اہم خبریں

 بین الاقوامی سرحد 

پر بڑے پیمانے پر تلاشی

نیوز ڈیسک

جموں// سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے ساتھ ساتھ سرحد پار سے سرنگوں کا پتہ لگانے اور  دراندازی کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے ایک بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔ حکام نے بتایا کہ تلاشی آپریشن پولیس، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف نے مشترکہ طور پر سانبہ، کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے آگے کے دیہات میں کیا گیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز)، سانبہ، جی آر بھاردواج نے کہا، “مختلف انٹیلی جنس معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گرد یاترا میں خلل ڈالنے کے لیے سرحد پار سے دراندازی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔”بھاردواج، جو مشترکہ تلاشی آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، نے کہا کہ سوچیت گڑھ سرحد سے ریگل تک تقریباً 8 کلومیٹر کے علاقے میں مشترکہ فورسز نے تلاشی لی تاکہ سرحد پار سے کسی ممکنہ سرنگ کا پتہ لگایا جا سکے جسے دہشت گردوں نے سرحد پار سے کھودی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے آپریشن کے دوران تمام غیر محفوظ علاقوں کی تلاشی لی، جو کہ آنے والی یاترا کے لیے کیے گئے بے مثال حفاظتی انتظامات کا حصہ ہے۔

 

۔4ماہ بعد متاثرین کی تعداد 60سے زیادہ

 کوئی فوتیدگی نہیں، جموں سرفہرست

پرویز احمد

سرینگر //4ماہ کے بعد جموں و کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پرکورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 60سے تجاوز کر گئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے10ہزار 577ٹیسٹ کئے گئے جن میں 65افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 26فروری کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 84افراد متاثر ہوئے تھے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 54ہزار 742ہوگئی ہے۔اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 4ویں دن بھی کسی کی جان نہیں گئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4755بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے 14اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 6اضلاع میں 65افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ مثبت قرار دئے گئے 65افراد میں جموں صوبے میں46جبکہ 19افراد کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔ کشمیر صوبے کے 8اضلاع جن میں بارہمولہ، پلوامہ اننت ناگ، کپوارہ، گاندربل، بانڈی پورہ، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں19افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے جن میں سرینگر میں18جبکہ بڈگام میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ87ہزار 941ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی جان نہیں گئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2425بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے 6اضلاع جن میں راجوری، کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 4اضلاع میں 46افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے ۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 46افراد میں ضلع جموں میں سب سے زیادہ 38، سانبہ میں 5، ادھمپور میں2اور پونچھ میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 801ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں چوتھے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2330بنی ہوئی ہے۔

 

کئی افسران کو اضافی چارج تفویض

۔17کو ترقیاں دی گئیں

بلال فرقانی

سرینگر//جموں کشمیرٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر دیوانش یادو کو جموں کشمیر انڈسٹریز لمیٹیڈ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی انفرا سٹریکچرکمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔سرکار نے ایک انچارج سپر انٹنڈنٹ انجینئر کو لداخ ڈیپوٹیشن پر بھیج دیاجبکہ ایک انتظامی افسر کا تبادلہ عمل میں لایا گیا۔ جموں کشمیر ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر دیوانش یادو کو جموں کشمیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انفراسٹریکچر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج دیاگیا ہے۔ مذکور افسر کو جموں کشمیر انڈسٹرئز لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ محکمہ ڈرگس اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کے انتظامی افسر گلزار احمد خان کو تبدیل کرکے پرنسل گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کے دفتر میں انتظامی افسر تعینات کیا گیا۔ ہائیڈرولک کے انچارج سپر انٹنڈنٹ انجینئر وید پرکاش جو کہ فی الوقت مرکزی زیر انتظام لداخ میں تعینات تھے کو واپس طلب کیا گیا۔’ڈی آئی کیو سی‘ سرینگر میں تعینات سپر انٹنڈنٹ انجینئر وریندر کمار گپتا کو مرکزی زیر انتظام لداخ میں تعینات کیا گیا۔ ایک اور علیحدہ حکم نامہ کے مطابق جموں کشمیر انتظامی سروس کے6 افسران کو سلیکشن گریڈ سے سپیشل گریڈ میں تنخواہ لیول13میں ترقی دی گئی۔ انتظامی سروس کے11افسران کو محکمہ جاتی فیڈنگ سروس میں ٹائم سکیل میں شامل کیا گیا۔

