اہم خبریں

پلیرہ قصبہ کی سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار
لوگوںنے مرمت و تار کول بچھانے کا مطالبہ کیا
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی سے پانچ کلو میٹر دوری پر واقع پلیرہ قصبہ کی سڑک گزشتہ پانچ برس سے خستہ حالی کی شکار ہے جس پر یہاں کی عوام نے انتظامیہ سے تارکول بچھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ منڈی تا پلیرہ پانچ کلو میٹر سڑک پر جگہ جگہ پر کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو پیدل چلنا بھی انتہائی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔علاقہ کے سرپنچ جمیل خان نے اس حوالے سے کشمیر عظمی کو بتایا کہ 2016میں اس سڑک پر تارکھول ڈالا گیا تھا جو کافی غیر معیاری تھا اور کچھ ماہ کے بعد وہ تار کول اکھڑ گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی بار سڑک کی خستہ حالت کے حوالے سے انتظامیہ کے اعلیٰ آفسران اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو تحریری طور پر لکھا مگر اس کے باوجود بھی انتظامیہ اس سڑک پر کوئی بھی توجہ مرکوز نہیں کر رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پلیرہ قصبہ کے بازار میں پانی کی نالیاں بھی نہیں بنائی گئی ہیں جس کی وجہ سے بارش کا پانی بازار میں جمع ہو جاتا ہے اور دکانداروں و عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ تعمیراتِ عامہ کے آفسران کو اپیل کی ہے کہ پلیرہ قصبہ کی سڑک پر نالیاں بنانے کیساتھ ساتھ تار کول بچھائی جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔

 

 

منگلناڑ میں فوج کا عوامی اجلاس
پرویز خان
منجا کوٹ //فوج کی جانب سے منجا کوٹ تحصیل کے سرحدی گائوں منگلناڑ میں ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فوجیوں کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس کا اہم مقصد فوج اور عوام کے مابین تعلقات و تال میل کو بہتر بنانا تھا ۔فوجی اہلکاروں نے مقامی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ و ہ سماج میں امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے آپسی بھائی چارے کیساتھ ساتھ فوج کیساتھ معیاری تعلقات قائم کریں ۔انہوں نے اجلاس کے دوران کئی دیگر فلاحی سکیموں کے سلسلہ میں بھی عوام کو بیدار کیا جبکہ اس دوران مقامی لوگوں نے بھی فوج کو مختلف مسائل کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔

 

منڈی بلاک میں اپنی پارٹی کارکنوں کا اجلاس
منڈی //ضلع پونچھ کے بلاک منڈی میں جموں کشمیر اپنی پارٹی کا اجلاس زیر صدارت ضلع صدر پونچھ و سابقہ ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران پارٹی لیڈران کی جانب سے بلاک منڈی کیلئے ٹھیکیدار غلام نبی نائیک کو صدر منتخب کیا گیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹھیکیدار عبدالجبار ڈار کو جنرل سیکریٹری ،نثار احمد کو بلاک سیکریٹری یوتھ مختیار احمد تانترے کو جوئنٹ سیکریٹری منتخب کیاگیا ۔اس موقعہ پر پارٹی کے سنیئر لیڈران و کارکن بھی موجود تھے جنہوں نے آپسی اتفاق رائے سے مذکورہ لیڈران کو پارٹی کے عہدوں پر فائز کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے شاہ محمد تانترے نے کہاکہ جموں وکشمیر اپنی پارٹی واحد ایک ایسی پارٹی ہے جو زمینی سطح پر لوگوں کے کام کرنے کیلئے سنجیدہ ہے جبکہ عملی بنیادوں پر بھی کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کی جانب بلاک کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جبکہ کارکنوں کو چاہئے کہ وہ زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کام کریں ۔

 

