اپنی سرکارمنتخب کرنے کا حق لوگوں کومحروم نہیں رکھا جاسکتا، ریاستی درجہ کی بحالی لازمی:بخاری

نیوز ڈیسک

سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے جموں کشمیر میں فوری انتخابات کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ریاستی درجے کی بحالی اور ایک جمہوری حکومت چننے کا اپنا اختیار چاہتے ہیں۔وہ ٹنگمرگ علاقے کے کھئی پورہ میں جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ بخاری نے جموں کشمیر میں فوری انتخابات کے انعقاد کی مانگ کرتے ہوئے کہا، عوام کو انکے حق یعنی اپنی حکومت خود چننے کے اختیار سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا، اپنی پارٹی کی عوامی رابطہ مہم کے دوران محسوس کیا گیا کہ لوگ شدت سے یہاں ایک جمہوری حکومت کا قیام چاہتے ہیں۔انہوںنے جموں کشمیر کے بارے میں اپنے ایجنڈے اور وژن کو بیان کرتے ہوئے کہا، ہم عوام کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنانا چاہتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ اس خواب کو کیسے شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔

 

عوام کا سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار ہوجانے کے نتیجے میں جموں کشمیر اور یہاں کے عوام بالخصوص نوجوانوں کو وہ سب کچھ حاصل ہوگا، جو انہیں ملنا چاہیے۔ بخاری نے کہا، اگر ہمیں عوامی مینڈیٹ حاصل ہوجاتا ہے تو ہم یہ بات یقینی بنائیں گے کہ معاشی فوائد یہاں کے ہر فرد تک پہنچیں۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ اپنی پارٹی جموں کشمیر اور اس کے عوام کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔جموں کشمیر کے سیاسی خانوادوں کو لتاڑتے ہوئے بخاری نے کہا، جن سیاسی خاندانوں نے برسوں اور دہائیوں تک یہاں راج کیا ، وہ اب بھی اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے معصوم عوام کو بے وقوف بنانے پر تلی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا، روایتی سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈران نے یہاں 1947 سے ہی عوام کا استحصال کرنا شروع کردیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا، پہلے یہاں صرف ایک سیاسی خاندان ہوا کرتا تھا، لیکن اب یہاں دو ایسے خاندان ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ہم پیالہ و ہم نوالہ بنے ہوئے ہیں۔ اب انہوں نے ایک اتحادقائم کرلیا ہے اور لوگوں کو یہ کہہ کر بے وقوف بنایا جارہا ہے کہ وہ دفعہ 370 کو واپس لے آئیں گے۔