اندور مندر میں کنویں کا حادثہ ۔36 عقیدت مندوں کی موت، 18کو بحفاظت نکال لیا گیا

اندور//مدھیہ پردیش کے اندور کے بیلیشور مندر کے احاطے میں رام نومی کے دن باوڑی کی چھت گرنے سے ایک حادثے میں 36 عقیدت مندوں کی موت ہوگئی اور 18 زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے آج زخمیوں سے ملاقات کے ساتھ جائے حادثہ کا دورہ کیا۔رام نومی کے دن بھکت مقامی سنیہ نگر علاقے میں بیلیشور مندر میں پوجا کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ مندر کے احاطے میں ایک پرانی باوڑی تھی، جس پر چھت چڑھی ہوئی تھی۔ جمعرات کو دن 12 بجے کے قریب اچانک چھت گر گئی اور اس پر کھڑے لوگ باوڑی میں گر گئے۔ اطلاع ملتے ہی راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا گیا اور کل رات تک 13 لوگوں کی لاشیں نکالی گئیں۔ ساتھ ہی 18 لوگوں کو بحفاظت نکال کر اسپتال لے جایا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق راحت اور بچاؤ کے کاموں میں فوج کے جوانوں کی مدد بھی لی گئی اور آج صبح تک باقی 23 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی راحت اور بچاؤ کا کام مکمل ہو گیا۔ خواتین اور بچوں سمیت کل 36 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ تاہم بعض زخمیوں کا انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں علاج جاری ہے۔