اور لوڈنگ و تیز رفتاری پر کیس درج،گاڑی ضبط ،ڈرائیور گرفتار

عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ جا ت میں گاڑیوں میں اورلوڈنگ کی مسلسل شکایت پر پولیس نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے علاقہ چھاترو کے سگدی سے ایک ایکو گاڑی کے ڈرائیور پر مقدمہ درج کیا۔پولیس نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی لوگوں کی جانب سے اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کی متعدد شکایات موصول ہورہی تھیں جن پر عمل درآمد کرتے ہوئے پولیس پوسٹ مغل میدان کی ٹیم نے مغل میدان میں ایک خصوصی ناکہ قائم کیاجس دوران ایک ایکوگاڑی زیرنمبر JK17۔ 8527، جسے یاسر حسین ولد سجاد حسین ساکنہ پہلگام سگدی چلارہا تھا،کواور لوڈنگ و تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے پایا گیا جبکہ انسانی جان کی پرواہ کے بغیر سواریاں باہر سے لٹکتی پائی گئیں۔اس پر پولیس نے اسکے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 61/2022 زیردفعہ 279,336آئی پی سی پولیس تھانہ چھاترو میں درج کرلیا۔ایس ایچ او چھاترو سمیر بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈرائیور کوگرفتار کرکے گاڑی کو ضبط کرلیا گیا ہے۔انھوں نے ڈرائیور سے تیزرفتار گاڑی چلانے اور اور لوڈنگ نہ کرنے کی اپیل کی جبکہ عوام سے بھی اورلوڈ گاڑیوں میں نہ چلنے کا مشورہ دیاتاکہ انکی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے۔