آئی ٹی آئی گریز کے ایڈمنسٹریٹیوبلاک کا افتتاح

بانڈی پورہ//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے گورنمنٹ اِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ گریز بانڈی پورہ کے ایڈمنسٹریٹیو اور ورکشاپ بلاک کا اِفتتاح کیا۔اِس موقع پر ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سدرشن کمار، ایس ڈی ایم گریز ، سپر اِنٹنڈنٹ آئی ٹی آئی ، دیگر سینئر اَفسران اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔اِس موقع پر اَفسران نے جانکاری دی کہ ایڈمنسٹریٹیو کم ورکشاپ بلاک کی پروجیکٹ لاگت 296.97لاکھ روپے تھی جس میں سے 266.70لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ڈاکٹر سامون نے اِس موقعہ پر سکل کورسوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اورمختلف سرکاری سکیموں سے فائدہ اُٹھائیں۔اُنہوں نے کہا کہ سکل کورسز طلبا ء کو خود کفیل بننے اور موجودہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی کی دُنیا میں مقابلہ کرنے کے قابل بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نوجوانوں کو تمام سہولیت ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے تاکہ ان کا مستقبل بہتر ہوسکے۔اُنہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے آئی ٹی آئی گریز میں بی کیپنگ ، الیکٹریشن ، کار پینٹر اور دیگر سمیت نئی تجارتیں متعارف کی جائیں گی ۔پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ موسم سرما کے موسم میں محکمہ سیاحت کے تعاون سے آئی ٹی آئی کے طلباء کے لئے سرمائی کھیلوں کے حصے کے طور پر سکینگ کورس کرائیں۔انہوں نے کمپیوٹر لیبارٹری کو بڑھانے کے لئے آئی ٹی آئی گریز کو کمپیوٹروں کی منظور ی بھی دی۔بعد میں ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے ڈاک بنگلو گریز میں ضلعی اور سیکٹورل اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ محکموں اور عمل درآمد کرانے والے اِداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کا کام موسم سرما شروع ہونے سے پہلے مکمل کریں۔انہوں نے مختلف محکموں کے سربراہوں کو سرمائی موسم میں تمام ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