بھارگو
راجوری//سیکورٹی فورسز نے منگل کو راجوری کے درہال علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد ایک بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب درہال علاقے میں کچھ مشتبہ نقل و حرکت ہوئی جس کے بعد ہائی الرٹ جاری کرکے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ درہال ٹائون کے علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کے حوالے سے یہ ایک اعلی ممکنہ انٹیلی جنس معلومات ملی تھی جس کے بعد الرٹ جاری کیا گیا اور فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر آپریشن شروع کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پورے درہال شہر اور گردونواح کے دیہات کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور منگل کی صبح کے اوقات میں شدید تلاشی شروع کی گئی تھی اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی علاقے میں موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

 

یوم آزادی کی تقریب کی آمد
راجوری میں خواتین قومی پرچم بنانے میں مصروف
سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں کنڈی علاقے کے دور دراز دیہات سے تعلق رکھنے والی درجنوں خواتین یوم آزادی کے موقع پر ہر گھر ترنگا مہم کے لئے قومی پرچم بنانے کیلئے سخت محنت کر رہی ہیں۔یہ خواتین سیلف ہیلپ گروپ کی ممبر ہیں اور ان کا تعلق کوٹرنکہ کنڈی کے ایک دور افتادہ گائوں سے ہے ۔ان خواتین کو نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن کے تحت چلائے جانے والے مرکز تک پہنچنے کیلئے تین کلومیٹر سے بھی زیادہ کا سفر کرنا پڑتا ہے ۔اس سنٹر کے ممبران کا کہنا تھا کہ ان میں سے زیادہ تر بارش کے دنوں میں بھی کئی کلومیٹر پیدل چل کر سنٹر تک پہنچتی ہیں اور کپڑا سلائی اور کپڑا کاٹنے کا کام کرتی ہیں۔ سیلف ہیلپ گروپ کی رکن شبانہ کوثر نے بتایاکہ ’حال ہی میں ہمیں قومی پرچم بنانے کی اسائنمنٹ ملی اور یہ ہمارے لئے جھنڈا بنانے کا پہلا موقع تھا اور ہمیں بے پناہ خوشی ملی‘۔انہوں نے بتایا کہ ’’ہم اس وقت خوشی کی حالت میں ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہمیں فخر محسوس ہوگا جب گھروں، دفاتر، عوامی مقامات اور یوم آزادی کی تقریبات میں ہمارے بنائے ہوئے قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن کے ایک اہلکار قمران حنیف، جو سنٹر کی نگرانی کر رہے ہیں، نے بتایا کہ اس سنٹر میں سیلف ہیلپ گروپ کے تحت خواتین سلائی اور ٹیلرنگ کا کام کر رہی ہیں اوروہ تیار کردہ مصنوعات بیچ کر روزی روٹی کماتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر گھر ترنگا مہم کے بعد بازار میں جھنڈے کی مانگ میں اضافہ ہوا اور حکومت نے این آر ایل ایم سیلف ہیلپ گروپس کو جھنڈے بنانے کا کام سونپا جو کیا جا رہا ہے اور ایک گروپ روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں جھنڈے بنا رہا ہے۔قمران نے مزید کہا کہ تیار کردہ جھنڈے یوم آزادی پر استعمال کیلئے سرکاری انتظامیہ سمیت مختلف اداروں کو فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گروپ کا ہر رکن اپنے آپ پر فخر محسوس کر رہا ہے۔

 

گھمبیر مغلاں سے دھماکہ خیز مواد برآمد
پرویز خان
منجا کوٹ //منگل کو سیکورٹی فورسز نے منجاکوٹ گھمبیر مغلاں کے ہٹن سیری گاؤں میںسے ایک دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے اسے تباہ کر دیا۔حکام کے مطابق، اس دھماکہ خیز مواد کو کچھ مقامی لوگوں نے علاقے میں پڑا دیکھا جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس اسٹیشن منجاکوٹ اور فوج کی راشٹریہ رائفلز بٹالین کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کو بعد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے کنٹرول شدہ دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔دھماکا خیز مواد مبینہ طور پر چینی گرینیڈ تھا۔