سماج میں منشیات کے مضر اثرات
درہال میں محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // منشیات کے استعمال اور ناجائز سمگلنگ کے خلاف تحصیل درہال میں محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام اہم تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر درہال شاہد ممتاز نے منشیات جیسی لعنت سے لڑنے کے لئے محکمہ کی جانب سے کئے گئے مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ واضح رہے کہ گورنمنٹ آف انڈیا کی جانب سے سماجی بہبود کا محکمہ معاشرے کے کمزور طبقات کی سماجی ترقی کے لئے مختلف فلاحی اسکیمیں فراہم کر رہا ہے۔ یہ معاشرے کے کمزور طبقوں کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جیسے بوڑھے افراد، پریشانی میں گھری خواتین، جسمانی طور پر معذور افراد، دودھ پلانے والے اور توقع رکھنے والے بچے، درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، دیگر پسماندہ طبقات اور دیگر معاشی طور پر کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کا عزم کئے ہوئے ہے وہیں یہ محکمہ ضلع بھر میں منشیات کے استعمال اور ناجائز سمگلنگ کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور پورے ہندوستان کی طرح ضلع راجوری کو نشا مکت بنانے کے لئے محکمہ 2020 سے مختلف مقامات پر بیداری کیمپ لگا رہا ہے جس کے تحت علاقے کی تمام پنچایتوں کو نشہ مکت بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ مڈل سکول کھوڑیوالی پنچایت بڑی درہال اے میں ایک آگاہی کم انٹریکشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں اور پی آر آئیز اور طلباء نے شرکت کی۔ اس کے بعد تھنہ منگ بی پنچایت میں گھر گھر جا کر نشہ مکت مہم چلائی گئی۔ آخر میں درہال مارکیٹ کے تاجروں اور دکانداروں کو منشیات کے مضر اثرات پر مبنی پمفلٹ فراہم کئے گئے اورانہیں منشیات کے استعمال کے نفسیاتی جسمانی جذباتی ذہنی سماجی اور معاشی اثرات کے بارے میں بھی بریف کیا گیا جس سے فرد اور معاشرے پر بڑے پیمانے پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ چونکہ ضلع میں دو نسلیں پہلے ہی منشیات کے استعمال کا شکار ہو چکی ہیں لہذا افیون، بھنگ، ہیروئن اور دیگر نشہ آور اشیاء کے ناجائز وسائل اور استعمال سے آنے والی نسلوں کو بچانے کی ہرممکن کوشش کرنی ہے کیونکہ ہر جان قیمتی ہے۔ تقریب میں شہریوں کے علاوہ دونوں تحصیلوں درہال اور تھنہ منڈی کے تمام سوشل ویلفیئر ملازمین نے شرکت کی اور اپنے خیالات اور تجربات سے آگاہ کیا۔

سائیں میراں بخش کا 3روزہ سالانہ عرس شروع
حسین محتشم
پونچھ//عظیم روحانی پیشوا حضرت سائیں میراں بخش رحمتہ اللہ علیہ کا تین روزہ سالانہ عرس پیر کے روز شروع ہوا۔عرس کی ابتدائی تقریب میں انتظامیہ کمیٹی کے عہدیداران و اہلکاران کے علاوہ ضلع پونچھ کے دور دراز علاقوں سے سائیں میرا بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عقیدتمندوں کی بھاری تعداد نے شرکت کر کے ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعا کی،عرس کی افتتاحی تقریب سے قبل بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ننگالی خلیل احمد بانڈ نے اپنے عملہ کے ہمراہ زیارت عالیہ کا دورہ کر کے وہاں پرکئے جانے والے انتظامات کو حتمی شکل دی،اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ اولیاء کرام کے آستانے امن و امان کے آشیانے ہیں اور اولیاء کرام کے مزارات یہاں کی شان اور اس خطے کی پہچان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ستائیس جون تا انتیس جون 2022 آستانہ عالیہ سائیں میراں بخش رحمتہ اللہ علیہ پر ملک بھر سے لوگ روحانی سکون حاصل کرنے آ رہے ہیں یہ زائرین ہمارے عالاقہ کے مہمان ہیں ان کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا اس سلسلہ میں انتظامیہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت کی نگرانی میں بھرپور کردار اداکر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے عرس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات اور تمام محکموں کو عرس کے موقع پر بہترین انتظامات یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔دریں اثناں حضرت سائیں میرا بخش رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر انتظامیہ زیارت عالیہ کے زیر اہتمام عرس کی تقریب منعقد کی گئی اس موقع پر مزار شریف کو غسل اور چادر پوشی کی گئی عرس کے موقع پر تقریب میں ذکر اذکار کی محفل سجائی گئی اور عالم انسانیت کے لئے خصوصی دعائیں طلب کی گئی۔ واضح رہے کہ سائیں میرا بخش رحمتہ اللہ علیہ ایک عظیم روحانی پیشوا ہے جن سے عقیدت رکھنے والے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ہندوستان سے لوگ عرس کے دوران ان کی درگاہ عالیہ پر حاضری کے لے آتے ہیں اس سال بھی امید ہے کہ بھاری تعداد میں ان کے چاہنے والے عرس میں تشریف فرما ہوں گے جس کے لئے انتظامیہ کی جانب سے ہر طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

