اہم خبریں

ڈوڈہ میں جعلی شناختوں پر سم کارڈ جاری کرنے کا گروہ بے نقاب
پولیس تھانہ گندوہ میں معاملہ درج، 2 افراد گرفتار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ // پولیس نے فرضی شناخت سم کارڈ فروخت کرنے کا گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کیا ہے. ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گندوہ پولیس نے ظفر حسین عرف جعفر حسین ولد نور محمد متو ساکنہ ڈوڈواڑ کو جعلی شناخت پر سم کارڈ جاری کرکے انتظامیہ اور عام لوگوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ سم فروش فرضی شناخت پر غیر مقامی لوگوں کے نام سم کارڈ فروخت کرکے عام لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان سم کارڈ کا ملک مخالف سرگرمیوں و دیگر مجرمانہ کارروائی کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا تھا۔پولیس کے مطابق یہ گروہ سرکاری ویب سائٹ ceojk.nic.in کااستعمال کرتے ہوئے چلایا جا رہا تھا، جس میں وہ پہلے ویب سائٹ پر جاتے تھے، اسے کھولتے تھے، سی کیو آر نمبر کاپی اور پیسٹ کرتے تھے اور ساتھ ہی ووٹر کی دیگر تفصیلات یعنی اس کا نام، پتہ، ولدیت اور پھر یہ معلومات جعلی انتخابی کارڈ میں بھرتے تھے ، اس کے بعد ایپ، ایڈوب فوٹوشاپ کا استعمال کرتے ہوئے وہ صارف کی تصویر اس میں پرنٹ کرکے ایک نیا انتخابی کارڈ بنتا تھا جس میں پتہ اور نام وہی رہتا ہے لیکن تصویر کسی دوسری شخص کی ہوتی ہے۔اس کے بعد صارف کی حالیہ تصویر کو کلک کیا جاتا ہے اور جعلی انتخابی کارڈ کے ساتھ تصدیق کے لیے بھیجا جاتا ہے اس طرح جعلی شناخت والے شخص کو ایک نئی سم جاری کردی جاتی تھی۔ پولیس نے مزید کہا کہ مذکورہ سم کارڈ فروش عرصہ دراز سے اپنے ساتھی محمد طیب ولد محمد اقبال راؤ گندوہ کے ساتھ مل کر یہ ریکٹ چلا رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوکاندار نے تقریباً (39) جعلی سمیں مختلف افراد کو جاری کیں ہیں اور آنے والے دنوں میں اس تعداد میں اضافے کا خدشہ تھا. اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر نمبر 45/2022 زیردفعہ 420/467/468/120B آئی پی سی پولیس اسٹیشن گندوہ میں درج کیا گیا ہے۔پولیس نے کہا کہ ضلع بھر میں ایسے جعلی سم کارڈ فروشوں کی نشاندہی کا سلسلہ شروع کیا ہے جو اس قسم کی کارروائی میں ملوث ہیں۔

گول: حجام مرگ میں بادل پھٹنے سے مویشی ہلاک
زاہدبشیر
گول//گزشتہ شب گول کے حجام مرگ میں بادل پھٹنے سے کم سے کم پندرہ مویشی جن میں گائے اور بیل شامل ہیں ہلاک ہو گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ حجام مرگ میں پرتمولہ و دیگر علاقوں کے لوگ ڈھوکوں میں جاتے ہیں اور ان کا مال مویشی وہیں ڈھوکوں میں ہی ہوتے ہیں اور 29اور30کی درمیانی شب کو شدید بارش ہوئی اور اس دوران بادل پھٹنے جس وجہ ندی نالوں میں طغیانی ک صورتحال بنی اور اس دوران یہاں باہر مویشی بھی پانی کے بھائوں اور لڑھک گئے جس وجہ سے 15سے زائد مویشی ہلاک ہو گئے ہیں ۔ مقامی علاقہ کے سرپنچ مشتاق احمد حجام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک ٹیم حجام مرگ بھیجی جائے تا کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا سکے اور ان غریبوں کو اس کا بھر پور معاوضہ دیا جائے کیونکہ یہاں پر لوگوں کی زندگیوں کا انحصار ان ہی مال مویشیوں پر ہوتا ہے ۔