 

 

سب ضلع ہسپتال بھدرواہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان
یوتھ ایکشن کمیٹی حکام کی عدم توجہی پر برہم،ای این ٹی ڈاکٹر کی واپسی کا مطالبہ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //یوتھ ایکشن کمیٹی نے سب ضلع ہسپتال بھدرواہ میں بنیادی ڈھانچے کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔یوتھ ایکشن کمیٹی کے صدر نصیر احمد نے دیگر اراکین کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھدرواہ ہسپتال پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے لیکن بدقسمتی سے یہاں ترقی یافتہ دور میں بھی غریب عوام کو ڈاکٹروں و دیگر بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ایس ڈی ایچ بھدرواہ سے ایک ڈاکٹر کے تبادلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ پر سازش کرنے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ای این ٹی ڈاکٹر بھدرواہ میں تعینات تھا جو بخار سے لے کر مریضوں کا مفت آپریشن کرتا تھا لیکن گذشتہ دنوں اس کا بھی تبادلہ کیا گیا۔یوتھ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ معمولی بخار پر مریضوں کو ڈوڈہ و جموں ریفر کیا جاتا ہے اور انفراسٹرکچر ہونے کے باوجود حکومت ڈاکٹر و جدید سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ روز قبل ہسپتال میں بروقت طبی جانچ نہ ہونے کی وجہ سے ایک بچے کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر پندرہ اگست سے پہلے ڈاکٹر کا تبادلہ منسوخ نہیں کیا گیا تو وہ نوجوانوں کے ہمراہ ہمہ گیر احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ضلع و مقامی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ صدر یوتھ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ بھدرواہ کے ساتھ انتظامی سطح پر آئے روز سازشیں کی جارہی ہیں جبکہ یہاں کے لوگ امن پسند ہیں لیکن ان کی خاموشی کا ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

صرف این سی ہی عام لوگوں کے خدشات کو دور کرسکتی ہے: رتن لال
اکھنور// صوبائی صدر نیشنل کانفرنس رتن لال گپتانے غلط پالیسیوں کے ذریعے جموں و کشمیر کے لوگوں کو متعدد مصائب پہنچانے کے لیے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صرف این سی ہی جموں و کشمیر میں عام لوگوں کے خدشات کو دور کر سکتی ہے ایک بار جب یہ عوام کی مکمل حمایت سے نمائندہ حکومت بناتی ہے۔سینئر این سی لیڈر نے یہ بات اکھنور میں پارٹی کی طرف سے منعقدہ جلسہ عام میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پارٹی کے جلسہ عام کے دوران لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے اپنے خطاب میں رتن لال نے کہا کہ اکھنور پٹی کے لوگوں کو موجودہ دنیا میں بقا کے لیے ضروری بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے بڑی مشکلات کے درمیان پریشانی کا سامنا کرنا بہت تکلیف دہ ہے۔پینے کے پانی کی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گپتا نے کہا کہ اس کی وجہ پی ایچ ای میں یومیہ اجرت والوں کے مسائل کے تئیں حکومت کے غیر حساس رویہ ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے کیونکہ اس سے علاقے میں پانی کی فراہمی خود بخود ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران حکومت ضروری اقدامات کرتے ہوئے پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل انتظامات کرے تاکہ نہ صرف اکھنور پٹی بلکہ پورے جموں و کشمیر میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر انتظامیہ پر اس نازک خطے کی حکمرانی کے معاملے میں ناکام ہونے کا الزام لگاتے ہوئے، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے عوام کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ نمائندہ حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کا سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ نوجوان ہیں جن کا مستقبل جموں و کشمیر انتظامیہ نے داؤ پر لگا دیا ہے اس طرح وہ پریشان اور مکمل مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صرف این سی ہی جموں و کشمیر میں عام لوگوں کے خدشات دور کر سکتی ہے جب وہ عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ ایک نمائندہ حکومت بناتی ہے۔

