آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد

سمت بھارگو
راجوری//سرحدی ضلع راجوری کے گھمبیر مغلاں علاقہ میں ایک تلاشی مہم کے دوران سیوکرٹی فورسز نے پرانا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا ۔ذرائع نے بتایا کہ گھمبیرمغلاں گائوں کے ہٹن سیری علاقہ میں سیکورٹی فورسز نے پرانا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے جو ممکنہ طور پر اس علاقے میں برسوں پہلے رکھا گیا تھا۔عہدیداروں نے بتایا کہ منجاکوٹ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے گھمبیر مغلاں کے ہٹن سیری اور ملحقہ علاقوں میں فورسز کے ذریعہ تلاشی مہم شروع کی گئی۔اس کارروائی کے دوران پرانا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جس میں ایک پستول، ایک پستول کا میگزین، پستول کی کچھ گولیاں اور 28 اے کے گولیاں شامل ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ منجاکوٹ پولیس اسٹیشن میں نوٹس لینے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

 

شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج نے نوشہرہ میںرائفل مین کلونت راج کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔فوج کی جانب سے جاری شدہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملکی حفاظت و خدمت کے دوران شہید ہوئے کلو نت راج کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دبڑ گائو ں میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مرحوم کے اہل خانہ کیساتھ ساتھ علاقہ کے معززین اور فوجی آفیسران و اہلکاروں نے بھی شرکت کی ہے ۔غور طلب ہے کہ کلونت راج سیا چن گلیشئر کی برفیلی پہاڑوں پر لڑائی کے دوران اپنی جان کی قربانی د ی تھی ۔نوشہرہ تحصیل میں ان کے آبائی سرحدی گاؤں دبڑ پوٹھہ میںبنائی گئی یاد گارپر تقریب کے دوران مقامی معززین نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ملک کیلئے قربانی دینے والوں کو مذکورہ نوعیت کی خراج عقید ت پیش کرنا فوج کی ایک بہترین کوشش کیساتھ ساتھ آپسی یکجہتی کو ظاہر کرتا ہے ۔

 

نوشہرہ میں منشیات پر بیداری پروگرام کا انعقاد
رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ میں فوج کی جانب سے منشیات کے مضر اثرات کے سلسلہ میں ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران فوجی آفیسران نے نوجوانوں کو منشیات کے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔اپنے خطاب میں فوجی ماہرین نے کہاکہ اس وقت میں دیگر سماجی برائیوں کیساتھ ساتھ منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان انسانی جانوں و والدین کیلئے خطرہ بن گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر دوسرے اور تیسرا نوجوان منشیات کی جانب راغب ہورہا ہے جوکہ لمحہ فکریہ بھی ہے ۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ منشیات سے دور رہیں جبکہ انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی بچوں کو منشیات و دیگر غیر قانونی کاموں سے دور رکھیں ۔

سائیں الہٰی بخش کا سالانہ عرس منایا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں سائیں الہٰی بخش کا سالانہ عرس انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا جس میں مینڈھر سب ڈویژن کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں سے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔بالاکوٹ کے سٹالی چیڑ علاقہ میں قائم زیارت ہندوپاک حدمتارکہ کے بالکل صفر لائن پر ہے جہاں پر عقید ت مندو ں کی حاضری سخت سیکورٹی جانچ کے بعد ہی ممکن ہو سکتی ہے ۔عرس میں معززین کیساتھ ساتھ علماء و مذہبی سکالروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ دینی تعلیم کو عام کرنے کیلئے اپنے بچوں کو دین کی جانب راغب کریں ۔اس دوران ملکی اور جموں وکشمیر تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔

 

 

راجوری میں’ بیل دوڑ‘ مقابلے کا انعقاد
سمت بھارگو
راجوری//صدیوں پرانی روایت کے ایک حصے کے طور پر راجوری قصبہ کے ٹھوڈی چپڑیان علاقے کے کسانوں نے دھان کے کھیتوں میں بیلوں کی دوڑ کا اہتمام کیا۔بیلوں کی اس دوڑ کو دیکھنے کے لئے ہزاروں افراد موقع پر جمع تھے جبکہ مقابلے میں شرکت کے لئے بیلوں کے کئی درجن جوڑے بنائے گئے تھے۔اس تقریب کے منتظم منشی خان نے کہا کہ بیلوں کی دوڑ خطے کی صدیوں پرانی روایت ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہوتی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’’ہم ہر سال اس ریس کا انعقاد کرتے ہیں جس کا مقصد ہماری صدیوں پرانی روایت کو جاری رکھنا ہے ۔آرگنائزر نے مزید بتایا کہ ضلع بھر سے درجنوں بیل مالکان نے مقابلے میں حصہ لیا اور جیت درج کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کوششیں کی ۔اسی طرح کی ایک تقریب ڈھونگی میں بھی متعلقہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ممبر نے منعقد کی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