 

سانبورہ کے پولیس افسر کے قتل کا معاملہ حل

قریبی رشتہ دار سمیت 3ہمسائیہ نوجوان گرفتار

سید اعجاز

 

ترال //پولیس نے ایس آئی فاروق احمد کے قتل کا کیس حل کرلیا ہے۔ اونتی پورہ میں پولیس نے سب انسپکٹر کے قتل ملوث تین ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی۔ ان کے قبضے سے ایک پستول سمیت مجرمانہ مواد برآمد ہوا۔سانبورہ قتل سے متعلق پانپور پولیس سٹیشن میں کیس ایف آئی آر نمبر 71/2022 کی تفتیش کے دوران کئی مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کیلئے بلایا گیا تاہم تین مشتبہ افراد پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کی شناخت ارسلان بشیر عرف فیصل ولد بشیر احمد ڈار، توقیر منظور ولد منظور احمد میر اور اویس مشتاق ولد مشتاق احمد گنائی کے طور پر کی گئی ہے، تمام سانبورہ کے رہائشی ہیں۔تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم تینوں نے ماجد نذیر وانی ساکن لدھونامی ایک ملی ٹینٹ ، جو 21جون کو تجن پلوامہ آپریشن میں مارا گیا) کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش رچی تھی اور مذکورہ ملی ٹینٹ کو بھرپور تعاون فراہم کیا تھا۔ قتل میں ملوث تینوں ملزمان  ایس آئی فاروق احمد کے انتہائی قریبی پڑوسی ہیں۔ جبکہ ملزم توقیر منظور ،چیچیرے بھائی کا بیٹا ہے۔ملزمان کے قبضے سے مسروقہ سامان، 1 پستول اور دیگر گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ آئی جی پی کشمیر نے اس گھنانے دہشت گردی کے جرم کو مشترکہ طور پر حل کرنے کے لیے اونتی پورہ اور پلوامہ پولیس کے کردار کی تعریف کی۔

 

 

زینہ کوٹ میں شہری کی لاش برآمد

سرینگر//ارشاد احمد//سرینگر کے مضافاتی علاقہ زینہ کوٹ میں ہفتہ کی شام 24 سالہ شہری کی لاش پائی گئی۔مقامی لوگوں نے زینہ کوٹ سرینگر کے کولڈ سٹور اندر 24 سالہ شہری کی لاش پڑی دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔متوفی کی شناخت آصف علی فافو ولد علی محمد فافو ساکن شاہ کالونی پارمپورہ سرینگر کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے لاش کو نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا جہاں قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش لواحقین کے سپرد کرتے ہوئے اس سلسلے میں 175 کے تحت رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے

 

 

اگلی سرکار ہماری ہوگی

بھاجپا نے جمو ں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کا جال بچھایا :سنیل شرما 

اشرف چراغ

 

کپوارہ//بھارتیہ جنتا پارٹی نے جمو ں و کشمیر کے لوگو ں کی خوشحالی کے لئے اپنے دور اقتدار میں تعمیر و ترقی کا جال بچھا یا ہے اور آج تعمیر و تر قی کے حوالہ سے جمو ں و کشمیر کا نقشہ ہی بدل گیا ہے ۔ان باتو ں کا اظہار پارٹی لیڈر سنیل شرما نے کپوارہ میں لوگو ں سے خطاب کے دوران کیا ۔انہو ں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی سرکار سے جمو ں و کشمیر کے لوگ خوش ہیں اور اس پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ،سنیل شرما نے کہا کہ جمو ں و کشمیر میں آئندہ سرکار بی جے پی کی ہوگی ۔انہو ں نے کہا کہ یہ پارٹی غریبو ں کی فلا ح و بہبود کے لئے ہے اور اس سرکار کے دور اقتدار میں ہر ایک شہری کو انصاف ملے گا ۔سنیل شرما نے جب کپوارہ پہنچ گئے تو انہو ں نے ڈاک بنگلہ کپوارہ سے ایک ریلی نکالی جو مین چوک کپوارہ میں اختتام پذیر ہوئی جس کے بعد انہو ں نے ڈاک بنگلہ کپوارہ میں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کیا ۔سنیل شرما نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مسلمانو ں کی دشمن نہیں ہے بلکہ یہ پارٹی مسلمانو ں کو بھی گلے لگا کر اس ملک کے غریبو ں کی خدمت کرے گی ۔انہو ں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے زمینی سطح پر متحرک ہو جائیں ۔اس موقع پر کپوارہ ضلع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