جموں سمارٹ سٹی کے دعوئوں کی پول بارش نے کھول دی : عام آدمی پارٹی
جموں//جموں سمارٹ سٹی جیسے پروجیکٹ کی ناقص عمل آوری کی اہم وجوہات منصوبہ بندی اورشفافیت کی کمی قرار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کہاکہ سمارٹ سیٹی پروجیکٹ کے تحت ترقی کے بلند و بانگ دعوے بارش کے پانی سے بہہ رہے ہیں۔عام آدمی پارٹی لیڈر پرتاپ سنگھ نے پریس کانفرنس سے خطاب میں جموں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے ایک ایڈیشنل سی ای او کے 4 جولائی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان میں بتایا گیا کہ 724 کروڑ کی لاگت سے 51 پروجیکٹ مکمل کرنے اور 75 پروجیکٹ 2000 کروڑ کی لاگت کے ساتھ زیرعمل ہونے وآٹھ دیگر پروجیکٹوں کی ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہونے کا دعویٰ کیاگیا۔پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ایک سائیکل پراجیکٹ مکمل ہو چکا ہے اور سائیکلیں کھڑی کر دی گئی ہیں لیکن کوئی مخصوص سائیکلنگ ٹریک نہیں بنایا گیا اور کہا کہ جموں میں سائیکلنگ کلچر کو فروغ دینا محض ایک خواب ہے۔انہوںنے کہا کہ “حکومت جموں میں سمارٹ سٹی کا ایک ایلیٹ پروجیکٹ چلا رہی ہے جو ہزاروں کروڑ کا پروجیکٹ ہے لیکن ناقص منصوبہ بندی، شفافیت کی کمی اور اہم کاموں کی تکمیل میں تاخیر سے یے پروجیکٹ کی ناکامی کی طرف بڑ رہا ہے‘‘۔ پرتاپ نے کہا”سمارٹ سٹی کے تحت خصوصی کوڑا کرکٹ ڈمپنگ یارڈ کے لئے ایک مخصوص منصوبہ ہے لیکن متعلقہ حکام بھگوتی نگر سے آگے دریائے توی کے کنارے کچرا پھینکنے میں مصروف ہیں اور جموں کے لوگوں کے مذہبی جذبات سے کھیل رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں شہر کے مختلف مقامات پر ایسے سائن بورڈز لگائے گئے تھے جو حالیہ بارشوں میں نالے کے پانی میں ڈوب گئے تھے اور اس کے ساتھ ہی جموں شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی اصلاحات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے تھے۔انہوںنے یہ بھی کھا کہ “حکومت مبارک منڈی کمپلیکس اور رگھوناتھ بازار جیسے کاموں کو مکمل کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جموں شہر سے متعلق اہم کاموں میں بھی تاخیر ہو رہی ہے یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ پروجیکٹ منہ کے بل گر رہا ہے۔

 

مٹھی علاقہ کے ضرورتمند کنبوں میں راشن تقسیم
جموں// اپنی پارٹی ضلع کمیٹی اور یوتھ ونگ نے ضلع جموں کے مٹھی علاقہ میں ضرورتمند افراد میں راشن تقسیم کیا۔ یوتھ ونگ صوبائی سیکریٹری ویشال زوتشی، ضلع نائب صدر جموں اربن وائی بہو مٹو اور سماجی کارکن ونود پنڈیتہ نے اشیائے خوردو نوش ودیگر ضروری سامان متعدد ضرورتمنتد کنبوں میں تقسیم کیا جن کی یومیہ اْجرت بہت کم ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ مٹھی علاقہ میں غریب اور ضرورتمند کنبوں کو درپیش مشکلات متعلق اطلاع موصول ہونے پر فوری وہ مدد کے لئے موقع پر پہنچے اور 20کنبوں میں خشک راشن ودیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔انہوں نے کہاکہ وہ پچھلے پندرہ سالوں کے زائد عرصہ سے سماجی خدمت میں ہیں اور وہ ہمیشہ ضرورتمندوں کی مدد کے لئے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے دیگر سماجی وسیاسی کارکنان سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی آگے آکر ایسے متاثرہ کنبوں کی مدد کریں۔