ڈائٹ میں اساتذہ کیلئے منعقدہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //ڈائٹ راجوری کے زیر اہتمام ’تعمیری تدریس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکھنے‘ پر اساتذہ کا تین روزہ آن لائن پروفیشنل ڈیو لپمنٹ ٹریننگ پروگرام25 جون 2022 کو اختتام پذیر ہوا۔ یہ پروگرام ٹاٹا انسٹی چیوٹ آف سوشل سائنسز، یونیسیف انڈیا اور جے اینڈ کے ایس سی ای آر ٹی کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ قبل ازیں ورکشاپ کا افتتاح ڈائٹ کی پرنسپل حمیدہ بیگم نے 23 جون کو کیا تھااور شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ نئے تکنیکی آلات سیکھیں تاکہ تدریس اور سیکھنے کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ٹاٹا انسٹی چیوٹ آف سوشل سائنسز (TISS) سے تربیت یافتہ انامیکا، تبسم مرزا، شلپا، عمران خان، محمد ایاز رینہ اور رنجیت کمار پر مشتمل چھ ماسٹر ٹرینرز نے شرکاء سے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اختتامی دن، پہلا سیشن تبسم مرزا نے سنبھالا جس میں انہوں نے ریاضی اور سماجی علوم کی تعلیم میں استعمال ہونے والے مختلف ڈیجیٹل ٹولز پر تبادلہ خیال کیا اور دوسرے سیشن میں محمد ایاز رینہ نے 5E لیسن پلاننگ میں مختلف آئی سی ٹی ٹولز کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا۔ اختتامی تقریب میں، پرنسپل ڈائٹ حمیدہ بیگم نے اپنے خطاب میں تربیت حاصل کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان تین دنوں میں جو کچھ بھی سیکھا ہے اسے اپنے کلاس رومز میں لاگو کریں تاکہ طلباء برادری مستفید ہو سکے۔ تربیتی پروگرام میں ضلع کے پندرہ تعلیمی زونز سے لائے گئے تمام پچپن اساتذہ نے حصہ لیا۔

درہال میں منشیات کے استعمال پر تقریب کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //منشیات کے استعمال اور ناجائز سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر تحصیل درہال میں محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر درہال شاہد ممتاز نے اس لعنت سے لڑنے کیلئے محکمہ کی جانب سے کئے گئے مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔حکومت ہند کی سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارت پہلے ہی ہندوستان کے 272 سب سے زیادہ کمزور اضلاع میں منشیات کی مانگ میں کمی کی مہم چلا رہی ہے اور راجوری ضلع بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ ہندوستان کو نشا مکت بنانے کیلئے محکمہ 2020 سے مختلف مقامات پر بیداری کیمپ لگا رہا ہے۔ علاقے کی تمام پنچایتوں کو نشہ مکت بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔گورنمنٹ مڈل سکول کھوریوالی پنچایت بڑی درہال اے میں ایک آگاہی کم انٹریکشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں اور پنچایتی اراکین وطلباء نے شرکت کی۔ اس کے بعد تھانہ منگ بی پنچایت میں گھر گھر مہم چلائی گئی۔ آخر میں درہال مارکیٹ کے تاجروں اور دکانداروں کو منشیات کے مضر اثرات پر مبنی پمفلٹ فراہم کئے گئے۔ انہیں منشیات کے استعمال کے نفسیاتی جسمانی جذباتی ذہنی سماجی اور معاشی اثرات کے بارے میں بھی بریف کیا گیا جس سے فرد اور معاشرے پر بڑے پیمانے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

 

ساوجیاں ہائر سکینڈری میں والی بال ٹورنامنٹ منعقد
عشرت حسین بٹ
منڈی//’’منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن‘‘ کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ پولیس پونچھ نے ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں کے تعاون سے والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں کل پانچ ٹیموں نے حصہ لیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کارتک رینہ انچارج پولیس چوکی ساوجیاں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ جس میں سینکڑوں نوجوانوں کی شرکت ہوئی، منشیات کے استعمال کے خلاف پولیس کی جاری بیداری مہم کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ منشیات کے بڑھتے ہوئے بدسلوکی کے واقعات اور نوعمروں کے جرائم سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے عوام بالخصوص والدین سے اپیل کی کہ اگر ان کے گھروں یا اردگرد کے لوگ منشیات میں ملوث ہوں تو پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس ان کی مدد کرے گی اور بحالی مرکز میں مناسب اقدامات کرے گی۔ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں ٹیم-اے نے خان کلب کھیت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 2000 روپے نقد کی انعامی رقم اور والی بال دی گئی۔ رنر اپ خان کلب کھیت کو 1000 روپے کی انعامی رقم اور رنر اپ ٹرافی بھی ملی۔ اشتیاق احمد کے طالب علم ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پرنسپل اور اسٹاف ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول ساوجیاں نے ایس ایس پی پونچھ روہت کاسگوترا اور ان کی ٹیم کا سماجی بیداری کے مقصد سے ایسے پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

