آزادی کاامرت مہاتسو نشاط میں وسیع اراضی پر’ چنار زار ‘بنانے کا منصوبہ|| 400کنال رقبے پر300بوٹے لگائے جائیں گے

سرینگر//آزادی کاامرت مہاتسومنانے کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ سرینگرنے وادی کشمیرمیں چنار کے درختوں کی ایک بڑی پارک ’چنارزار‘زبرون پہاڑیوں کے دامن میں یہاںقائم کرنے کاقدم اُٹھایا ہے۔400کنال اراضی پرپھیلے چنارزار کوخاص طور سے گرین زون کے طور ترقی دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کی اس طرف راغب کیاجائے ۔15اگست کوآزادی کے75برس مکمل ہونے پر یہاں75چنارکے بوٹے لگائے جائیں گے ۔اس سلسلے میں پیرکوڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجازاسدنے نشاط کادورہ کیا اور چنارزار قائم کرنے کے مقام کامعائنہ کیا۔قابل ذکر ہے کہ ڈپٹی کمشنرسرینگر نے ہی چندماہ قبل چنارزار قائم کرنے کامنصوبہ پیش کیاتھا۔

 

اس موقعہ پرڈپٹی کمشنر نے ڈی ایف او اربن کوسٹی فارسٹ پروگرام کے تحت لازمی اقدام کرنے اور طویل المدتی پرجیکٹ رپورٹ بنانے کی ہدایت دی۔چنارزار کاتزئین وآرائش اور رابطہ سڑک کی تعمیرمحکمہ تعمیرات عامہ،باغبانی اور اربن فارسٹری شعبہ کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ چنار کے بوٹوں کی شجرکاری شروع کریں اورانہیں ٹری گارڈس کے ذریعے قلیل المدتی تحفظ فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ 15اگست کو کم سے کم75 چنار کے بوٹے لگائے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام لائن محکموں کو تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت بھی دی اورکم سے کم وقت میں اس مایہ ناز منصوبے کومکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ چنار کادرخت کشمیر کی شان ہے اور ایک زندہ جاوید وراثت ہے اورکشمیر کی تاریخ میں اس کاکافی تمدنی وقارہے۔انہوں نے کہاکہ نشاط بالا میں چنارزار قائم کئے جانے سے اس علاقہ کی خوبصوتی میں چارچاند لگ جائیں گے۔