اَتل ڈولو کا آر ایس پورہ میں میگا فروٹ پلانٹ نرسری اور چکروئی کا دورہ

جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے پیر کے روز میگا فروٹ پلانٹ نرسری ، چکروئی اور آر ایس پورہ کا دورہ کیا۔ محکمہ کی تاریخ میں یہاں تیا ر کی جانے والی میگا نرسری اَپنی نوعیت کی پہلی نرسری ہوگی جو خصوصی طور پر ہائی ڈینسٹی فروٹ پودوں کی کاشت کے لئے تیار کی جائے گی۔ یہ جموں صوبے کے ہمارے کسانوں کی ہائی ڈینسٹی فروٹ پودوں کی ضرورت کو کافی حد تک پورا کرے گا۔ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں رام سیواک نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا خیر مقدم کیا اور انہیں نرسری میں 805 کنال کے رقبے پر محیط اِس کی مجموعی ترقی کے لئے جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے بتایا کہ نرسری میں آم ، امرود ، لیچی ، لیموں وغیرہ کے ہائی ڈینسٹی فروٹ پودوں کی پیداوار کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار کی جائے گی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے ممتاز ایگری کلچر اور ہارٹی کلچر اِداروں سے مدر پلانٹس خریدے جائیں گے ۔ آنے والے برسات کے موسم میں لگائے جائیں گے۔دورے کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے لیموں کا پودا لگا کر شجرکاری کا آغاز کیا۔ اُنہوں نے معیاری پلانٹ مواد کی پیداوار کے لئے 2,000 مربع میٹر کے علاقے میں تیار کئے گئے ہائی ٹیک پولی ہائوس کا بھی اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پراُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے میگا نرسری کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے میں محکمہ کی جانب سے کئے گئے کام کو سراہا اور اَفسران پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ معیاری پلانٹ میٹریل تیار کرنے کے لئے مزید محنت اور لگن سے کام کریں تاکہ عا م کسان مستفید ہوسکیں۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر زراعت جموں ، جوائنٹ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں ، چیف ہارٹی کلچر اَفسران ، ضلعی سطح کے اَفسران ، سربراہان اور دیگر عملہ بھی موجود تھے۔