 

پونچھ میں جل شکتی کے عارضی ملازمین کی ہڑتال جاری
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں پی ایچ اے یوناٹینڈفرنٹ کے بینر تلے عارضی ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔پیر کے روز بھی مظاہرین نے اپنے مطالبات کی حمایت میں نعرے بازی کی اور حکومت سے مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔خیال رہے کہ پی ایچ ای یوناٹینڈفرنٹ کی جانب سے محکمہ پی ایچ ای میں تعینات ملازمین نے ایک پلیٹ فارم پر آکر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مشترکہ طور پر یوٹی انتظامیہ کے سامنے اپنے مطالبات کو اٹھایا جارہا ہے تاکہ انہیں مستقل کیا جا سکے۔پونچھ میں پچھلے کئی روز سے عارضی ثابت ن کی جانب سے احتجاجی دھرنا اور مظاہرے کئے جا رہے ہیں جہاں پر یہ ملازم اپنے مطالبات سرکار کے سامنے رکھ کر انہیں حل کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ان ملازمین کی جانب سے پہلے 36 گھنٹے کی ہڑتال رکھی گئی تھی بعد میں چوبیس گھنٹے کی اور بڑھا دی گئی ہے اب ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پھر بھی حل نہ ہوئے تو وہ تب تک اپنے مظاہرے اور دھرنے جاری رکھے گے جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی ایچ ای میں کچھ ملازمین تقریباً 20 سے 25 برسوں تک مستقل اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ان کی ملازمت کو مستقل کرنے کا کوئی بھی عمل شروع نہیں کیا گیا۔ اس دوران ملازمت کے دوران کچھ ملازمین کی موت بھی ہوئی لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان کے اہل خانہ کو کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے مقامی ملازمین میں غصہ بڑھ رہا ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘حکومت کی جانب سے سنہ 2017 میں ایک ایس آر او 520 جاری کیا گیا تھا جو کہ زمینی سطح پر نافذ نہیں ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘جو بھی حکومت آئی وہ صرف وعدے کر کے چلی گئی لیکن ان غریب لوگوں کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں لیفٹیننٹ گورنر سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور ان سے مطالبہ ہے کہ عارضی ملازمین کے لئے ٹھوس پالیسی ترجیحی بنیاد پر بنائی جائے تاکہ تمام عارضی ملازمین ایک وقت میں مستقل ہوسکیں۔

 

گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے انتخابات اختتام پذیر
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے انتخابات 27جون 2022کو پر امن ماحول میں انجام پائے اس دوران سنت پورہ ڈیرہ ننگالی صاحب کے مہنت منجیت سنگھ کی جانب سے انتخاب لڑ رہے 8 نمائندوں نے جیت حاصل کی جبکہ منکوٹ مینڈھر سے ان ہی کے ایک اور نمائندہ سردار منوہر سنگھ ولد گیان سنگھ پہلے ہی بنا مقابلہ کامیاب ہوئے ہیں اس طرح مہنت منجیت سنگھ کے 9 نمائندے ان انتخابات میں کامیاب کرار پائے جب کہ حزب اختلاف کے حصے میں صرف دو سیٹیں آئی۔ در اثناء ایک بار پھر سردار نریندر سنگھ جو کہ ضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹی سابق صدر ہیں اور جنہوں نے پونچھ کے محلہ کھوڑی ناڑ سے شاندار جیت حاصل کی ہے کے ہی صدر بننے کی امید کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ پونچھ میں پچھلے کئی دنوں سے انتخابات کی ہلچل تھی ۔صبح سویرے سے ہی تمام پولنگ اسٹیشنوں پر کڑے حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے جہاں پرامن ماحول میں سکھ برادری نے کثیر تعداد میں پہنچ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جن میں جوش و خروش دیکھا جا سکتا تھا۔وہیں ضلع انتظامیہ کی جانب سے پرامن انتخابات کرانے کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے تھے۔شام چار بجے تک تمام نتائج سامنے آگئے تھے۔اس دوران لوگ اپنے نمائندوں کے جیت کی خوشی کا اظہار کر رہے تھے اس دوران کئی مقامات پر لوگوں نے جلوس نکال کر اور ڈھول کی تال پر ناچ کر اور آتش بازی کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا وہیں سردار نریندر سنگھ نے تمام نمائندوں کی جانب سے ووٹران، ضلع انتظامیہ اور پونچھ کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