رام بن میں پُل کی تعمیر سے گول کا رابطہ منقطع
بڑی گاڑیو ں کا جھولا پل سے گزرنا ممنوع قرار،لوگ کافی پریشان
زاہد بشیر
گول//گول کو دوسرے علاقوں جموں یا سرینگر شہروں کے ساتھ ملانے والا واحد راستہ رام بن سے گزرنے والی شاہراہ کا رابطہ اُس وقت منقطع ہو گیا جب رام بن میترا میں دو روز قبل گریف نے یہاں پر پل پر تعمیری کام شروع کر دیا ہے جس وجہ سے یہاں سے کسی بھی گاڑی کو گزرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ وہیں جھولا پل جس کوقریباً دو دہائیوں سے بڑی گاڑیوں کے گزر نے کے لئے ممنوعہ قرار دیا گیا ہے جس پر صرف چھوٹی ہی گاڑیاں چلتی ہیں ۔ اس طرح سے گول میں آج تیسرے روز بھی بس ، ٹرک وغیرہ نہیں آ سکے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاں عید کی آمد آمد ہے غذائی اجناس و دوسری چیزوں کی اشد ضرورت ہے اور دکانداروں کا مال کئی روز سے پھنسا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی روز سے بس بھی نہیں آ رہی ہے جس وجہ سے عام لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اگر چہ حکام کی جانب سے 17گھنٹے کے لئے ایک نوٹس بھی جاری کیاگیا تھا لیکن چوبیس گھنٹے گزرنے کے با وجود گاڑیوں کو نہیں چھوڑا گیا ۔اگر چہ یہاں پر متبادل راستہ بھی بن سکتا تھا لیکن گریف حکام نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جس نالہ پر یہ پل بن رہا ہے اس نالے کے آدھے میں راستہ بنا ہوا ہے اورتھوڑا ہی کام تھا متبادل راستہ بنانے کی لیکن گریف نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے مطالبہ کیا کہ گریف حکام سے کہیں کہ متبادل راستہ بنایا جائے تا کہ تعمیرکے دوران آمد و رفت میں کوئی خلل پیدا نہ ہو سکے ۔

ادھم پور میں جعلی نمبر پلیٹ والی سکارپیوگاڑی ضبط
جموں//ٹریفک پولیس نے ادھم پور میں جموں سری نگر قومی شاہراہ پر جعلی رجسٹریشن نمبر والی اسکارپیو کو ضبط کیا۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ ایک سکارپیو ایس یو وی ٹریفک پولیس کے ناکے سے بچ رہی تھی جب اسے جکھانی پر رکنے کا اشارہ کیا گیا اور پھر ٹریفک پولیس والوں نے اس کا پیچھا کیا اور ناکہ چیکنگ پوائنٹ سے 500 میٹر دور گاڑی کو پکڑ لیا۔ٹریفک پولیس کے پولیس افسر نے بتایا کہ سکارپیو کے پاس ہریانہ کی رجسٹریشن نمبر پلیٹ یعنی HR26ET-5639 (جعلی نمبر) تھی اور اس کا ڈرائیور مبینہ طور پر رجسٹریشن کے دستاویزات دکھانے سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس افسر نے کہا’’ہم نے رجسٹریشن نمبر کو آن لائن چیک کیا اور پتہ چلا کہ یہ جعلی نمبر پلیٹ تھی جبکہ گاڑی چوری ہو گئی ہے اور اس سلسلے میں بہار میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ‘‘۔پولیس افسر نے کہا کہ ہمیں چوری شدہ سکارپیو کے اصل رجسٹریشن نمبر کی تفصیلات مل گئی ہیں۔اس کیس کو مزید تصدیق کے لیے بھیجا گیا ہے، پولیس افسر نے لوگوں سے یہ یقینی بنانے کے لیے کہا کہ ان کے پاس ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹس ہیں۔

 

