اہم خبریں

گول: چنا پل کو پرا نے مقام پر ہی تعمیر کیا جائے
چندلوگوںکیساتھ مل کر محکمہ جگہ تبدیل نہ کرے ، ڈپٹی کمشنر مداخلت کریں
زاہدبشیر
گول//سب ڈویژن صدر مقام کے ساتھ کئی علاقوں کو ملانے والا دہائیوں پرانے راستے پر کچھ سال قبل پل ڈھہ گیا تھا جس کے چلتے آج محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے اسی مقام پر نئے پل کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے لیکن اس پل کو یہاں سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی سازش چل رہی ہے جس میں محکمہ کے لوگ بھی ملوث ہیں ۔ یہ پل نہ صرف ایک وارڈ یا ایک پنچایت کا ہے بلکہ صدیوں پرانے ہری سنگھ کے زمانے کے راستے پر یہ پل ہے جہاں پر کئی مرتبہ پل بنے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں یہاں پر محکمہ تعمیرات عامہ ، مقامی ڈی ڈی سی ممبر و دوسرے مقامی لوگ آئے تھے لیکن یہاں پر اس پل کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی سازش چل رہی ہے اور صرف چند گھروں کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے محکمہ تعمیرات عامہ ہزاروں آبادی پر نفوس علاقوں کو نظر انداز کر رہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جس جگہ پر پرانا پل ڈھہ گیا ہے اسی جگہ پر پل تعمیر ہونا چاہئے ۔ جس جگہ پل کو منتقل کیا جا رہا ہے وہ کافی دل دل والی جگہ ہے جہاں قریباً بیس سالوں سے پسیاں آ رہی ہیں اور اس جگہ پر اس پل پر زیادہ رقم بھی خرچ ہو گی کیونکہ یہاں پر پل کا سپین کافی زیادہ ہو جائے گا اور ایک سال کے اندر ہی پل ڈھہ جائے گا ۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے ایس ڈی ایم گول کو بھی ایک تحریری یاداشت پیش کی ہے ۔ یہ پل نہ صرف چنا کے بلکہ پورے سب ڈویژن گول کے لوگوں کے لئے ہے جہاں سے لوگ گاگرہ ، کلی مستا ، بھیمداسہ ، گوئی ، گنڈی ، آستان مرگ کے علاوہ ڈھوکوں میں اسی راستے سے جاتے ہیں ۔ اس پل کو دوسری جگہ منتقل کرنے پر نہ صرف مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے بلکہ سب ڈویژن گول کے معروف سیاسی و سماجی لیڈروں نے بھی پل کو پرانی جگہ پر ہی تعمیر کرنے کو کہا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ نے جب اس سلسلے میں مقامی ڈی ڈی سی ممبرچوہدری سخی محمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ پل کو پرانی ہی جگہ تعمیر کیا جائے گا ہاں اتنا ہو سکتا ہے کہ دس بیس میٹر آگے پیچھے ہو سکتا ہے ۔ پل کو دوسری جگہ منتقل کرنے نہیں دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دو دن میں ٹھیکیدار کو یہ پل الاٹ بھی ہو جائے گا اور وہ خود اس دن پل کی تعمیر کرنے کے لئے مقامی لوگوں کے ساتھ جائیں گے ۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن اور ایس ڈی ایم گول سے مطالبہ کیا کہ وہ جائے موقع پر آئیں اور خود حالات کا جائزہ لیں اور صحیح مقام پر پل کی تعمیر ہونے دیں ۔

 

