اہم خبریں

 

ضلع میں مارکیٹ چیکنگ کا سلسلہ جاری
معیاری چیزیں و قیمتیں اعتدال پر رکھنے کے لئے انتظامیہ متحرک :اے ڈی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //عید الاضحٰی کے پیش نظر ڈوڈہ ضلع کے مختلف بازاروں میں مارکیٹ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے جس دوران غیر معیاری سبزیاں، پھل و دیگر اشیاء سپلائی کرنے والے دکانداروں سے جرمانہ وصول کیا ہے۔اے محکمہ خوراک شہری رسادات و امور صارفین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا مختلف محکموں پر مشتمل ٹیم نے پچھلے ایک ہفتہ سے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر کے مختلف بازاروں میں مارکیٹ چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا ہے جس دوران کھانے پینے کی معیاری چیزیں دستیاب رکھنے و ناجائز منافع خوری سے احتیاط کرنے کی دکانداروں کو ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ ناقص چیزیں سپلائی کرنے پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

 

 

 

 

پونچھ انتظامیہ نے عید الضحیٰ کے انتظامات کا جائزہ لیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندر جیت (KAS) نے منگل کو مختلف محکمہ جات کے افسران اور سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ میٹنگ میں عید الضحیٰ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ضلع میں پینے کے پانی، بجلی، گوشت، پولٹری، راشن، سیکورٹی، طبی سہولیات اور ایل پی جی کے علاوہ بازاروں میں دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے پروگرام کی سہولت کے لئے فول پروف انتظامات کرنے کے لئے مختلف مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔ تفصیلی بحث کے بعد ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ غذائی اجناس، بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو مناسب طریقے سے منظم کریں۔ پولیس اور ٹریفک حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ مساجد کے اردگردسیکورٹی کو یقینی بنائیں اور عوام کو ہر قسم کی تکلیف سے بچانے کے لئے ٹریفک کا بہتر انتظام کیا جائے۔ پی ڈبلیو ڈی اور پی ایچ ای کے محکموں سے کہا گیا کہ وہ عیدگاہ کو بجلی فراہم کریں اور جگہ جگہ پانی ڈالیں۔

 

ڈی سی کشتواڑ نے عیدالاضحی انتظامات کا جائزہ لیا
عاصف بٹ
کشتواڑ//ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما ضلع افسران و مجلس شوریٰ ارکان کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں عیدالاضحی کے موقع پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے جل شکتی اور جے پی ڈی سی ایل کے افسران کو تہوار کے دوران ضلع بھر میں بالترتیب پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جل شکتی محکمہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ مطلوبہ علاقوں میں پانی کے ٹینکروں کو نصب کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی جگہ پینے کے پانی کی قلت نہ ہو۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے اس موقعہ پر بتایا کہ تہوار کے پرامن انعقاد کے لئے پورے ضلع میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع شیپ ہسبنڈری آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع میں قربانی کے جانوروں کی مناسب تعداد موجود ہو۔ چیف انیمل ہسبنڈری آفیسر نے بتایا کہ ضلع میں پولٹری برڈز اور جانور مناسب تعداد میں دستیاب ہیں۔ ڈی سی کی جانب سے مارکیٹ میں کھانے پینے کی اشیاء، بیکری، کنفیکشنری، دودھ، گوشت چکن، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی کوالٹی چیک کرنے اور منظور شدہ نرخوں پر معیاری مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی سی نے اے ڈی، ایف سی ایس اور سی اے کو ہدایت کی کہ عید سے قبل راشن کی تقسیم کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو اس سلسلے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میونسپل حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ قصبوں، مساجد اور عیدگاہوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس حکام سے کہا گیا کہ وہ تہوار کے دوران ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان مرتب کریں۔

 

تھنہ منڈی میں نوجوان کی مبینہ خود کشی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے نمل کلیاں ہسپلوٹ علاقہ کے رہائشی 27 سالہ شادی شدہ نوجوان گلفراز احمد ولد لعل حسین نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ستائیس سالہ گلفراز احمد ولد لعل حسین نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں لگے بجلی کے پنکھے سے اپنے گلے میں پھندا ڈالا اور لٹک کر اپنی جان دے دی۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی گلفراز احمد کی آج سے 9 ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور گھر کا نظام ایک خوشگوار ماحول میں چل رہا تھا۔ اس ناخوشگوار حادثہ کے فوراً بعد متعلقہ سرپنچ عبدالرشید کے ذریعے پولیس کو مطلع کیا گیا۔ چنانچہ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر شوکت حسین چوہدری اپنی ٹیم اور طبی عملہ کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے اور متوفی کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کردیا گیا۔ خودکشی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی تاہم پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے انکوائری شروع کردی ہے۔

 

 