ڈی ڈی سی چیئرپرسن کشتواڑ کا دچھن سوندر میں عوامی رسائی پروگرام کا انعقاد
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی تحصیل دچھن کے علاقہ سوندر میں ضلع ترقیا تی کونسل چیئرپرسن پوجا ٹھاکرکی صدارت میں پبلک آؤٹ ریچ پروگرام منعقد ہوا جس دوران علاقہ کی عوام کی شکایات سنی گئیں اور ان کا ازالہ کیا گیا۔اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران موجود تھے اور انہوں نے عوام کو جاری سکیموں اور ان کے فوائد سے آگاہ بھی کیا۔ پوجا ٹھاکر نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی انتھک کوششیں کر رہی ہیں ۔انھوں نے عوام کے مطالبے پر سوندر میں سڑک کا افتاح کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹھیکیدار اور محکمہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سڑک کی تعمیر آسانی سے چل سکے۔ انہوں نے ٹھیکیدار و جونیئرانجینئر پی ایم جی ایس وائی محکمہ کی کوششوں کی بھی ستائش کی جنہوں نے مقررہ وقت میں سڑک کی تعمیر کو مکمل کرنے میں سخت محنت کی ۔انہوںانہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ بہت جلد تحصیل دچھن میں اس طرح کے مزید عوامی رسائی پروگرام منعقد کریں گی۔

کشتواڑ پولیس نے ضلع بھر میں تھانہ دیوس کا انعقاد کیا
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں تھانہ دیوس کا انعقاد پولیس سٹیشن کشتواڑ ، پولیس پوسٹ پدیارنہ، پولیس سٹیشن چھاترو، پولیس سٹیشن دچھن اور ضلع کشتواڑ کے پولیس تھانہ اتھولی میں کیا گیا۔ تھانہ دیوس پروگرام کی صدارت ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ و ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کشتواڑ وشال گپتا نے پدریانہ میں کی۔ میٹنگوں میں سرپنچوں اور سول سوسائٹی کے ممبران، دکاندار ایسوسی ایشن کے ممبران اور متعلقہ علاقوں کے معززین نے شرکت کی۔ افسران نے عوام کی شکایات کو سنا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر بروقت حل کرنے کا یقین دلایا۔میٹنگ کے دوران شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے بہت سے مسائل موقع پر ہی حل کیے گئے اور تمام سپروائزری افسران کو بھی اس کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔ایس ایس پی کشتواڑنے بھی شرکاء سے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور ملک دشمن، سماج دشمن عناصر اور منشیات فروشوں کی شناخت میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کی۔ شرکاء کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے تجارتی اداروں و دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں جس سے سماج دشمن اور مجرمانہ کارروائیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔شرکاء نے جموں و کشمیر پولیس کے ذریعہ تھانہ دیوس کے انعقاد کے حکومت کے اقدام کو سراہا جس سے ان کے مسائل کے فوری ازالے میں مدد ملے گی۔

قصبہ ٹھاٹھری میں چائلڈ کیئر ہسپتال قا ئم کرنے کی مانگ
ڈوڈہ //قصبہ ٹھاٹھری میں چائلڈ کیئر ہسپتال کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سیول سوسائٹی نے کہا کہ یہ قصبہ کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر واقع ہے وہیں ڈوڈہ و کشتواڑ کی مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ سیاسی و سماجی کارکن طالب حسین بٹ کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قصبہ ٹھاٹھری کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ کے مرکز میں واقع ہے لیکن یہاں پر ناقص طبی سہولیات کی عدم دستیابی سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ مسافروں و باالخصوص سڑک حادثات کے دوران زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے میں بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ایل جی سے ٹھاٹھری میں چائلڈ کئر ہسپتال کھولنے کے ساتھ ساتھ ٹروما ہسپتال ٹھاٹھری میں ڈاکٹروں و بنیادی ڈھانچے کی کمی کو پورا کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اویس چوہدری پی ڈی پی یوتھ ضلع صدر نامزد
پارٹی کارکنوں نے ہائی کمان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پی ڈی پی نے محمد اویس چوہدری کو ضلع یوتھ صدر ڈوڈہ نامزد کیا ہے۔ پارٹی کے سیکرٹری و انچارج ڈوڈہ و کشتواڑ شیخ ناصر حسین کی جانب سے جاری حکمنامہ میں بھلیسہ کے سنوارہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے اویس چوہدری کو ضلع صدر شہاب الحق و نائب صدر چوہدری عبد الحم?د کی طرف سے منظوری دینے کے بعد ضلع یوتھ صدر نامزد کیا ہے۔ادھر چوہدری اویس نے پی ڈی پی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے انجام دیں گے۔ادھر پارٹی کے کارکنوں نے اویس چوہدری کو ضلع یوتھ صدر ڈوڈہ نامزد کرنے پر پی ڈی پی ہائی کمان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