انسدادتجاوزات مہم اننت ناگ میں قاضی یاسر کا شاپنگ کمپلیکس منہدم

سابق وزیرکارشتہ دار بھی ناجائزقبضہ کی زمین سے ہاتھ دھوبیٹھا

اننت ناگ/عارف بلوچ /انتظامیہ نے جمعرات کی صبح جاری انسداد تجاوزات مہم کے تحت مذہبی رہنما و سابق حریت لیڈرمیرواعظ قاضی یاسر کے ایک غیر قانونی شاپنگ کمپلیکس کو منہدم کر دیاجبکہ سابق وزیرپیرزادہ غلام احمدشاہ کے رشتہ دار کے زیرقبضہ کاہچرائی اراضی پرچھڑائی گئی۔ضلع اننت ناگ کے مہندی کدل علاقے میںرہنما قاضی یاسر کے شاپنگ کمپلیکس کو مہندم کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ بشارت قیوم کی ہدایت پر میونسپل کونسل اننت ناگ اور محکمہ مال کے افسران کی ایک مشترکہ ٹیم نے مہندی کدل اننت ناگ میں واقع سینئر حریت رہنما و سابق میر وعظ قاضی احمد یاسر کے شاپنگ کمپلیکس کو منہدم کردیا تاہم کمپلیکس میں موجود دکانوں کو سیل کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ قاضی احمد یاسر اور ان کا بھائی قاضی شبلی پچھلے کئی برسوں سے نظر بند ہیں ۔نائب تحصیلدار اننت ناگ شیراز احمد نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ قصبہ اننت ناگ میں تقریبا 80 فیصد زمین پر ناجائز قبضہ کو ہٹایا گیا ہے۔ انہوں نے اننت ناگ کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس ابھی بھی سرکاری زمین موجود ہے، تو وہ از خود اس کو سرکار کے حوالے کر دے۔ انہوں نے مزید لوگوں سے تعاون کی اپیل کی کہ وہ حکومت کی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ سے اپنا تعاون پیش کرے انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے دنوں میں اس مہم میں تیزی لائی جائے گی تاکہ غیر قانونی طور پر قبضہ جات کو ہٹانے میں سو فیصد کامیابی ملے۔بااثرناجائزقابضین کے خلاف انسدادتجاوزات مہم جاری رکھتے ہوئے تحصیل قاضی گنڈ کے محکمہ مال کے حاکموں نے سابق وزیرجنگلات اورنیشنل کانفرنس کے سینئررہنماپیرزادہ غلام احمدشاہ کے نزدیکی رشتہ دار سے ناجائزطور قبضہ میں لی گئی اراضی کوچھڑایا۔تحصیل قاضی گنڈ کے کری گام میں کاہچرائی کی ایک کنال18مرلہ اراضی کوبازیاب کیاگیا۔محکمہ مال کے حاکموں کے مطابق اس اراضی پر سابق وزیر پیرزادہ غلام احمدشاہ کے قریبی رشتہ دار نے قبضہ کیاتھا۔ایک کروڑروپے مالیت کے زمین کے اس ٹکڑے کوناجائزطورہتھیالیاگیاتھااوریہ ایسے متعدداراضی کے ٹکڑوں میں سے ایک ہے جنہیں بارسوخ اراضی ہتھیالینے والوں کے ناجائزقبضے سے آزادکیاگیا۔