یاترا قافلوں کے دوران مقامی ٹریفک پر قدغن معاملہ سے انتظامیہ باخبر
یاترا کانوائے نکلتے ہی ٹریفک چھوڑاجاتا ہے،مزید بہتر ی کی کوششیں جاری:ڈی سی رام بن
محمد تسکین
بانہال// یاتراکانوائے کے دوران مقامی ٹریفک کو مختلف مقامات پر روکنے کا اعتراف کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ رام بن کا کہنا ہے کہ مقامی ٹریفک کی آمدورفت کو مزید بہتر کرنے کی کوشش جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے اس ضمن میں کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ قومی شاہراہ پر دونوں طرف سے چار یاترا کانوائے کے قافلوں کو نکالا جانا ہوتا ہے اور اس دوران مقامی ٹریفک کو روکا جاتا ہے تاہم روکے جانے والے ٹریفک میں ایمرجنسی نوعیت کے ٹریفک کو جلد از جلد بحال کرنا ان کی ترجیح رہتی ہے اور یہ معاملہ ایس ایس پی رام بن کی نوٹس میں بھی لایا گیا ہے اور کئی وفود بھی اس بارے میں ان سے ملاقائی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ٹریفک کو ضلع رام بن سے گزرنے والی قومی شاہراہ کے چھیاسٹھ کلومیٹر حصے میں سب جگہ روکا نہیں جاتا ہے بلکہ ایسا کچھ مقامات پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کانوائے کے نکلنے کے اوقات میں اوپر نیچے کا وقت لگتا ہے اور کانوائے کے نکلنے کے فوراً بعد مقامی ٹریفک کو ساتھ ساتھ بحال کیا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ٹریفک کی آمدورفت کو مزید بہتر کرنے کی کوشش جاری ہیں۔اس دوران بدھ کی صبح اور دوپہر میں رام بن بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر ہلکی بارشیں بھی ہوئیں تاہم بارشوں کا دورانیہ بہت کم تھا اور شاہراہ پر جاری ٹریفک میں کوئی خلل نہیں آیا۔

 

بھاجپا طالب شاہ معاملہ میںذمہ داری سے بھاگ نہیں سکتی:کانگریس
NIAاس خوفناک ملی ٹنٹ سے بھاجپالیڈروں کے تعلق کی بھی تحقیقات کرے
جموں//کانگریس نے بی جے پی کو لشکرطیبہ کمانڈر طالب حسین شاہ کے واقعہ میں ذمہ داری سے فرار ہونے کی مبینہ کوشش کے لئے جوابی حملہ کیا اور مطالبہ کیا کہ این آئی اے کو اس خوفناک ملی ٹنٹ سے بی جے پی لیڈروں کے تعلق کی بھی تحقیقات کرنی چاہئے۔ایک مشترکہ بیان میں جے کے پی سی سی کے ورکنگ صدر رمن بھلا، نائب صدور مولا رام، کانتا بھان، ترجمان اعلیٰ رویندر شرما، جنرل سکریٹریز یوگیش ساہنی، منموہن سنگھ، خزانچی رجنیش شرما، سکریٹری پون رینا، سنجیو پانڈا، ایس سی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کرن بھگت، ساحل شرما، سیوا دل کے سربراہ وجے شرما اور دیگر ان نے بی جے پی سے سیکورٹی خطرے کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش پر سوال اٹھایااور کہاکہ بی جے پی لیڈر خود اس طرح کے خطرناک ملی ٹنٹ کو ایسے اہم واقعات میں سہولت فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں، جیسا کہ بی جے پی لیڈر بشمول ملک کے وزیر داخلہ سے ملاقات ہے جو بہت سنگین ہے۔انہوںنے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ اتنا خوفناک ملی ٹنٹ وزیر داخلہ سے مل کر وزیر داخلہ کی سیکورٹی میں سنگین خلاف ورزی کا باعث بن سکتا تھا۔انہوںنے فوری طور پر ذمہ داروںکے خلاف قانون کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ این آئی اے اور دیگر ایجنسیوں کو بی جے پی میں ان کے عہدے کی وجہ سے وزیر داخلہ اور دیگر تمام لوگوں کی سیکورٹی میں سراسر خامیوں کی تحقیقات کرنی چاہئے۔ الگ سے اس بات کی بھی چھان بین ہونی چاہیے کہ ایسا ملی ٹنٹ برسوں تک خفیہ ایجنسیوں کی نظروں سے کیسے بچتا رہا اور بی جے پی صفوں کا سرگرم لیڈر بن کر اعلیٰ عہدیداروں سے ملا۔رہنماؤں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بی جے پی لیڈر شواہد کے سلسلے میں حقائق کو موڑنے اور توڑ مروڑ کر اپنی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے۔