 

 

جونیئر انجینئر وںکی میرٹ لسٹ اجرء کرنے میں تاخیر

غلام حسن میر کی ایل جی اور چیف سیکریٹری سے مداخلت کی اپیل 

سرینگر// اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر نے سروس سلیکشن ریکروٹمنٹ بورڈ کی طرف سے جونیئر انجینئروں کی میرٹ لسٹ جاری کرنے میں غیر ضروری تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پریس بیان میں انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے معاملہ میں ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواہشمند اُمیدوار کئی ماہ سے ملازمت کے انتظار میں ہیں اور سرکاری ملازمت کیلئے اُن کا قیمتی وقت ضائع ہورہاہے ۔اس معاملہ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے میر نے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا سے کہاکہ وہ معاملہ میں ذاتی مداخلت کریں تاکہ مستحق اُمیدواروں کومزید انتظار نہ کرایاجائے اور کامیا ب ہونے والوں کو متعلقہ محکمہ جات میں خدمت کا ملے۔ انہوں نے کہاکہ’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایس ایس آر بی کی طرف سے نوکری کے خواہشمندوں کوہلکے میں لیاجارہا ہے اور کسی نہ کسی بہانے سے ڈیڈ لائن پر عمل نہیں کیا جاتا جس کے نتیجے میں اہل اُمیدواروں کو نوکریاں حاصل کرنے میں غیر ضروری تاخیر ہوتی ہے اور اس تاخیر سے سرکاری ملازمت مدت مزید کم ہو جاتی ہے۔

 

 

 فلاح عام ٹرسٹ سکولوں پر پابندی

تعلیم کے حق کی خلاف ورزی:حکیم 

سری نگر// پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیرمین وزیر حکیم محمد یٰسین نے فلاح عام ٹرسٹ (ایف اے ٹی) کے اسکولوں کو بند کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے  تعلیمی اداروں پر پابندی لگانے کا من مانا فیصلہ قراریاا۔انہوں نے  کہا کہ اس فیصلے سے ان سکولوں میں کام کرنے والے سینکڑوں اساتذہ کی روزی روٹی چھین جائے گی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ یا تو FAT سکولوں پر پابندی کا فیصلہ واپس لے یا پھر اساتذہ اور انفراسٹرکچر کے ساتھ ان تعلیمی اداروں کو مکمل طور پر اپنے قبضے میں لے لے ۔ حکیم یٰسین نے وزیر اعظم نریندرمودی سے اپیل ہے کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی بھرپور روایات کے تحفظ کے لیے اپنی پارٹی کے اندر اور باہر کے فرقہ وارانہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں

 

 

تارسرمارسر جھیل میں غرقآب ٹورسٹ گائیڈ

میت گھر پہنچاتے ہی گگن گیر میں کہرام

غلام نبی رینہ

 