 

فوج نے گونتھل والی بال گرائونڈ کا افتتاح کیا
حسین محتشم
پونچھ// راشٹریہ رائفلز بٹالین نے ہیڈ کوارٹر کاؤنٹر انسرجنسی فورس (رومیو) کے زیراہتمام 27 جون 2022 کوسرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ کے گاؤں گونتھل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پر وہاں کے مقامی کھلاڑیوں کی سہولت کے لئے ایک بہترین والی بال گراؤنڈ کا افتتاح کیا گیا۔ہند فوج کی جانب سے طلباء کے لئے فارغ وقت کے بہترین استعمال کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اس طرح کے اقدام اٹھانے کا مقصد نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے اور کھیلوں میں ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں گمراہ کن راستوں کے انتخاب سے روکنا ہے۔اس افتتاحی تقریب کے دوران والی بال کا بیک دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا۔فوج کے اس اقدام کو مقامی لوگوں اور حاضرین نے بے حد سراہا اور کہا کہ اس سے ہندوستانی فوج کی قوم سازی کے کردار میں مزید اضافہ کیا ہے۔ تقریب میں کل 50 مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

 

مہنگائی اور اگنی پتھ سکیم پر کانگریس کا احتجاج
راجوری//انڈین نیشنل کانگریس نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بھارتی فوج میں اگنی پتھ بھرتی اسکیم کو لے کر حکومت ہند کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین جو کانگریس پارٹی کے کارکنان اور قائدین ہیں گجر منڈی راجوری میں جمع ہوئے اور بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر ملک کے عوام کو مشکلات میں ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کا وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہو رہی ہے اور ملک کا ایک ایک شہری مہنگائی سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے بجائے عوام کی توجہ ہٹانے میں مصروف ہے جو کہ ناکام کوشش ہے۔کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی حال ہی میں اعلان کردہ اگنی پتھ بھرتی اسکیم فوج کے خواہشمندوں کے لئے ایک دھچکا ہے جنہوں نے فوج کی بھرتی کی تیاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن حکومت کی طرف سے انہیں بڑا دھچکا لگا ہے۔

 

حادثے میں زخمی دوران علاج دم توڑ بیٹھا
راجوری//راجوری ضلع کا رہائشی حادثے کا شکار ایک زخمی جو گزشتہ 7 دنوں سے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زیر علاج تھا پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس کے بعد پولیس نے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔متوفی کی شناخت رفاقت (23) ولد محمد قاسم سکنہ جمولہ راجوری کے طور پر کی گئی ہے جو 20 جون کو راجوری جمولہ روڈ پر جمولہ کے مقام پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں متاثرہ شخص کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور وہ جموں کے سرکاری میڈیکل کالج میں زیر علاج تھا جہاں پیر کی سہ پہر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

بھمبر گلی۔مینڈھر سڑک کا حال بے حال
ٹرانسپورٹروں کا متعلقہ محکمہ کیخلاف شدید احتجاج
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں پونچھ شاہراہ کا حصہ مانی جانے والی بھمبر گلی تا مینڈھر سڑک کی انتہائی خستہ حالی سے پریشان ہو کر ٹرانسپورٹر یونین نے مینڈھر بس سٹینڈ پر متعلقہ حکام کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے محکمہ گریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آفیسران کی لاپرواہی کی وجہ سے 20منٹوں کا سفر دو گھنٹوں میں طے ہورہا ہے جبکہ ان کی گاڑیاں بھی تکنیکی طورپر خراب ہوتی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈرائیوروں اور گاڑیوں کے مالکان نے بینکوں سے قرض لے کر گاڑیا ں لی ہوئی ہیں تاہم گاڑیوں کی قسطیں دینے سے قبل ہی ان کی گاڑیاں سڑک کی خستہ حالت کا شکار ہو کر خراب ہوتی جارہی ہیں ۔غور طلب ہے کہ روٹ پر چلنے والی اکثر گاڑیا ںطوطا گلی ہرنی تا مینڈھر جاتی ہیں تاہم مقامی سطح پر چلنے والی تمام گاڑیاں بھمبر گلی تا مینڈھر سڑک پر چلتی ہیں جن پر لگ بھگ سرحدی تحصیل کی ہزاروں کی آبادی سفر کرتی ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تباہ شدہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے ۔اس دوران ایس ایچ او مینڈھر نے موقعہ پر جا کر مظاہرین کو یقین دلایا جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا ۔