اہم خبریں

جی او سی کا ایل او سی پونچھ دورہ
آفیسران کے ہمراہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا
سمت بھارگو
راجوری//جموں وکشمیر میں شری امر ناتھ یاترا کے آغاز اور پونچھ میں بڈھا امر ناتھ یاترا کے موقع پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جنرل آفیسر ان کمانڈنگ وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ پونچھ ضلع کے اندرونی علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کاجائزہ لیا۔جی او سی منجندر سنگھ نے قبل ازیں پونچھ ضلع کے لائن آف کنٹرول سیکٹروں میں کے مقامات کا دورہ کیا جہاں انہیں مقامی فوجی بٹالین کے افسران کے ساتھ ساتھ کمانڈروں کے ذریعہ سیکورٹی کے مجموعی حالات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے لائن آف کنٹرول پر مجموعی سیکورٹی صورتحال اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔آفیسر موصوف نے پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی معیار اور مشکل خطوں کے حالات میں آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔بعد ازاں وائٹ نائٹ کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے ضلع پونچھ میں سرنکوٹ کی سرکردہ شخصیات اور رائے سازوں سے بات چیت کی۔یہ ایک غیر رسمی بات چیت تھی جس میں علاقے اور اس کے لوگوں کی ترقی کے مسائل بشمول بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سماجی بہبود، تعلیم، مذہبی ہم آہنگی اور ہندوستانی فوج کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوج نے کہا کہ معززین نے ہندوستانی فوج کے اعتماد سازی کے اقدامات کی تعریف کی۔

راجوری سڑک حادثہ ،چار زخمی
راجوری// راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں کم از کم 4افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔حادثہ اس وقت پیش آیا جبکہ محکمہ گریف کا ایک ٹرک سڑک سے پھسل گیا ۔حادثہ کوٹرنکہ قصبہ کے قریب حبی میں پیش آیا اور چار زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ٹرک کنڈی سے کوٹرنکہ جا رہا تھا کہ سڑک سے پھسل گیا اور گاڑی میں سوار چار افراد جن میں ڈرائیور بھی شامل ہے ،زخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت کفایت علی (28) ولد محمد اقبال، محمد اقبال (50) ولد شاہ محمد، لیاقت علی (45) ولد راج محمداورمحمد مختیار (33) ولد غلام نبی شامل ہیں۔

مینڈھر حدمتارکہ پر دھماکہ
جاوید اقبال
مینڈھر//پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں منکوٹ علاقے کے چھجلا گاؤں میں بدھ کی سہ پہر لائن آف کنٹرول پر ہونے والے دھماکے میں ایک پالتو گھوڑا زخمی ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ علاقے کے دیہاتی لائن آف کنٹرول کے قریب علاقوں میں اپنے مویشی چرانے میں مصروف تھے کہ ایک جانور اینٹی پرسنل بارودی سرنگ پر چڑھ گیا جس سے دھماکہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں جانور کو چوٹیں آئیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں آس پاس موجود لوگوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

پونچھ میں تلاشی مہم چلائی گئی
پونچھ//سیکورٹی فورسز نے بدھ کو سرحدی ضلع پونچھ کے کچھ دیہاتوں میں تلاشی مہم چلائی ۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی ٹیموں نے پونچھ کے کھنیتر اور دیگر دیہاتوں میں تلاشی لی۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی بدھ کو صبح کے اوقات میں شروع ہوئی اور شام تک جاری رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں سرچ آپریشن علاقے پر تسلط کی مشق تھی۔

راجستھان واقعہ پر نوشہرہ میں نوجوانوں کا احتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ //ریاست راجستھان میں گزشتہ دنوں پیش آئے انسانیت سوز واقعہ کیخلاف نوشہرہ سب ڈویژن میں احتجاج کرتے ہوئے راجستھان کے وزیر اعلیٰ پتلا نذر آتش کیاگیا ۔مظاہرین نے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا پتلا نذر آتش کرتے ہوئے مانگ کی مذکورہ واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ سماج میں نفرت پر مبنی مذکورہ نوعیت کے واقعات دوبار ہ سے رونما نہ ہو سکیں ۔غور طلب ہے کہ رسول پاک ﷺ کی شان میں کی گئی گستاخی کے واقعہ کے بعد راجستھا ن ریاست میں مبینہ طورپر گستا خ کے حق میں سوشل میڈیا کمنٹ پر ایک شخص کو قتل کر نے کا واقعہ سامنے آنے کے بعد سماجی کے مختلف طبقے مذمت کرنے کیساتھ ساتھ واقعہ کی جانچ و کارروائی کا مطالبہ بھی کررہے ہیں ۔نوشہرہ میں ویشو ہندو پرشد ،بجرنگ دل و دیگر تنظیموں کے اراکین نے انتظامیہ مخالف نعرے بازی بھی کی۔

۔3غیر قانونی سٹون کریشرز سربمہر کر دئیے گئے
عشرت حسین بٹ
منڈی //آلودگی کنٹرول بورڈ کی اجازت کے بغیر کام کرنے والے غیر قانونی سٹون کرشروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ نے پونچھ ضلع میں 3غیر قانونی سٹون کریشروں کو سر بمہر کر دیا ہے ۔ضلع مجسٹریٹ پونچھ، اندر جیت کی ہدایت پرمحکمہ مال اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ایم ایس یونیوک سٹون کریشر ،ایم ایس مہناز سٹون کریشر ،ایم ایس شبنم سحر سٹون کریشر کو سیز کر دیا ۔اس سلسلہ میں حکام کی جانب سے نائب تحصیلدار کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مذکورہ سٹون کریشروں کو سر بمہر کر دیا ۔ضلع انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومت کے مقرر کردہ معیار پر پورا نہ اترنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

 

پمپنگ سٹیشن پر نصب غیر قانونی موٹریں ضبط
ایس ڈی ایم نے کیس درج کرنے کا حکم جاری کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //ایس ڈی ایم مینڈھر نے منکوٹ بلاک کا دورہ کرتے ہوئے دبڑاج علاقہ کے پمپنگ سٹیشن پر نصب کی گئی 3غیر قانونی موٹریں ضبط کرتے ہوئے ملو ث افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔منکوٹ دورے کے دوران آفیسر موصوف نے علاقہ کی عوام کی شکایت کی بنیاد پر پمپنگ سٹیشن کا معائینہ کیا جس کے دوران کچھ مقامی لوگوں کی جانب سے غیر قانونی طورپر براہ راست نصب کی گئی موٹریں ضبط کرلی گئی ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ قدم کی وجہ سے علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی شدید متاثر ہورہی تھی جبکہ مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین بالخصوص شعبہ میکینکل کے ملازمین کی ملی بھگت کی وجہ سے لوگوں نے غیر قانونی طورپر موٹریں نصب کی ہوئی تھی ۔اس دوران ایس ڈی ایم نے محکمہ کے آفیسر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ پمپنگ سٹیشن پر غیر قانونی طریقہ سے موٹریں نصب کرنے والوں کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیں جبکہ پمپنگ سٹیشن کے ملازمین کیخلاف بھی کارروائی کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