جموں میں ریزرو کیٹیگری ملازمین کی ہڑتال 36ویں دن بھی جاری
جموں//آل جموں بیسڈ ریزروڈ کیٹیگری ایمپلائز ایسوسی ایشن نے امبیڈکر چوک پر اپنا احتجاجی مظاہرہ 36ویں روز بھی جاری رکھا۔نعروں کے درمیان ملازمین نے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان کے تین نکاتی حقیقی مطالبات بشمول ایک جامع ٹائم باؤنڈ ٹرانسفر پالیسی کی تشکیل، اپنے متعلقہ ضلع میں ملازمین کی خدمات کا استعمال اور جموں میں مقیم ملازمین پر وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال میں دوبارہ کام شروع کرنے کے لیے دباؤ نہ ڈلنے کوقبول کریں۔کئی ملازمین اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ آئے ہوئے تھے۔دریں اثنا، جموں و کشمیر گورنمنٹ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن فورم کے ترجمان اور سینئر ٹریڈ یونین لیڈر سریش شرما نے اپنی ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجی ملازمین کے حقیقی مقصد کے لیے مکمل حمایت کی اور جموں و کشمیر انتظامیہ سے ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے زور دیا۔انہوں نے جموں میں مقیم کشمیر میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے حق میں ایک جامع ٹرانسفر پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ آل جموں بیسڈ ریزروڈ کیٹیگری ایمپلائز ایسوسی ایشن کشمیر کی کور کمیٹی نے جموں و کشمیر گورنمنٹ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن فورم کی غیر مشروط حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

 

ڈی آئی جی ڈی کے آر کا کشتواڑ دورہ
عید ،سرتھل دیوی و مچیل ماتا یاترا انتظامات کا جائزہ لیا
عاصف بٹ
کشتواڑ//سرتھل دیوی و مچیل ماتا یاترا کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج سنیل گپتا نے ضلع کشتواڑ کا دورہ کیا جس دروران انھوں نے ضلع پولیس لائن کشتواڑ کے کانفرنس ہال میں ضلع انتظامیہ، فوج، آئی آرپی و سی اے پی ایف کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں عیدالاضحی کے تہوار، سرتھل دیوی یاترا، مچیل چندی ماتا یاترا کے سلسلے میں تیاریوںکا جایزہ لیا گیا جبکہ اسکے علاقہ جرائم، امن و امان و دیگر انتظامات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے تفصیلی رپورٹ پیش کی کہ ضلع کشتواڑ حساس علاقہ ہے۔ میٹنگ کے بعد ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج نے ایس ایس پی کشتواڑ اور سی اے پی ایف اور ضلع کی سول انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران کے ساتھ کشتواڑ شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں کا چکر لگایا۔ کلید میں پولیس کمپوننٹ میں سیکورٹی کی تعیناتی کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے پولیس اہلکاروں سے بات کی اور موقع پر ہی اہم ہدایات دیں۔ ڈی آئی جی ڈی نے اہلکاروں کو اضافی چوکس رہنے پر زور دیا اور انھیں یاترا کے ہموار انعقاد، آئندہ تقریبات اور تہواروں کے لیے سیکورٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔

ادھم پور میں اپنی پارٹی ورکروں کا اجلاس ، عوامی مسائل پر غوروخوض
ادھم پور// اپنی پارٹی صوبائی نائب صدر اور سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ نے قصبہ اودھم پور اور دور دراز گاوں میں چوبیس گھنٹے بجلی اور پینے کے صاف پانی کی بلاخلل سپلائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ اودھم پور میں پارٹی دفترپرمنعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میںاپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی، ضلع صدر اودھم پور ہنس راج ڈوگرہ، ضلع جنرل سیکریٹری ست پال ودیگر لیڈران بھی موجود تھے۔اجلاس میں تنظیمی اور ضلع اودھم پور کے ترقیاتی مسائل پر سیر حاصل غوروخوض ہوا۔ پارٹی لیڈران کی طرف سے اْجاگر کئے گئے مسائل کو سننے کے بعد فقیر ناتھ نے کہاکہ حکام کو گائوں سطح پر ناقص ترقیاتی عمل اور نامناسب طبی سہولیات متعلق بتایاگیاتھا لیکن اِس میں بہتری لانے کے لئے کچھ نہ کیاگیا۔انہوں نے کہا’’بیروکریسی عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ جموں وکشمیر کے اندر منتخب عوامی حکومت کی عدم موجودگی میں غریب عوام کی کہیں سنوائی نہیں، لوگ آج بھی بنیادی سہولیات کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، بجلی اور پانی کی سپلائی ضلع کے کئی علاقوں میں آج بھی دیرینہ خواب ہے‘‘ ۔

 