کنگن//گاندربل کے گگن گیر گنڈ علاقے کے 23 سالہ ٹورسٹ گائیڈ شکیل احمد ٹھیکری ولد گلاب ٹھیکری کی لاش جب اس کے آبائی علاقے لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔بدھ کو پہلگام کے تار سر مار سر جھیل میں مذکورہ ٹورسٹ گائیڈ نے غیر ملکی سیاح کو بچانے کے کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔تار سر جھیل کے مقام پر ایک نالہ عبور کرنے کے دوران اتراکھنڈ کا ایک سیاح پل سے گر کر پانی میں ڈوب گیا اور مقامی گائیڈ شکیل نے اگرچہ مزکورہ سیاح کو بچانے کے لئے پانی میں چھلانگ لگا دی لیکن پانی کے تیز بہائوگائیڈ کو بھی اپنے ساتھ بہا کے لے گیا اور جمعرات کو شکیل کی لاش آڈو وسے برآمد کی گئی۔ شکیل اپنے پیچھے بزرگ والدین اور ایک چھوٹے بھائی کو چھوڑکر چلے گئے جب اس کی لاش اس کے آبائی علاقے لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ شکیل احمد کے چاچا گلزار احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا شکیل اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔ شکیل گذشتہ کئی برسوں سے ٹورسٹ گائیڈ کاکام کرتا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ شکیل کی موت سے اب ان کے بزرگ والدین اور ایک چھوٹا بھائی جوکہ ابھی آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم ہے ،بے سہاراہوگئے گئے ۔سکریٹری ٹورا زمسرمد حفیظ کی ہدایت پر ڈائریکٹر ٹورا زم ڈاکٹر جی این ایتو نے شکیل احمد کے گھر جاکر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔انہوںنے بتایا کہ ان کے اہلخانہ کو پوری مدد کی جائے گی اور شکیل کی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کو ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔

 

 

پولیس کے مختلف کیڈروں کے پروموشن آرڈر جاری

سری نگر//جموں و کشمیر پولیس ہیڈ کوارٹر نے جموں و کشمیر پولیس کے وزارتی، سٹینو اور ٹیلی کام کیڈر کے 51 نان گزیٹیڈ افسران کے حق میں اگلے رینک پر ترقی کے احکامات جاری کیے ہیں۔محکمہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جے اینڈ کے سری دلباغ سنگھ کی صدارت میں پولیس ہیڈ کوارٹر جموں و کشمیر سری نگر میں طلب کیا گیا اور سروس ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ان افسران کے سلسلے میں پروموشن کا حکم دیا گیا۔ڈی جی پی نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ترقی افسران کے لیے مزید لگن اور جوش کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کے لیے تحریک کا کام کرے گی۔جن سب انسپکٹرز کو ان کے اپنے کیڈر میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے ان میں محمد یوسف، گوپال سنگھ، کلدیپ راج، اشوک کمار، ریاض احمد خان، درشن کمار، منظور احمد میر، اور شام سنگھ شامل ہیں۔اپنے ہی کیڈر میں سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز میں اقبال سنگھ، پاویدنر کمار، پردیپ سنگھ، سندیپ شرما، دلیپ کمار، نذیر احمد، منور حسین، شوکت احمد ڈار، شبیر احمد، ریاض احمد ڈار، شاہد بشیر، مبارک احمد، تنویر احمد، سوم راج، مشتاق احمد، نریش کمار، اب قیوم، وکرم سنگھ، سجاد الحق، جیلانی محمد، جنمیج سنگھ، شکیل احمد، رفیق احمد، جاوید احمد، اعزاز احمد، نثار احمد , غلام حسن، احتشام الحق، محمد اکبر، گلزار احمد، ویر جی، سباش سنگھ، محمد صادق، پردیپ کمار، زوراور سنگھ، گردھاری لال، شوکت حسین، طارق حسین، گلزار احمد، محمد خلیل، بلدیو راج، مشتاق احمد اور فاروق احمد شامل ہیں۔

 

 

