آرونی کولگام میں تصادم| 2مقامی ملی ٹینٹ ہلاک ڈوڈہ میں ایک نوجوان اسلحہ و گولہ بارود سمیت گرفتار

خالد جاوید

کولگام // ہیر گنڈ چھل آرونی گائوں میں ایک خونریز تصادم آرائی کے دوران 2ملی ٹینٹ مارے گئے۔پولیس نے بتایا کہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے، مذکورہ علاقے میں پولیس، فسٹ آر آر اور23بٹالین سی آر پی ایف کی طرف سے دن کے قریب ڈیڑھ بجے مشترکہ محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران، مشترکہ تلاشی پارٹی جب مشتبہ جگہ کے قریب پہنچی تو یہاںچھپے ملی ٹینٹوں نے تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کا موثر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہوگیا۔ تاہم تصادم کی جگہ کے ارد گرد پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے مشترکہ ٹیم نے تمام شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کو یقینی بنایا۔ تصادم میں لشکر طیبہ کے 2 مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے اور ان کی لاشیں انکائونٹر کے مقام سے برآمد کی گئیں۔

 

ان کی شناخت زبیر احمد میر ساکن کیموہ کولگام اور ادریس احمد ڈار ساکن کولپورہ کولگام کے طور پر ہوئی ۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق مارے گئے دونوں ملی ٹینٹ دہشت گردی کے کئی مقدمات میں ملوث تھے جن میں پولیس/سیکورٹی فورسز پر حملے اور پی آر آئی کے قتل سمیت شہریوں پر مظالم شامل تھے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ زبیر احمد میر اگست 2021 سے سرگرم تھا اور دہشت گرد ادریس احمد سمیت بھونڈے نوجوانوں کو دہشت گردی کے گروہوں میں شامل ہونے کے لیے بھرتی اور ترغیب دے کر دہشت گردی کو بحال کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ اویس اپریل کے مہینے میں سرگرم ہوا تھا۔انکانٹر کے مقام سے مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

 

برآمد ہونے والے تمام سامان کو مزید تفتیش کے لیے کیس ریکارڈ میں لے لیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پولیس نے گائوں کے ایک شخص ریاض احمد تانترے کو حراست میں لیا ہے جس پر شبہ ہے کہ ملی ٹینٹوں نے اسکے مکان میں پناہ لی تھی۔ ادھرپولیس ذرائع نے بتایاکہ ماہ جون میں مارے گئے ملی ٹینٹوںکی تعداد40ہوگئی ہے جبکہ رواں سال ہوئی تصادم آرائیوںکے دوران33غیر ملکیوںسمیت 120ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ گزشتہ برس اس مدت کے دوران 2غیرملکیوں سمیت55ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے تھے ۔ادھر پولیس نے ضلع ڈوڈہ میں ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ جنگجو کو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا کام سونپا گیا تھا اور اس کی تحویل سے اسلحہ وگولہ بارود بر آمد کیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت فرید احمد ولد غلام حسن ساکن کوٹی ڈوڈہ کے بطور کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ کی تحویل سے ایک چینی پستول، 2 میگزین،41 گولیاں اور ایک موبائل فون بر آمد کیا گیا۔موصوف ترجمان نے کہا کہ فرید احمد سرحد پار مقیم جنگجو کمانڈروں کے ساتھ رابطے میں تھا۔

 

جموں میں بین الاقوامی
سرحد پردر انداز کو مارا گیا
یو این آئی

جموں// جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحدی پر بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) اہلکاروں نے پیر کی علی الصبح ایک در انداز کو ہلاک کیا۔پولیس نے بتایا کہ جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بقر پور آؤٹ پوسٹ کے نزدیک بی ایس اہلکاروں نے پیر کی علی الصبح قریب چار بجے ایک در انداز کی نقل و حمل دیکھی۔انہوں نے کہا کہ نقل وحمل دیکھتے ہی سیکورٹی اہلکاروں نے اس پر گولیاں بر سائیں۔ان کا کہنا تھا کہ در انداز کی لاش تار بندی کے نزدیک پڑی ہوئی ہے اور اس دوران پولیس کی ایک پارٹی بھی جائے موقع پر پہنچ گئی ہے۔