سجاد کچلو کا ڈی ڈی سی چیئرپرسن کشتواڑ کے ہمراہ پاڈر کا دورہ
عوامی مسائل کا جائزہ لیا، شر پسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے کی اپیل
کشتواڑ //سابق وزیر و زونل صدر نیشنل کانفرنس سجاد احمد کچلو نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن کشتواڑ پوجا ٹھاکر کے ہمراہ سب ڈویڑن پاڈر کے متعدد دیہات کا دورہ کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔اس دوران لوگوں نے کئی مشکلات سے سابق وزیر و ڈی ڈی سی چیئرمین کو آگاہ کیا جس میں رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی کی کمی، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، فلاحی سکیموں میں فنڈس کی عدم دستیابی، تعلیمی اداروں و ہسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کی قلت وغیرہ شامل ہیں۔کچلو و ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارہ کو قائم و دائم رکھتے ہوئے شر پسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنائیں جو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر سماج و عوام کے درمیان انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقہ میں تنظیم کی مضبوطی کیلئے بھی تیزی سے کام کریں۔اس دوران پارٹی کے کئی اہم کارکن، پنچائتی اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 

کسلیاں میں فوج کابیداری پروگرام
حسین محتشم
پونچھ//انڈین آرمی کی دْرگا بٹالین کی جانب سے ضلع پونچھ کی سرحدی پنچایت کسلیاں میں نوجوانوں کو اگنی پتھ اسکیم کے تحت بھرتی، انکی مفت رجسٹریشن کے حواکے سے ایک جانکاری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقعہ پر شرکاء کو اس اسکیم کے تحت بھرتی ہونے کے متعلق تفصیلی جانکاری دی گئی۔اس موقع پر موجود فوجی افسران نے شرکاء کو بتایا کہ مرکز کی اگنی پتھ اسکیم کے تحت اس سال 46 ہزار نوجوانوں کو مسلح افواج میں شامل کیا جانا ہے۔ اسکیم کے مطابق نوجوانوں کو چار سال کیلئے بھرتی کیا جائے گا اور انہیں ‘اگنی ویر’ کہا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگنی ویر کی عمر 17 سے 23 سال کے درمیان ہوگی اور تنخواہ 30-40 ہزار ماہانہ ہوگی۔ پلان کے مطابق بھرتی ہونے والے نوجوانوں میں سے 25 فیصد کو فوج میں مزید مواقع ملیں گے اور باقی 75 فیصد کو نوکری چھوڑنی ہوگی۔ اس بیداری/جانکاری پروگرام میں موجود ہے ۔نوجوانوں نے انڈین آرمی اور مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

 

پولنگ سٹیشنوں کی ریشنلائزیشن
مینڈھر میں انتظامیہ و سیاسی نمائندوں کا اجلاس
جاوید اقبال
مینڈھر //پولنگ سٹیشنوں کی ریشنلائزیشن کو لے کر مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر ایس ڈی ایم کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی بڑ ی تعداد میں شرکت کی ۔انتظامیہ کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق سب ڈویڑنل مجسٹریٹ مینڈھر نے پولنگ بوتھوں کو ریشنلائز کرنے کے سلسلے میں اپنے دفتر میں تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ منعقد کی جس میں تحصیلدار مینڈھر ،بالا کوٹ،منکوٹ اور تمام نائب تحصیلداروں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ میںپولنگ بوتھوں کی حد بندی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔سیاسی نمائندوں نے مختلف علاقوں کی زمینی رسائی کی مناسبت سے پولنگ سٹیشنوں کے قیام پر زور دیا تاکہ لوگوں کیلئے آسانی پیداہو سکے ۔

 

ہنو مان مندر مینڈھر میں 7روزہ پروگرام اختتام پذیر
جاوید اقبال
مینڈھر // پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کے ہنومان مندر میں چل رہے سات روزہ بھاگوت بھگوان گیان نامی پروگرام گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گیا ۔اس پروگرام میں سرحدی ضلع پونچھ کیساتھ ساتھ جموں صوبہ کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مندر منتظمین نے بتایا کہ بھاگوت کتھا میں جمو ں وکشمیر کے علاوہ بیرون ریاست کے سوامیوں نے شمولیت کی۔پیٹھاڈیشور سوامی شری وشواتمانند سرسوتی جی مہاراج کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران مختلف جگہوں سے آئے ہوئے سوامیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ شرکا ء کے پوجا و دیگر مذہبی رسومات بھی ادا کیں ۔ وہیںپیٹھاڈیشور سوامی شری وشواتمانند سرسوتی جی مہاراجن نے کرشن کے پریم رس اور تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقعہ پر ہزاروں کی تعداد میں موجود خواتین مرد عقیدتمند موجود تھے۔پروگرام کے منتظمین کی جانب سے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جبکہ اس سات روز ہ پروگرام میں متعدد ہندو تنظیموں و عقیدت مندوں نے بڑے پیمانے پر شرکت کی ۔