اگنی ویربھرتی کی خواہشمند خواتین کیلئے پری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

محمد تسکین

بانہال// فوج کی طرف سے بانہال میں اگنی پتھ سکیم کے تحت اگنی ویر کے طور پر داخلہ لینے کی خواہشمند خواتین کیلئے پری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا۔ اس کیمپ میں فوج کو سب ضلع ہسپتال بانہال کا تعاون حاصل تھا۔بانہال میں بارہ راشٹریہ رائفلز کے بٹالین ہیڈکوارٹر پر منعقد اس میڈیکل کیمپ میں سولہ لڑکیوں نے شرکت کی جو جائز روزگار اور ملک کی خدمت کیلئے فوج میں شمولیت کی خواہاں ہیں۔ تقریب کے دوران خواہشمند خواتین کا مثبت ردعمل اور شرکت فوج اور عوام کے درمیان مضبوط رشتوں کی عکاسی کرتی ہے۔ فوج کی طرف سے یہ کیمپ خواتین کو با اختیار بنانے کے جاری مشن کے مقصد سے منعقد کیا گیا جس میں خواتین کی طرف سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔لوگوں نے خواتین کیلئے اگنی ویر میں برتی کی خواہشمند خواتین کیلئے کئے جارہے فوج کے اقدامات کی سراہنا کی ہے۔ کئی خواہشمند خواتین نے بتایا کہ وہ فوج میں جاکر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور فوج میں بھرتی کیلئے خواہشمند خواتین میں پائی گئی کمیوں اور غلطیوں کو دور کرنے میں فوج کی طرف سے ان کی تربیت اور پری میڈیکل کیمپ ان کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