آئینی اصلاحات سے جموں و کشمیر میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا:آر ایس ایس

جموں// اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حالیہ آئینی اصلاحات نے جموں و کشمیر میں ترقی اور امن کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ساہ-سرکاریواہ نے بدھ کو کہا کہ جموںوکشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آئینی اصلاحات کے بعد کشمیر اور لداخ میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔جموں میں وجے دشمی کے موقع پر سویم سیوکوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کرشنا گوپال نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ ادیبوں اور مفکرین کی سرزمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشپ رشی کے زمانے سے لے کر آج تک جموں و کشمیر کی 5000-6000 سال پرانی تاریخ ہے۔انکاکہناتھاکہ جموں و کشمیر اب آئینی اصلاحات کے بعد اپنی پرانی تاریخ کا ایک اور باب لکھ رہا ہے۔ڈاکٹر کرشنا گوپال نے وید مندر گراؤنڈ امپھالہ میں جموں مہانگر کے وجے دشمی تقریب سے خطاب کیا۔ڈاکٹر کرشنا گوپال نے وجے دشمی سے جڑے تاریخی واقعات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وجے دشمی برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت ہے۔ بری طاقتوں اور مہذب طاقتوں کے درمیان تصادم بارہا ہے، لیکن برائی بنیادی طور پر طاقتور نظر آتی ہے کیونکہ مثبت قوتوں کو متحد کرنا ہمیشہ مشکل رہا ہے۔آر ایس ایس کی تشکیل کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ہیجوارنے 1925 میں ناگپور میں وجے دشمی کے دن آر ایس ایس کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ 1925 میں اپنے قیام کے بعد سے ہندو سماج کو مستحکم کرنے اور اس طرح قوم کے لیے خوشحالی کے شاندار دور کا آغاز کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے۔ساہ سرکاریاواہ نے سویم سیوکوں پر زور دیا کہ وہ سماج کے تمام طبقات تک پہنچیں اور تمام قسم کے امتیازات کو ختم کریں۔ ایسا معاشرہ پوری دنیا کے لیے مشعل راہ ہوگا جو ہم آہنگی کے مختلف مسائل سے نبرد آزما ہے۔ڈاکٹر کرشنا گوپال نے کہا کہ ہمارا عزم ابدی ہے کہ ہندوستان ایک ہندو راشٹر ہے۔ انہوں نے کہا اور نشاندہی کی کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ملک میں سینکڑوں بولیوں، زبانوں اور تنوع کے باوجود، بھارت ایک ہے اور ہندوتوا ایک ہے۔ ڈاکٹر کرشن گوپال نے کہا کہ صرف ہندو فلسفہ کہتا ہے کہ خدا ہمہ گیر ہے، زمین ایک ہے اور ہم سب اس کے بچے ہیں۔ ڈاکٹر کرشنا گوپال نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معاندانہ تعلقات کے باوجود ہمارے وزیر اعظم نے اس وقت ہمارے پڑوسی ملک کو گندم بھیجنے کی پیشکش کی جب پاکستان میں گندم کی قلت تھی۔