ڈوڈہ کے بلاک جکیاس میں بلاک دیوس کے تحت تقریب کا انعقاد
ڈپٹی کمشنر نے کئی عوامی مسائل کا موقع پر ہی نپٹارا کیا،دیگر جلد حل کرنے یقین دہانی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ// عوامی شنوائی مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما کی صدارت میں ضلع کے دور دراز بلاک جکیاس کے ڈاک بنگلہ میں پروگرام کا انعقاد کیا اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے کئی مسائل کا موقع پر ہی نپٹارا کرتے ہوئے انتظامیہ سے صاف و شفاف طریقے سے تعمیری کاموں کو بروقت مکمل کرنے و عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ کرنے کی ہدایات دیں . اس موقع پر ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک ،ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال ،سی ایم او ڈاکٹر محمد یعقوب میر، اے سی ڈی پھلیل سنگھ، ایس ڈی پی او شہزادہ کبیر متو، تحصیلدار بھلیسہ کے علاقہ مختلف ضلع و بلاک سطحی آفیسران ،پنچائتی اراکین و بھاری تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے تحصیل چلی پنگل کی عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں ڈی سی کو آگاہ کیا جس میں تعلیمی اداروں و ہسپتالوں میں عملہ و بنیادی ڈھانچے کی کمی، ایمبولینس گاڑی کی عدم دستیابی، پینے کے صاف پانی کی قلت و بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، ملکپورہ،بھٹیاس و اخیار پور میں اے ٹی ایم نصب کرنے، عمارتی لکڑی کی دستیابی کے لئے سیل ڈپوؤ قائم کرنے، منریگا، پی ایم اے وائی و ایس بی ایم کے تحت رقومات کی ادائیگی، رابطہ سڑکوں پر کام میں سرعت لانے، رکے پڑے تعمیری منصوبوں کو آگے بڑھانے، پی ایم کسان یوجنا سے مستحق افراد کو محروم رکھنے، سرکاری محکموں کو جوابدہ بنانے و رشوت خوری و منشیات جیسی بیماری سے معاشرہ کو پاک و صاف بنانے، زیڈ آر پی بلڈنگ اولڈ ملکپورہ کو چالو کرنے،چنیاس امرت پورہ، گونڈو جکیاس، بھٹیاس اخیار پور ،ہانو تلوگڑہ ،بھلی چنمپل، چالر سڑکوں پر کو بہتر بنانے، ڈوڈہ اخیار پور ایس آر ٹی سی بس سروس شروع کرنے و مسافر کرایا مختص کرنے، سرکاری سکولوں میں بہتر تعلیمی نظام بنانے و اساتذہ و دیگر سرکاری ملازمین کو ڈیوٹی کا پابند بنانے، ڈاک بنگلہ جکیاس کی خستہ حالی و ملکپورہ میں بنک شاخ و ہیلتھ سینٹر قائم کرنا شامل ہے۔ ڈی سی نے عوامی مسائل کو غور سے سننے کے بعد لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع و سب ڈویڑنل انتظامیہ کو عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر وقت کوشاں رہنے و کسی بھی قسم کی لاپرواہی و غفلت شعاری برتنے سے احتیاط کرنے کی ہدایت دی۔ڈی سی نے اسکولوں، آنگن واڑی مراکز و دیگر سرکاری اداروں میں ملازمین کی حاضری کو روزانہ بنیادوں پر معاینہ کرنے کی ایس ڈی ایم کو ہدایت دی۔ ڈپٹی کمشنر نے منشیات سے علاقہ کو پاک و صاف بنانے و آپسی بھائی چارہ کو مزید مستحکم بنانے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کئی مسائل کا موقع پر ہی نپٹارا کرتے ہوئے ایس ڈی ایم گندوہ سے تمام محکمہ جات کے ساتھ جائزہ کاری میٹنگ لے کر ایک ہفتہ میں ان مطالبات پر ہوئی پیش رفت کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔نظامت کے فرائض ماسٹر غلام نبی وانی و شبیر احمد شیخ نے انجام دیئے۔

گورنمنٹ ہائی سکول ڈھڈکائی میں تقریب منعقد
فوج نے جسمانی طور پر ناخیز افراد میں معذوری سرٹیفکیٹ تقسیم کیں
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //راشٹریہ رائفلز یونٹ بھدرواہ نے ضلع کے پسماندہ گاؤں ڈھڈکائی میں جسمانی طور پر ناخیز افراد میں معذوری سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول ڈھڈکائی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمانڈنگ آفیسر راشٹریہ رائفلز رجت پرماڑ، بی ایم او گندوہ ڈاکٹر شفقت زرگر، پنچائتی اراکین و مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈھڈکائی ضلع کا واحد ایسا گاؤں ہے جس میں معذور افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی جانب سے قوت گویائی و قوت سماعت سے محروم افراد کے لئے سدبھاؤنہ پروگرام کے تحت کئی اقدامات کئے ہیں۔ مقامی سرپنچ چوہدری عبد الطیف نے کہا کہ فوج نے جہاں قوت گویائی و قوت سماعت سے محروم بچوں کے لئے تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا وہیں طبی سامان بھی فراہم کیا۔ کمانڈنگ آفیسر نے جسمانی طور پر ناخیز افراد میں معذوری سرٹیفکیٹ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد سماج کے پسماندہ طبقہ کو راحت پہنچانا و فوج و عوام کے درمیان بہتر تال میل بنائے رکھنا ہے۔