اُون کی خریداری 4سال سے بند،بھیڑپالن صنعت بھاری نقصان سے دوچار قیمت 140روپے سے محض20روپے،پھربھی کوئی خریدارنہیں

نیوز ڈیسک

سری نگر//اگرچہ حکومت نے حالیہ کچھ برسوںمیں محکمہ بھیڑ پالن کوفروغ دینے کیلئے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں ،لیکن ابھی بھی جموں وکشمیر بالخصوص کشمیروادی میں درکار بھیڑ بکریوں کے گوشت کی طلب ورسد میں ابھی بھی واضح فرق موجودہے ۔بھیڑ پالن سے جڑے مختلف طبقوں بشمول چرواہوں،بکروالوں اور نجی شیپ فارم چلانے والوں کیلئے آمدن کاایک اہم ذریعہ سکڑ گیاہے ،کیونکہ حالیہ کچھ برسوں سے نہ صرف یہ کہ بھیڑوںکے اون کی قیمت 2019کی140روپے فی کلوگرام سے گھٹ کر محض 20 سے 30 روپے رہ گئی ہے ،بلکہ کوئی خریدار نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں کوئنٹل خام اون متعلقین کے گھروںمیں سڑرہاہے ۔

 

 

ہلمت پورہ کپوارہ کے سیف اللہ خان نے کہاکہ اس سرحدی ضلع میں سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں لوگ مویشی پالن پرہی انحصار کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میرے اپنے گھرمیں تقریباًڈیڑھ کوئنٹل خام اون کئی برسوں سے پڑاپڑا سڑرہاہے ۔سیف اللہ خان کاکہناتھاکہ مویشی پالن پرانحصار کرنے والوں کیلئے یہ ایک بڑا دھچکاہے کہ اب کوئی اُن سے اون خریدنے کو تیار نہیں ،اورنہ متعلقہ طبقے کے لوگ برائے نام قیمت پراپنے بھیڑوںکا اون فروخت کرنے کوتیار ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے سال2018میں اُسوقت کے متعلقہ کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر اصغرحسن سامون کی نوٹس میں اون کی گرتی قیمتوںکا معاملہ لایاتھا،اورانہوںنے اس بارے میں کچھ یقین دہانی بھی کرائی تھی ،لیکن کچھ نہیں ہوا۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیروول بورڈنے بھی اون کی خریداری بند کردی ہے ۔جموں اور کشمیروادی میں1942 میں 11.34 لاکھ بھیڑوں کی آبادی کے ساتھ70 لاکھ کلوگرام اون کی سالانہ پیداوار تھی۔ دسمبر 2022 میں کشمیر میں 19لاکھ 12 ہزار 611 بھیڑوں کی آبادی تھی۔ ضلع بارہمولہ میں 11500 پالنے والوں کے ساتھ بھیڑوںکی تعدادیاآبادی2.86لاکھ تھی ،اور لاکھوںکلو گرام اون کی پیداوارتھی۔ چرواہوں،بکروالوں اور نجی شیپ فارم چلانے والوں کو ایک کلو اون کیلئے20سے30 روپے مل رہے ہیں،جوکافی کم ہے ۔اُدھر 2019کے آخر سے تقریباً 700ہزار کلو گرام خام اون ریاستی حکومت کے وول بورڈ کے پاس پڑا ہے اور اس لئے حکومت نے اس مدت کے دوران اون کی کوئی نئی خریداری نہیں کی ہے۔اعلیٰ درجے کی اون کی قیمت، جو 2019 میں 140 روپے فی کلو گرام پر فروخت ہو رہی تھی، 2020 میں گر کر45 روپے فی کلو گرام رہ گئی،اوراب اون فی کلوگرام کی قیمت محض20سے30روپے ہے۔ سال2020 جموں و کشمیر اون بورڈ نے اپنے اسٹاک کو روکنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد 3 سال ہو گئے ہیں لیکن بھیڑوں کے اون کی نرخوں میں کوئی بہتری نہیں آئی۔جموں وکشمیر وول( اون) بورڈ نے مارچ 2021 میں حکومت کو سفارشات بھیجیں کہ وہ جو بھی ریٹ مل رہے ہیں اس پر اسٹاک کو ٹھکانے لگایا جائے۔متعلقہ حکام نے بتایاکہ عالمی سطح پر قیمتیں ہمارے مقابلے ہندوستان میں بہت بہتر ہیں کیونکہ فی الحال خاص طور پر جموں و کشمیر میں ہم خام مال کو پروسیس کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