انڈونیشیا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 310 ہو گئی

جکارتہ//انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں 5.6 شدت کے زلزلے سے مرنیوالے افراد کی تعداد بڑھ کر 310 ہو گئی ہے اور 24 دیگر بدستور لاپتہ ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے سربراہ سوہاریانتو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ امدادی اہلکاروں کی جانب سے جاری سرچ آپریشن کے دوران گزشتہ روز مزید لاشیں ملی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 310 تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زلزلے سے ہونیوالی تباہی کا اندازہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ شدید متاثرہ علاقوں میں سے ایک ضلع سیانجور کی پناہ گاہوں میں متاثرین کو امداد کی فراہمی مسلسل جاری رہے گی۔سوہاریانتو نے کہا کہ زلزلے کے باعث مجموعی طور پر سکولوں کی 363 عمارتیں ، 144 عبادت گاہیں، 16 دفتری عمارتیں اور 3 مراکز صحت تباہ ہو گئے ہیں۔ایجنسی نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ زلزلے کے باعث ضلع سیانجور میں 56 ہزار 311 گھر تباہ اور 62 ہزار 545 شہری بے گھر ہو گئے ہیں۔