 

بی جے پی مسلم اکائی کشتواڑکی جانب سے ترنگا ریلی کا اہتمام
عاصف بٹ
کشتواڑ//آزادی کے امرت مہو اتسوکے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی کشتواڑ کی مسلم اکائی کی جانب سے ترنگا ریلی اہتمام کیا گیا۔ یہ ریلی بی جے پی کے دفتر سے کلید چوک تک نکالی گئی جس میں متعدد کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقعہ مسلم اکائی کے جنرل سکریٹری نے کہاکہ مرکزی سرکار کی جانب سے ہر گھر ترنگا لہرانے کا کہا گیا ہے جسکے تحت ہم نے ریلی کا اہتمام کیا اور ان ملک دشمن عناصر کیلئے کڑا جواب ہے جو یہ کہتے تھے کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد کوئی ہاتھ ترنگا اٹھانے کیلئے نہیںرہے گا اور آج ہر گھر ہر انسان کے ہاتھ میں ترنگا موجود ہے۔

 

+2 لیکچررس فورم کاوفد سنیل شرماسے ملاقی
عاصف بٹ
کشتواڑ//آل جے کے +2 لیکچررز فورم ضلع یونٹ کشتواڑ کے ایک 7 رکنی وفد نے ضلع صدر جے کے +2 لیکچررس فورم پردیپ کول کی سربراہی میں سابق وزیر و بی جے پی کے جنرل سکریٹری سنیل شرما سے سری نگر میں ملاقات کی۔ وفد نے شرما کے ساتھ +2 لیکچررس کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ایک میمورنڈم پیش کیاجن میں دو اہم مسائل جو زیر بحث آئے ان میں فزکس کے انچارج لیکچررز کو ریگولرائز کرنا اور پی جی ڈگریاں فاصلاتی موڈ کے ذریعے اور لیکچررز کو ایم اے سی پی دینا شامل ہیں۔ سابق وزیر سنیل شرما نے وفد کی طرف سے اٹھائے گئے مطالبات کو تحمل سے سنا اور یقین دلایا کہ وہ ایس ای ڈی جموں و کشمیر کے پرنسپل سکریٹری بی کے سنگھ کے ساتھ ان مسائل کو اٹھائیں گے اور جلد از جلد ان کے حل کے لیے دباؤ ڈالیں گے ۔

 

گوجر لیڈران کے بیان کی شدید مذمت
جاوید اقبال
مینڈھر // پہاڑی کلچرل اینڈ ویلفیئر فورم مینڈھر کے گزشتہ روز جموں میں کچھ گوجر لیڈران کی جانب سے دی گئی پریس کانفرنس اور ان کے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت کو گمراہ کرنے کیلئے مذکورہ نوعیت کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ روز ہوئی پریس کانفرنس میں جہاں پہاڑیوں کی مانگ کی مخالفت کی گئی وہائیں بغیر کسی عداد و شمار کے پہاڑیوں کو 39فیصد ریزرویشن ملنے جیسی باتیں کی گئی ۔پہاڑی کلچرل اینڈ ویلفیئر فورم کے لیڈران نے کہاکہ جس ریز رویشن کی باتیں کی جارہی ہیں اس میں بڑی تعداد میں گوجر طبقہ کے لوگوں نے نوکریاں بھی لی ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑیوں کو صرف 4فیصد ریزرویشن جبکہ او بی سی طبقہ کو 2فیصد ریزرویشن دی گئی ہے تاہم آر بے اے اور اے ایل سی ریزرویشن میں بڑی تعداد میں گوجر طبقہ کے لوگوں نے پہلے سے نوکریاں لی ہوئی ہیں اور ان کے پاس اس کے ثبوت بھی موجود ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گمراہ کن بیانات کو نظر انداز کر کے پہاڑیوں کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