تھنہ منڈی میں نقب زنی  13گھروں کو لوٹ لیا گیا

تھنہ منڈی // عظمیٰ یاسمین//سب ڈویژن منڈی کے پسماندہ گاؤں درہ میں تعینات آرمی چیک پوسٹ کے بالکل قریب نقب زنی کی واردات میں چوروں نے ایک ہی رات میں تقریباً 13 گھروں کو لوٹ لیا جن میں محمد الیاس محمد معروف محمد عارف پسران محمد اعظم، محمد شکیل ولد محمد عالم، محمد طارق ، پرویز احمد پسران عبداللہ، الطاف حسین شوکت حسین پسران کرمدین، عبدالعزیز ولد فیروز دین، محمد ریاض ولد فقیر محمد، چوہدری محمد اقبال ولد محمد حسین ، ماسٹر فیض حسین  ولد عبدل اور محمد سعید ولد محمد شفیع نجار کے گھر شامل ہیں۔ مکینوں کے مطابق چوروں نے لاکھوں روپے کی نقدی زیورات اور قیمتی سامانوں کو لوٹ لیا۔ اطلاعات کے مطابق چوروں کے ایک گروپ نے بڑے پیمانے پر ڈاکہ زنی کو انجام دیتے ہوئے موضع درہ میں آرمی چیک کے بالکل قریب ایک ہی رات میں تقریباً 13 گھروں کو نقب زنی کا نشانہ بنایا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جن گھروں کو چوروں نے نشانہ بنایا وہ آرمی پوسٹ سے صرف ایک سے ڈیڑھ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوگ آرمی کے بھروسے پر اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ ڈھوکوں میں چلے گئے تھے لیکن چوروں نے ان کے مکانوں کے تالے توڑ کر نقدی، زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ انھوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیک پوسٹ کے اتنے قریب سے چوروں نے بڑی صفائی اور سفاکی سے یہ واردات انجام دی ہے جس سے ان کی چالاکی کا پتہ چلتا ہے۔ اس موقع پر گاؤں کے مکینوں نے کہا کہ اگر اس واقع میں ملوث افراد کا پردہ فاش نہ کیا گیا اور انھیں پابند سلاسل نہ کیا گیا تو مستقبل قریب میں یہ گروہ لوگوں کا جینا حرام کر دے گا۔ لوگوں نے اپنا درد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک تو اس گروہ نے انکی سالوں کی جمع پونجی پر ہاتھ صاف کرلئے ہیں اور دوسرے ان کے گھروں اور دروازوں کی توڑ پھوڑ کر کے ان کا بہت بڑا نقصان کیا ہے۔ اس موقع پر کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے لوگوں نے کہا ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر شوکت حسین چوہدری ایک مستعد اور فعال پولیس افسر ہیں اور ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ بہت جلد اس گروہ کا پردہ فاش کر کے انھیں پابند سلاسل کر کے غریب لوگوں کو انصاف فراہم کریں گے۔

 

 ایکسکرشن کے دن تمباکو نوشی کا معاملہ

سی ای او کی نجی سکول کیخلاف کارروائی کرنے کی درخواست 

عارف بلوچ

 

اننت ناگ//اننت ناگ کے ایک نجی اسکول کے طلاب کا ایکسکرشن کے دن تمباکو نوشی کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد چیف ایجوکیشن آفیسر نے پولیس کو چھٹی لکھ کر اسکول کے خلاف کیس درج کرنے کی مانگ کی ۔ضلع کا ایک نامی گرامی اسکول رواں مہینے کی 15 تاریخ کوایکسکرشن کے لئے ویری ناگ گیا تھا ،اس دوران اسکول میں زیر تعلیم چند طلاب کو پارک میں تمباکو اشیا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد ویڈیو سماجی رابطے گاہوں پر وائرل ہوگی۔اس بیچ ضلع کے چیف ایجوکیشن آفیسر نے معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ویری ناگ کو ایک چھٹی زیر نمبر CEO/A/IMW/18237-42-22 لکھ کر اسکول کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی ہے۔چھٹی میں لکھا گیا کہ اسکول کے طلاب سیر پر گئے تھے جس دوران ممنوع اشیا کا استعمال ہوا ہے جسکا ویڈیو وائرل ہوگیا ہے۔چھٹی میں مزید لکھا گیا ہے کہ اسکول کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور مزید تحقیقات شروع کی جائے۔ایس ایچ او ویری ناگ کا کہنا ہے کہ انہیں فی الحال چھٹی موصول نہیں ہوئی ہے۔