کھڑی کرماڑہ مواصلاتی نظام سے محروم | صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ،انتظامیہ سے توجہ کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کادورافتاہ اور سرحدی علاقہ کھڑی کرماڑہ کی عوام دورجدید میں بھی مواصلاتی سہولیات سے محرومی سے دوچار ہے۔ علاقہ میں مواصلاتی نظام فراہم نہ ہونے کے سبب لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ میں نہ تو بی ایس این ایل اپنی خدمات انجام دے رہی ہے نہ کوئی دوسری کمپنی وہاں سروس فراہم کر رہی ہے جس کے سبب لوگ ضلع و ریاست کے دیگر لوگوں سے جڑے رہتے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں مواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے بچے دور جدید کی ٹیکنا لوجی سے مستفید نہیں ہو پاتے۔انہوں نے کہا اس سے قبل بھی وہ کئی بار مطالبہ کر چکے ہیں۔لیکن انتظامیہ غفلت کی نیند سوئی ہوئی ہے جس کا خمیازہ مقامی آبادی کو بھگتناپڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان کے رشتہ دار جموں کے اسپتال میں زیر علاج ہیں ،وہ ان سے رابطہ کرنے لاکھ کوشش کررہے ہیں تاکہ ان کی خیروعافیت پوچھی جاسکے لیکن ان سے رابطہ نہیں ہوا اور انہیں مجبور ہوکر گھر سے پونچھ جاناپڑتاہے۔انہوں نے کہا اگرچہ علاقہ کے لوگوں کے ساتھ سابقہ حکمرانوں و انتظامیہ کے آفیسران نے یہ وعدے کئے کہ علاقے میں بہتر مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی لیکن ان پر عمل نہیں ہوا۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر و ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ کھڑی کرماڑہ میں مواصلاتی خدمات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔

منشیات مخالف عالمی د ن پر ریلی کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ//ضلع لیگل سروس اتھارٹی پونچھ کی جانب سے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس پونچھ سے منشیات مخالف عالمی دن پر ریلی برآمد کی گئی۔ ریلی کورٹ کمپلیکس سے شروع ہو کر اسپورٹ سٹیڈیم پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔ جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی کی رہنمائی میں چیئرمین ضلع لیگل سروس اتھارٹی اشوک کمار شاون اور سیکرٹری ضلع لیگل سروس اتھارٹی وجاہت حسین کاظمی پونچھ کی نگرانی میں منعقد اس پروگرام میں مختلف اسکولوں کے تقریباً 80 طلباء نے حصہ لیا۔ اس دوران سیکرٹری ضلع لیگل سروس اتھارٹی وجاہت حسین کاظمی نے منشیات کے استعمال کے خطرات پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں ڈی ایل ایس اے اور پی ایل وی کا عملہ بھی موجود تھا۔

جموں وکشمیر ٹیچر ایسوسی ایشن پونچھ کا اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//جے کے ٹیچر ایسوسی ایشن (جے کے ٹی اے)اور آل انڈیا پنشن بحالی متحدہ محاذ (اے آئی پی آر یو ایف) کی جانب سے ایمپوریم ہوٹل پونچھ میں ایک روزہ کانفرنس منعقد کی گئی جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے ضلع صدر اسحاق خیال نے کی۔ اس موقعہ پر تنظیم کے یوٹی صدر /قومی کنوینر آل انڈیا پنشن بحالی متحدہ محاذبھوپندر سنگھ مہمان خصوصی تھے۔ اس کے دوران اساتذہ کو درپیش مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا بعدازاں مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے پرانی پنشن سکیم کو بحال کرنے، ریٹ سکیم کے تحت تعیناتی کرنے اور اساتذہ کے حق میں ٹرانسفر پالیسی لاگو اگو نے کا مطالبہ کیا۔ اس اجلاس کے حوالے سے تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے سنیل سلاریہ یو ٹی کوآرڈی نیٹر جموں کشمیر ٹیچرز ایسوسی ایشن میں نے کہا کہ اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل آوری کے لئے ان کی ایسوسی ایشن بھرپور کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کا دورہ بھی انہوں نے اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے لئے کیا ہے تاکہ اساتذہ اپنے مسائل سرکار کے سامنے رکھ کر ان کو فوری طور پر پورا کروا سکے۔