اڈیسہ ریل حادثہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے کئی اجلاس

Computer generated image - Search For Solution

یو این آئی

نئی دہلی// اڈیسہ میں ریل حادثے کی تحقیقات شروع ہونے کے بعد ریلوے بورڈ نے منگل کے روز پورے ریل نیٹ ورک میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے کئی میٹنگیں کیں اور شام کو ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے تمام زونل جنرل منیجروں اور ڈویژنل ریلوے منیجروں کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کریں گے ۔صبح سے ہی ریلوے بورڈ کے ممبران کا طویل اجلاس جاری تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں ریلوے نیٹ ورک میں حفاظت سے متعلق موضوعات پر گہرائی سے بات چیت ہوئی۔

 

 

ان میں سب سے اہم سگنل اور ٹیلی کام سسٹمز اور ٹریک مینٹیننس کے مسائل شامل تھے ۔ ریلوے کو جن موجودہ حفاظتی مسائل کا سامنا ہے ان میں پورے ریلوے نیٹ ورک اور ٹرینوں کو جلد از جلد تصادم مخالف ٹیکنیکل آرمر اور اینٹی فوگنگ آلات سے لیس کرنا، ٹریک کی تجدید کے بقایا کام کو مکمل کرنا، حفاظت سے متعلق عہدوں کو جلد سے جلد پُر کرنا شامل ہے ۔اس میٹنگ میں ٹرین حادثے کی تحقیقات سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو سونپے جانے کے بعد ریلوے اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے درمیان معلومات اور ڈیٹا کے تبادلے اور تعاون کے بارے میں بھی بات کی گئی۔ چونکہ اڈیشہ میں ضلع بالاسور کے بہنگا بازار اسٹیشن پر حادثہ کی الیکٹرانک انٹرلاکنگ میں خرابی بتائی گئی ہے ، اس لیے ریلے روم کی حفاظت اور اس کے معیاری آپریٹنگ پروسیجر (SOP) کی تعمیل پر زور دیا جا رہا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ریلوے بورڈ نے پیر کے روز کونکن ریلوے اور ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (DFCCIL) کے تمام زونل جنرل منیجرز اور چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹرز کو خط لکھا ہے ، جس میں انہیں سگنل سے متعلق حفاظتی کاموں کے لیے مہم چلانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